روس نے ورلڈ کپ فٹبال کے افتتاحی میچ میں سعودی عرب کو 5-0سے شکست دی

ماسکو: فیفا ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ میں روس نے سعودی عرب کو 5-0سے شکست دے کر ورلڈ کپ کے 21ٹورنامنٹوں میں اپنا کوئی بھی پہلا میچ نہ ہارنے کا ریکارڈ برقرار رکھا۔

علاوہ ازیں 1934کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ کسی میزبان ملک کو افتتاحی میچ میں اتنے بڑے مارجن سے کامیابی حاصل ہوئی ہو۔ روس کو پہلے ہاف میں2-0کی سبقت حاصل تھی۔1934میں اٹلی نے امریکہ کو 7-1سے روندا تھا۔روس کی طرف سے پہلا گول گزینسکی نے12ویں منٹ میں سر کی جنبش سے کیا ۔مڈ فیلڈر گولووین نے ہوا میں ہی بڑا نپا تلا کراس گیزنسکی کو دیا جس نے اتنے ہی نپے تلے انداز میں گیند کو سر سے گول پوسٹ کی جانب اس انداز سے موڑا کہ وہ گول کیپر المایوف کی پہنچ سے بہت دور سے نکل کر گول پوسٹ میں جھول گئی۔

اس گول کے بعد تو روس نے میچ پر اپنی گرفت اور مضبوط کرتے ہوئے 45ویں منٹ میںدوسرا گول کر دیا۔ یہ گول متبادل کھلاڑی چیری شیف نے مڈ فیلڈر ولاریل کے پاس پر کیا۔2-0کی سبقت کے ساتھ دوسرے ہاف میں سعودی عرب نے مڈ فیلڈر عبداللہ عطیف کی جگہ فہد الموالاد کو اتارا ۔71ویں منٹ میں فارورڈ آرٹم زیوبا نے کوباکس میں کھڑا دیکھ کر مڈ فیلڈر گولووین نے فضائی کراس دیا اور زیوبا نے فوراً پوزیشن لی اورد فاعی کھلاڑی عمر حوثوی کو ہوا میں ہی مغلوب کرتے ہوئے سر کو خوبصورت انداز سے جنبش دے کر گیند کو اس طرح گول ہپوسٹ کا رخ کرایا کہ گول کیپر ہکا بکا رہ گیا۔

آخری پانچ منٹ میں روسی کھلاڑیوں نے اپنے حملوں میں مزید شدت پیدا کر دی ۔اس اثنا میں چیری شیف کو زیوبا سے پاس ملا اور چیری شیف نے اس آتی ہوئی گیند کوروک کر شاٹ کھیلنے کے بجائے باکس کے کنارے پر کھڑے کھڑے ہی اسے اپنے جوتے کے باہری حصہ سے اس خوبصورتی سے گول پوسٹ کی جانب موڑاکہ گول کیپر جب تک سنبھلتا گیند گول پوسٹ میں جا چکی تھی۔

چیری شیف کا یہ دوسرا اور ٹیم کا چوتھا گول تھا۔جس طرح پہلے ہاف کے آخری لمحات میںچیری شیف نے گول کیا تھا اسی طرح دوسرے ہاف کے آخری لمحات میں ونگر الیکزندر گولووین نے فری کک لیتے ہوئے گیند کو اس صفائی اور نپی تلی اونچائی سے مارا کہ گول روکنے کے لیے باکس کے باہر کھڑی سعودی دیوار گیند کو سر سے اوپر سے گذرنے سے نہ روک سکے اور گیند مجموعے کو5-0کرنے کے لیے سیدھی جال میں جھول گئی۔اس میچ کی خاص بات یہ رپہی کہ تین گول متبادل کھلاڑیوں نے کیے۔

Title: russia 5 0 saudi arabia world cup hosts start the party with convincing win | In Category: کھیل  ( sports )

Leave a Reply