روٹ کی سنچری تمیم کی سنچری پر بھاری پڑی اور انگلستان نے بنگلہ دیش کو 8وکٹ

لندن:میزبان انگلینڈ نے جو روٹ کی شاندار سنچری ،ایلیکس ہیلس اور کپتان ایون مورگن کی عمدہ نصف سنچریوں کی بدولت آئی سی سی چمپینز ٹرافی کے افتتاحی میچ میں جمعرات کو بنگلہ دیش کو آٹھ وکٹ سے شکست دے کر جیت کے ساتھ اپنی مہم کی شروعات کی۔ بنگلہ دیش نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 300 سے زیادہ کا اسکور بناکر انگلینڈ کو حیرت زدہ کردیا تھا لیکن میزبان ٹیم نے ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس بڑے ہدف کو آسانی سے 16 گیندیں پہلے 47.2 اوور میں دو وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ جو روٹ نے میچ میں اپنی 10 ویں سنچری مکمل کی جبکہ کپتان مورگن دوسرے سرے پر 75 رن بنا کر غیر مفتوح رہے۔دونوں کے درمیان تیسرے وکٹ کے لیے صرف 19.2 اوور میں 143 رن کی غیر مفتوح شراکت ہوئی۔ روٹ نے133رنز کی اننگز 129 گیندوں پر 11 چوکوں اور ایک چھکے پر محیط رہیجبکہ مورگن نے 61 گیندوں کی اپنی اننگز میں آٹھ چوکے اور دو چھکا لگایا۔ انگلینڈ کے 100 رن 19 ویں اوور میں، 200 رن 35 ویں اوور میں اور 300 رن 47 ویں اوور میں آئے۔. اگرچہ بڑے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے انگلینڈ نے بڑا خراب آغاز کیا اور اس نے جیسن رائے (ایک رن) کا وکٹ ٹیم کے چھ کے اسکور پر تیسرے اوور میں ہی گنوا دیا۔ جیسن کا وکٹ گرنے کے بعد ایسا لگنے لگا تھا کہ بنگلہ دیش کی ٹیم بلے بازی کی طرح گیندبازی میں بھی میزبان ٹیم پر دباؤ بنا لے گی لیکن دوسرے سلامی بلے باز ایلیکس ہیلس (95) اور جو روٹ (ناٹ آوٹ 133) نے اس تصور کو غلط ثابت کردیا۔ ہیلس اور روٹ نے اس کے بعد سنبھل کر کھیلتے ہوئے اپنی اننگز کو آگے بڑھایا اور 150 کے پار شراکت کر ڈالی۔
دونوں نے دوسرے وکٹ کے لئے 25.3 اوور میں 159 رن جوڑ کر ٹیم کو پٹری پر پہنچایا۔ اگرچہ جب ٹیم کا اسکور 28 اوور میں 165 رن پہنچا تو ہیلس شبیر رحمان کا شکار ہو کر پویلین لوٹ گئے۔ ہیلس صرف پانچ رن سے اپنی چھٹی سنچری سے چوک گئے۔ یہ ان کی نویں ون ڈے نصف سنچری تھی۔ ہیلس نے 86 گیندوں کی اپنی ذمہ دارانہ اننگز میں 11 چوکے اور دو چھکے لگائے۔ چوتھے نمبر پر اترے کپتان ایون مورگن نے روٹ کے ساتھ مل کر ذمہ داری سے کھیل کو آگے بڑھایا اور آخر تک ناٹ آؤٹ رہتے ہوئے ٹیم کو جیت دلا ئی۔ بنگلہ دیش نے میچ میں سات گیند بازوں کا استعمال کیا لیکن وہ انگلینڈ کو جیت حاصل کرنے سے نہیں روک پائے۔ مشرف مرتضی کو 56 رن پر ایک وکٹ اور شبیر رحمن کو 13 رن پر ایک وکٹ ملا۔ اس سے قبل سلامی بلے باز تمیم اقبال (128) کی بہترین سنچری سے بنگلہ دیش نے انگلینڈ کے خلاف چھ وکٹ پر 305 رن کا مضبوط اسکور بنا یا تھا۔ یہ پہلی بار ہے جب بنگلہ دیش نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے انگلینڈ کے خلاف 280 سے اوپر کا اسکور بنایا ہے۔بنگلہ دیش نے ایشیا کے باہر تیسری بار 280 کے اوپر کا اسکور بنایا ہے۔تمیم نے اپنی نویں سنچری بنائی۔ تمیم نے انگلینڈ کے خلاف کسی بنگلہ دیشی بلے باز کا سب سے بہترین اسکور بھی بنایا۔تمیم کی یہ نویں ون ڈے سنچری تھی اور انہوں نے اپنی اس بہترین اننگز میں 142 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 12 چوکے اور تین چھکے لگائے۔تمیم نے مشفق الرحیم (79) کے ساتھ تیسرے وکٹ کے لئے 25.1 اوور میں 166 رن کی ساجھےداری کی جو بنگلہ دیش کی جانب سے پانچویں سب سے بڑی شراکت ہے۔ 28 سالہ تمیم نے پہلے وکٹ کے لئے سومیہ سرکار (28) کے ساتھ 12 اوور میں 56 رن اور پھر امرالقیس (19) کے ساتھ دوسرے وکٹ کے لئے 39 رن جوڑے۔
تمیم کی مشفق کے ساتھ تیسرے وکٹ کی شراکت نے بنگلہ دیش کو مضبوط پوزیشن میں پہنچا دیا۔مشفق نے اپنی 25 ویں نصف سنچری بنائی۔ انہوں نے 72 گیندوں پر 79 رن میں آٹھ چوکے لگائے۔ تمیم نے اپنے 50 رن 71 گیندوں میں اور 100 رنز 124 گیندوں پر مکمل کئے۔تمیم ٹیم کے 261 کے اسکور پر 44.3 اوور میں آوٹ ہو گئے۔تمیم کو انگلینڈ کے سب سے زیادہ کامیاب بولر لیام پلنکٹ نے وکٹ کیپر جوس بٹلر کے ہاتھوں کیچ کرایا۔ پلنکٹ نے اس کے علاوہ امرالقیس، مشفق الرحیم اور شبیر رحمان (24) کو بھی آؤٹ کیا۔ پلنکٹ نے 10 اوور میں 59 رن دے کر چار وکٹ حاصل کئے۔جیک بال کو 82 رن پر ایک وکٹ اور بین اسٹوکس کو 42 رن پر ایک وکٹ ملا۔ سومیہ سرکار نے 28 رن میں چار چوکے اور ایک چھکا، قیس نے 19 رنز میں تین چوکے، شکیب الحسن نے 10 رنز میں دو چوکے اور شبیر رحمان نے 24 رنز میں تین چوکے لگائے۔ بنگلہ دیش کے 100 رنز 21.1 اوورز میں، 200 رنز 37.1 اوورز میں اور 300 رنز 49 اوور میں پورے ہوئے۔

Read all Latest sports news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from sports and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Root ton gets england up and running in Urdu | In Category: کھیل Sports Urdu News
Tags: ,

Leave a Reply