ہندوستان نے انگلستان کو8وکٹ سے ہرایا، روہت کی سنچری، کلدیپ کے 6وکٹ

نوٹنگھم شائر: بولنگ سنسنی کلدیپ یادو کی تباہ کن باؤلنگ کے بعد نائب کپتان روہت شرما کے 137رنز کی غیر مفتوح جارحانہ اننگز کی مدد سے ٹیم انڈیا نے انگلستان کو8وکٹ سے شکست دے کر تین ون ڈے میچوں کی سریز میں 1-0کی برتری حاصل کر لی۔269رنز کے تعاقب میں اگرچہ 59رنز پر ہی ہندوستان جارحانہ انداز سے بلے بازی کرنے والے افتتاحی بلے باز شکھر دھون سے محروم ہو گیا ۔

انہیں آف اسپنر معین علی کی گیند پرعادل رشید نے بیک ورڈ پوائنٹ پر کیچ آؤٹ کیا۔اس وقت ٹیم کا اسکور59اور دھون کا40تھا جوا نہوں نے محض27گیندوں پر8چوکوں کی مدد سے بنایا تھا۔ انہوںنے انگریز بولروں کی ایسی خبر لینا شروع کی گویا ٹونٹی ٹونٹی میچ کھیل رہے ہوں۔لیکن کپتان وراٹ نے آکرروہت کے ساتھ مل کر معین اور رشید کے اسپن اٹیک کا سنبھل کر مقابلہ کرتے ہوئے نہ صرف اننگز کو سنوارنا شروع کیا بلکہ موقع ملتے ہی گیند کو باؤنڈری کی سیر کرانے سے بھی نہیں چوکے۔

دونوں کے درمیان دوسرے وکٹ کے لیے167رنز کی پارٹنر شپ ہوئی ۔جس وقت کوہلی75رنز پر تھے تو عادل رشید نے انہیں للچایا اور کوہلی ان کی فلائٹڈ لیگ بریک پر زبردست ہٹ لگانے کی کوشش میں کریز سے باہر نکل آئے لیکن گیند انہیں چکمہ دے کر وکٹ کیپر بٹلر کے ہاتھوں میں پہنچی جنہوں نے اسٹمپ آؤٹ کرنے میں دیر نہ کی۔لیکن اس وقت تک کوہلی ساتھی بلے باز روہت کے ساتھ مل کر ٹیم کو منزل کے اتنا قریب پہنچا چکے تھے کہ 11نمبر کا کھلاڑی بھی آجاتا تو ہندوستان کو کوئی جیت سے نہیں روک سکتا تھا۔ اس وقت تک روہت شرما بھی عادل رشید کی گیند پر چھکے سے اپنی18ویں سنچری مکمل کر چکے تھے۔

روہت137رنز بنا کر ناٹ آؤٹ واپس آئے۔ اس کے لیے انہوں نے 114گیندوں کا سامنا کیااور15چوکے اور ایک چھکا لگایا۔اس سے قبل ہندوستاننے ٹاس جیت کر انگلستان کو پہلے بلے بازی کی دعوت دی۔لیکن جب پاور پلے سے ہی جیسن رائے اور بیرسٹو نے ہندوستانی بولروں کی درگت بنانا شروع کی تو ایسا محسو س ہورہا تھا کہ وراٹ کوہلی کا پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ غلط تھا۔ رائے اور بیرسٹو دس اووروں میں ہی اسکور73تک لے گئے ۔لیکن کلدیپ یادو کے اٹیک پر آتے ہی نہ صرف اسکور پر بریک لگ گیا بلکہ انگلستان کی اننگز بھی لڑکھڑانا شروع ہو گئی۔ اور دیکھتے دیکھتے ہی محض105رنز پر انگلستان ٹاپ آرڈر کے چار بلے بازوں سے محروم ہو گیا۔

جیسن اور بیرسٹو نے برابر کی تعداد میں گیندوں کو سامنا کیا اور دونوں نے 35,35گیندوں پر 38,38رنز بنائے۔ جیسن نے چھ چوکے اور بیرسٹو نے پانچ چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ بٹلر اور بین اسٹوکس نے انگلستان کی لڑکھڑاتی اننگز سنبھالی اور اسکور198تک لے گئے ۔ لیکن کلدیپ نے ان دونوںکو بھی پویلین بھیج کر انگلستان کو ایک بڑا اسکور بنانے سے روک دیا۔لیکن اس دوران اسٹوکس اور بٹلر ہاف سنچریاں مکمل کر چکے تھے۔ اسٹوکس نے103گیندوں پر 50رنز بنائے اور صف دو چوکے لگائے جبکہ بٹلر51گیندوں پر5چوکوں کی مدد سے 53رنز بنا کر نمایاں رہے۔معین علی نے 23بالوں پر دو چوکوں اور ایک چھکے کے ساتھ24 اور عادل رشید نے ایک چوکے اور ایک ہی چھکے کے ساتھ 16گیندوں پر22رنز بنائے۔ کلدیپ 6وکٹ لینے کے باعث مین آف دی میچ قرار دیے گئے۔

Read all Latest sports news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from sports and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Rohit leads india romp after kuldeeps 6 for 25 in Urdu | In Category: کھیل Sports Urdu News

Leave a Reply