روہت شرما کی سنچری کی بدولت ہندوستان نے انگلستان کے خلاف ٹی ٹونٹی سریز 2-1 سے جیت لی

برسٹل: افتتاحی بلے باز روہت شرما کی شاندار سنچری کی مدد سے ہندوستان نے ایک بڑے اسکور والے میچ میں انگلستان کو 7وکٹ سے شکست دے کر 3ٹی ٹونٹی میچوں کی سریز 2-1سے جیت لی۔ اگرچہ199کے ہدف کے تعاقب میں ہندوستان نے پہلے اوور سے ہی بولروں کی خبر لینا شروع کر دی لیکن تیسرے اوور کی پہلی گیند پر شکھر دھون جیسے جارح بلے باز خطرناک رخ اختیار کرنے سے پہلے ہی ساتھی بلے باز روہت شرما کو داغ مفارقت دے گئے جو ہندوستانی خیمے میں کھلبلی پیدا کرنے کو کافی تھا۔ ابھی پاور پلے کا آخر اور چھٹا اوور ختم بھی نہیں ہوا تھا کہ کے ایک اہل بھی 10گیندوں پر ایک چوکے اور دو چھکوں کی مدد سے19رنز بنا کر فاسٹ بولر بال کا شکار ہو گئے۔

لیکن اس وقت تک وہ روہت کے ساتھ مل کر مڈل آرڈر کو ایک مضبوط بنیاد فراہم کر چکے تھے۔روہت کو کپتان وراٹ کوہلی کا ساتھ ملا تو ان دونوں نے انگریزبولروں کو میچ اپنے حق میں کرنے ہی نہیں دیا بلکہ بتدریج میچ کو ان کی گرفت سے نکال کر اس پر اپنی پکڑ مضبوط تر کرتے رہے ۔یہاں تک کہ دونوں نے مل کر دوتہائی منزل طے کر لی۔ 151کے مجموعے پر کپتان کوہلی کو جارڈن نے اپنی ہی گیند پر کیچ لے کر نصف سنچری سے محروم کر دیا ۔ کوہلی نے 29گیندوں پر2چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے43رنز بنائے اور روہ کے ساتھ تیسرے وکٹ کے لیے 57گیندوں پر 89رنز کا اضافہ کیا۔

کوہلی کے آؤٹ ہونے پر سریش رینا اور مہندر سنگھ دھونی کی جگہ نمبر 5پر آزمانے کے لیے ہاردک پانڈیا کو میدان میںاتار اگیا ۔ انہوں نے بھی ٹیم منجمنٹ کے فیصلہ کو 14بالوں پر 33رنز کی اننگز کھیل کر درست قرار دیا۔ اس اننگز میں پانڈیا نے دھونی انداز میں بڑے لمبے چھکے سے اختتام میچ کیا۔ پانڈیا نے چار چوکے اور دو چھکے لگائے۔ اس دوران روہت نے اپنی سنچری مکمل کر کے ٹی ٹونٹی میں تین سنچریاں بنانے والے دوسرا کھلاڑی ہونے کا اعزاز حاصل کر لیا۔اس سے قبل انگلستان نے ٹاس جیت کر چھوٹی باؤنڈریوں والے میدان پر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور اس کے افتتاحی بلے بازوں نے اننگز کا دھماکہ خیز آغاز کیا اور 12رنز کی اوسط سے9اووروں میں ہی اسکور100سے پار پہنچا دیا۔ اس دوران خطرناک بلے باز بٹلر21گیندوں پر 7چوکوں کے ساتھ34رنز بنا کر سدھارتھ کول کا شکار ہو گئے۔ اس وقت ٹیم کا اسکور94تھا اور ایسا محسوس ہو رہا تھا کہ انگلستان250کا ہندسہ پار کر جائے گا۔

لیکن 103اسکور پر جیسن رئے کوفاسٹ بولر چاہر نے 67انفرادی اسکور پر آؤٹ کر کے انگلستان کو قابو میں کرنے کی کوشش میں ساتھ دیا۔ جیسن نے 31گیندوں پر چار چوکوں اور سات چھکوں کی مدد سے67رنز بنائے۔ کپتان مورگن نے ہیلز کے ساتھ مل کر اننگز کو تیزی سے آگے بڑھنے والی پٹری سے اترنے نہیں دیا لیکن جب انگلستان کو سب کچھ اپنے حق میں نظر آرہا تھا۔ کپتان کوہلی ہاردیک پانڈیا کو اٹیک پر لے آئے۔انہوں نے دھونی کے تعاون سے انگلستان کی اننگز پر بریک لگانا شروع کیا اور وقفہ وقفہ سے وکٹیں لے کر انگلستان کی اننگز کو راہ سے ایسا بھٹکایا کہ ٹیم مقررہ 20اووروں میں200کا ہندسہ تک پا ر نہ کر سکی اور صرف198رنز ہی بن سکے۔ ہیلز نے 24گیندوں پر 3چوکوں اور2چھکوں کی مدد سے 30،بیرسٹو نے 14گیندوں پر دو چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 25اور بین اسٹوکس نے 10بالوں پر 14رنز بنائے اور دو چوکے لگائے۔پانڈیا نے چار وکٹ لیے۔ روہت شرما کو مین آف دی میچ اور مین آف دی سریز قرار دیا گیا۔ چھوٹا میدان ہونے کے باعث کوہلی نے ٹیم کے ترپ کے اکے چائنا مین بولر کلدیپ یادو اور سوئنگ بولر بھونیشور کمار کو 11میں شامل نہیں کیا۔

Read all Latest sports news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from sports and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Rohit sharmas magnificent 100 leads india to series win in Urdu | In Category: کھیل Sports Urdu News

Leave a Reply