راشدخان ، گلبدین اور زردان نے ورلڈ کپ سوپر سکس فائنل کھیلنے کی افغانستان کی امیدیں روشن رکھیں

اولڈ ہراریرین (زمبابوے): لیگ اسپنر راشد خان کی تباہ کن بولنگ کے بعد گلبدین نائب اور نجیب اللہ زردان کی ہاف سنچریاں اور ان دونون کے درمیان میچ وننگ سنچری پارٹنر شپ کی مدد سے افغانستان نے متحدہ عرب امارات(یو اے ای) کو 5وکٹ سے ہرا کر ورلڈکپ کے لیے کوالیفائی کرنے کی امیدوں کا چراغ روشن کیے رکھا۔178رنز ہدف کے تعاقب میں اگرچہ یو اے ای کے فاسٹ بولروں محمد نوید ور قدیر احمد کے آگے افغان بلے بازوں نے اتنی تیزی سے گھٹنے ٹیکنا شروع کیے کہ ابھی ایک تہائی منز ل بھی طے نہیں ہوئی تھی کہ محض54رنز پر نصف افغان ٹیم پویلین واپس جا چکی تھی۔
لیکن افتتاحی بلے باز گلبدین نائب دوسرے اینڈ پروقفہ وقفہ سے وکٹ گرتے دیکھ کر باکل بھی بدحواس نہیں ہوئے اور انہیں نجیب اللہ زردان جیسا بہترین ساتھی مل گیا اور ان دونوں نے حواس مجتمع رکھتے ہوئے حملہ ہی بہترین دفاع فارمولے پر عمل کرنا شروع کر دیا۔اور15اووروں میں بننے والے صرف54اسکور کو اگلے 19اووروں میں 124رنز بنا کر ٹیم کو شاندار کامیابی سے ہمکنار کر دیا۔ اس جیت کے ساتھ ہی افغانستان کے اب 4پوائنٹس ہو گئے ہیں۔
چھٹے وکٹ کے لیے زردان اور گلبدین کے درمیان 124رنز کی غیر مفتوح پارٹنر شپ میں گلبدین نے97 بالوں پر چار چوکون اور دو چھکوں کے ساتھ74 اور محمد نبی نے 64گیندوں پر 5چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے63رنز بنائے۔یو اے ای کی جانب سے محمد نوید اور قدیر احمد نے دو دو وکٹ لیے۔اس سے قبل یو اے ای نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بڑا مایوس کن آغاز کیا اور محض18رنز پر تین وکٹوں کا جھٹکا کھانے سے وہ سمت بھٹک گئی اور ابھی اسکور بورڈ 100کے ہندسے سے 16رنز دور تھا کہ اس کی نصف ٹیم آؤٹ ہو چکی تھی۔ لیکن مڈل آرڈر بلے باز شمیم انور نے اننگز کو سنبھالے رکھا اور 87گیندوں پر چار چوکوں اور یک چھکے کے ساتھ64رنز بنا کر ٹیم کا اسکور پونے دوسو رنز تک پہنچانے کی راہ ہموار کردی۔
لیکن اس وقت تک لیگ اسپنر راشد خان اپنے دوسرے اسپیل کے لیے طلب کر لیے گئے اور انہوں نے شمیم انور کو آؤٹ کرکے یو اے ای کو زبردست جھٹکا دیا۔ لیکن ان کے آؤٹ ہوجانے سے محمد نویدنے کسی بوکھلاہٹ کا مظاہرہ نہیں کیا اور تابڑ توڑ حملے کرتے ہوئے محض2گیندوں پر 7چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے45رنز بنا ئے مگر تابکے ۔ راشد خان نے انہیں بھی نہیں بخشا او محمد نوید کو بھی پویلین کی راہ دکھانے کے بعد اسی اوور کی آخری گیند پر قدیر احمد کو بھی آؤٹ کر کے ایک بڑا اسکوربنانے کی یو اے ای کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔راشد خان نے9اووروں میں41رنز کے عوض5اور دولت زردان نے 8اووروں میں45رنز دے کر تین وکٹ لیے جبکہ مجیب الرحمٰن اور محمد نبی کو ایک ایک وکٹ ملی۔ گلبدین نائب کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

Read all Latest sports news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from sports and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Rashid khans five for keeps afghanistan alive in Urdu | In Category: کھیل Sports Urdu News

Leave a Reply