بیالیس سال بعد ہندوستان کے دو بولرز اشون اور جڈیجہ بیک وقت اول او ر دوئم پوزیشن پر قابض

نئی دہلی: لیفٹ آرم اسپنر رویندر جڈیجہ کو انگلینڈ کے خلاف آخری چنئی ٹیسٹ میں ان کی زبردست کارکردگی کا تحفہ آئی سی سی ٹیسٹ کی گیندبازی رینکنگ میں چار مقام کے فائدے کے ساتھ ملا ہے۔ وہ اب دنیا کے نمبر دو گیندباز بن گئے ہیں جو ان کے کیریئر کی بہترین رینکنگ ہے جبکہ آف اسپنر روی چندرن اشون اپنے نمبر ون کی پوزیشن پر برقرار ہیں۔ ہندوستان نے چنئی میں انگلینڈ کے خلاف پانچویں اور آخری ٹیسٹ میں اننگز اور 75 رن سے جیت درج کی تھی جس کے ساتھ میزبان ٹیم نے چار۔
صفر سے سیریز اپنے نام کر لی تھی۔ اس میچ میں جڈیجہ نے انگلینڈ کی دوسری اننگز میں سات وکٹ لے کر کیریئر کی بہترین کارکردگی پیش کی تھی۔ ان کے اس شاندار کھیل کی وجہ سے وہ آئی سی سی کی بدھ کو جاری تازہ ٹیسٹ گیندبازی رینکنگ میں چار مقام اٹھ کر 879 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ اب دوسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ پانچواں ٹیسٹ شروع ہونے سے پہلے جڈیجہ رینکنگ میں چھٹے مقام پر تھے۔ لیفٹ آرم اسپنر کو 66 ریٹنگ پوائنٹس کا فائدہ ملا ہے اور یہ ان کے کیریئر کی بہترین گیندبازی رینکنگ ہے۔ وہیں تجربہ کار گیندباز اشون نمبر ایک ٹیسٹ گیندباز بنے ہوئے ہیں لیکن انہیں 17 درجہ بندی پوائنٹس کا نقصان اٹھانا پڑا ہے۔
اشون کے اب 887 ریٹنگ پوائنٹس ہیں اور جڈیجہ سے ان کا فاصلہ اب آٹھ درجہ بندی پوائنٹس کا ہی ہے۔بین الاقوامی کرکٹ کونسل نے بتایا کہ یہ کھلاڑیوں کی آئی سی سی ٹیسٹ گیندبازی کی رینکنگ میں یہ دوسرا موقع ہے جب چوٹی کے دو مقامات پر ہندوستان کے ہی دونوں کھلاڑیوں نے قبضہ کیا ہے۔ اس سے پہلے سال 1974 میں لیفٹ آرم اسپنر بشن سنگھ بیدی اور لیگ اسپنر بھاگوت چندر شیکھر ٹیسٹ گیندبازی رینکنگ میں نمبر ایک اور نمبر دو کی پوزیشن پر رہے تھے۔ جڈیجہ نے انگلینڈ کے خلاف آخری پانچویں ٹیسٹ میں 154 رن دے کر 10 وکٹ لئے تھے اور پانچ میچوں کی سیریز میں انہوں نے کل 26 وکٹ لئے تھے۔ وہیں اشون نے سیریز میں 28 وکٹ لئے تھے۔
اس کے علاوہ رینکنگ میں رنگنا ہیرات تیسرے، ڈیل اسٹین چوتھے اور جیمس اینڈرسن پانچویں نمبر پر ہیں۔ بلے بازی کی رینکنگ میں ہندوستانی ٹیسٹ کپتان وراٹ کوہلی اپنے دوسرے اور آسٹریلیائی کپتان اسٹیون اسمتھ پہلے نمبر پر برقرار ہیں۔ لیکن انگلینڈ کی سیریز میں سب سے زیادہ رن رن بنانے والے اور مین آف دی سیریز وراٹ کوہلی کو 11 ریٹنگ پوائنٹس کا نقصان ہوا ہے اور اب ان کے 875 ریٹنگ پوائنٹس ہیں۔

Read all Latest sports news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from sports and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Ravindra jadeja joins ashwin at the top of icc test rankings in Urdu | In Category: کھیل Sports Urdu News

Leave a Reply