مجھے یقین نہیں آرہا کہ ہم سیمی فائنل میں پہنچ چکے ہیں :سرفراز احمد

کارڈف: سری لنکا کے خلاف چیمپئنز ٹرافی کے زبردست نشیب و فراز سے گذرنے والے آر پار کے میچ میں فتح کے بعد اس جیت سے مبہوت پاکستان کے کپتان سرفراز احمد نے کہا واقعی یہ ناقابل یقین فتح تھی۔ سری لنکا کی طرف سے دیئے گئے 237 رنوں کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے ایک وقت پاکستان کے 162 رن پر سات وکٹ گر گئے تھے لیکن سرفراز نے کپتانی اننگز کھیلتے ہوئے ناٹ آؤٹ 61 رن بنائے اور اس بے حد اہم میچ میں پاکستانی ٹیم جیت حاصل کرکے سیمی فائنل میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوگئی۔ سرفراز نے میچ کے بعد کہا ”میں ابھی تک یقین نہیں کر پا رہا ہوں کہ ہم سیمی فائنل میں پہنچ گئے ہیں۔ شائقین کو ان کی بے پناہ حمایت کا تہہ دل سے شکریہ۔ میں محمد عامر کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے انتہائی دباؤ کے لمحات میں دوسرے سرے پر شاندار ساتھ دیا اور صبر کے ساتھ بلے بازی کی“۔‘..
وکٹ کیپر بلے باز نے کہا ”میں نے عامر سے کہا تھا کہ وہ ا سکور کے بارے میں فکر نہ کریں۔ وہ صرف ٹکے رہیں اور صبر و استقلال کے ساتھ بلے بازی کریں۔ میں نے ان سے کہا تھا کہ ہم اگر 40 اوور تک کھیل سکے تو میچ کا فیصلہ ہمارے حق میں ہو سکتا ہے“۔ میچ کے دوران اپنے کیچ چھوٹنے کے بارے میں سرفراز نے کہا ”کیچ گر جانا کھیل کا حصہ ہے اور اس بارے میں کچھ بھی نہیں کہا جا سکتا۔ خدا نے ہماری مدد کی اور اس لئے ہم آج سیمی فائنل میں جگہ بنانے میں کامیاب ہو سکے“۔ سرفراز کو ان کی شاندار کپتانی اننگز کیلئے مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ پاکستان کو پہلے سیمی فائنل میں 14 جون کو یہیں پر میزبان انگلینڈ کے ساتھ مقابلہ کرنا ہے جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں ہندوستان کو 15 جون کو بنگلہ دیش کے ساتھ کھیلنا ہے۔

Read all Latest sports news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from sports and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Sarfraz ahmed says this is an unbelievable feeling in Urdu | In Category: کھیل Sports Urdu News

Leave a Reply