سری لنکا کے خلاف سریز میں 1-1کی برابری ہندوستان کے لیے سریز جیتنے کا باعث بن سکتی ہے

موہالی : دھرم شالہ میں نہایت مایوس کن کارکردگی کا مظاہرہ کرکے تین ون ڈے میچوں کی سریز میں ایک صفر سے پیچھے ہوجانے کے باوجودٹیم انڈیا نے کپتان روہت شرما کی شاندار ڈبل سنچری کی مدد سے سری لنکا کو دوسرے ون ڈے میچ میں 141رنز سے شکست دے کرسریز میں زبردست واپسی کرتے ہوئے جس طرح سریز میں 1-1سے برابری حاصل کی ہے اس سے یہ یقین پیدا ہو چلا ہے کہ یہی جیت ٹیم انڈیا کے لیے سریز جیتنے کا باعث بن سکتی ہے۔
اس شاندار جیت نے ٹیم انڈیا کے تمام کھلاڑیوں کا مورال اس قدر بلند ہو گیا ہے کہ شاید سری لنکا کا ہندوستان کو اسی کی سرزمین پر پہلی بار ون ڈے میچوںکی کوئی سریز ہرانے کا وہ خواب پورا نہیں ہوسکے گا جسے پہلے ون ڈے میچ میں جیت حاصل کر کے سری لنکا نے دیکھا تھا۔ روہت شرما کی ڈبل سنچری کی مدد سے ہندوستان نے مقررہ 50اووروں میں صرف4وکٹ کے نقصان 392رنز بناکر بلے بازوں کے لیےسازگار اس پچ پر سری لنکا کو393رنز کا ہدف دیا۔
جس کا تعاقب کرتے ہوئے سری لنکا کی ٹیم50اووروں میں 8وکٹ پر248رنز ہی بنا سکی۔جس میں آل راؤنڈر اینجلو میتھیوز نے 111رنز بنائے۔انہوں نے 132گیندیں کھیلیں اور9چوکے اور تین چھکے لگائے۔سری لنکا کی طرف سے دوسرا بڑا اسکور ڈی اے گونا رتنے کا رہا جنہوں نے30گیندوں پر 5چوکوں کے ساتھ34رنز بنائے۔ٹیم انڈیا کی جانب سے چہل نے تین اور بومرا نے دو وکٹ لیے ۔جبکہ ڈیبو کھلاڑی سندر واشنگٹن ، پانڈیا اور بھونیشور کو ایک ایک وکٹ ملی۔
اس سے قبل کپتان روہت شرما کی شادار ڈبل سنچری اور ان کی پہلی وکٹ کے لیے شکھر دھون کے ساتھ115اور پھر دوسری وکٹ کے لیے سریش ایر کے ساتھ 223رنز کی پارٹنر شپ کی مدد سے ٹیم انڈیا نے مقررہ50اووروں میں 4وکٹ کے نقصان پر 392رنز بنائے۔ سری لنکا نے لگاتار دوسری بار ٹاس جیت کر یہاں بھی پہلے فیلڈنگ کرنےکا فیصلہ کیا۔لیکن اس بار اس کے بولروں کی ہندوستانی بلے بازوں نے ایک نہ چلنے دی ۔اور ابتدا میں بہت محتاط انداز سے اننگز کو آگے بڑھانے اور ساتھ ہی اسکور بورڈ کو متحرک رکھنے کی حکمت عملی کے تحت بیٹنگ کی اور جب 35اوروں میں صرف ایک وکٹ کے نقصان پر200کا ہندسہ پار کر لیاتو روہت شرما نے سری لنکائی بولروں کی خبر لینا شروع کردی۔ انہوں نے سریزمیں سب سے زیادہ پریشان کرنے والے فاسٹ بولر لکمل کو اپنا اصل نشانہ بنایا اور ان کی گیندوں پرچھکے چوکے لگا کر ان کی لائن اور لینتھ بگاڑنے کے ساتھ ساتھ ان کی بولنگ انالسس بھی خراب کر دی۔
لکمل 8اووروں میں 71رنز دے کر ایک بھی وکٹ نہ لے سکے۔روہت نے 153گیندوں پر12چھکوں اور 13چوکوں کے ساتھ208رنز بنائے اور غیر مفتوح رہے۔شکھر دھون نے 67گیندوں پر 9چوکوں کے ساتھ68اور سریش ایر نے70گیہندوں کی تیز اننگز میں9چوکوں اور دو چھکوں کے ساتھ88رنز بنائے۔اس میچ میں مہندر سنگھ دھونی کوئی کارنامہ نہیں دکھا سکے اور صرف7رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔سری لنکا کی جانب سے فرنانڈو سب سے مہگے بولر ثابت ہوئے انہوں نے 10اووروں میں106رنز دیے۔تشار پریرا 80رنز کے عوض3وکٹ لے کر کامیاب بولر رہے۔ایک وکٹ پتھی رانا کو ملی۔روہت شرما کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

Read all Latest sports news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from sports and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Rohit sharmas record double ton helps ind level series 1 1 in Urdu | In Category: کھیل Sports Urdu News

Leave a Reply