راشد خان کے شاندار آل راؤنڈ مظاہرے سے افغانستان نے بنگلہ دیش کو 136رنز سے ہرایا

ابو ظبی: لیگ اسپنرراشد خان نے بنگلہ دیش کے خلاف شاندار آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کر کے اپنی20ویں سالگرہ پر اپنی ٹیم کو 136رنز کی شاندار جیت کا” ریٹرن گفٹ “ دیا۔ ابو ظبی میں کھیلے گئے ایشیا کپ سوپر سکس کے اپنے آخری میچ میں افغانستان نے اپنے سے کہیں زیادہ تجربہ کار بنگلہ دیش کو کھیل کے ہر شعبہ میں پسپا کر کے سوپر سکس گروپ بی کے اپنے دونوں میچ جیت کر سوپر فور میں جانے والی دیگر ٹیموں کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی۔

256رنز کے تعاقب میں بنگلہ دیش کی اننگز پہلے پانچ اووروں میں ہی اس وقت لڑکھڑا گئی جب آف اسپنر مجیب احمد نے چوتھے اوور میں ون ڈے انٹرنیشنل ڈیبو کرنے والے نجم الحسین کو 7رنز کے انفرادی اسکور پر اور پانچویں اوور میں فاسٹ بولر آفتاب عالم نے لیٹن داس کو 6نجی اسکور پر آؤٹ کر دیا ۔افغانستان کا بولنگ اٹیک بنگلہ دیشی چیتوں کو ایسا بے بس کیے تھا کہ پہلا چوکا بمشکل تمام 15ویں اوور میں ہی اس وقت لگایا جا سکا جب ٹیم کے سینیئر کھلاڑی محمود اللہ کریز پر آئے۔ شکیب الحسن اور محمود اللہ نے اننگز سنبھالنے اور ٹارگٹ کی جانب بڑھتے رہنے کی کوشش کی۔ لیکن کپتان اصغر افغان خطرناک ہوتی جارہی اس جوڑی کو توڑنے کے لیے رشید کو اٹیک پر لائے جنہوں نے اپنے پہلے اوور میں ان دونوں کی خامیوں کو بھانپا اور اگلے ہی اوور میں شکیب کے گگلی سے ایل بی ڈبلیو جال میں پھنسا لیا۔افغانستان کی بولنگ کا یہ عالم تھا کہ شکیب بھی 55گیندوں پر 32رنز کی اننگز میں کوئی چوکا نہیں لگا سکے۔

اور چار اوور بعد ہی محمود اللہ کو بھی آؤٹ کر کے بنگلہ دیش کی جیت کے امکان بالکل ہی معدوم کر دیے۔ ابھی ٹیم کا اسکور100بھی نہیں ہوا تھا کہ اس کے سات کھلاڑی پویلین واپس جا چکے تھے۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ بنگلہ دیش کے 8کھلاڑی ڈبل فیگر میں نہیں پہنچ سکے۔ شکیب کے علاوہ صرف محمود الہ اور مصدق حسین بالترتیب 27اور26رنز بنا کر نمایاں رہے۔ راشد خان ن،مجیب الرحمٰن اور گلبدین نائب نے دو دو وکٹ لیے جبکہ آفتاب عالم ،محمد نبی اور رحمت شاہ نے ایک ایک وکٹ لی۔ ابو حیدر کو راشد نے رن آؤٹ کیا۔اس سے قبل راشد خان کی 32گیندوں پر8چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 57رنز کی اننگز اور گلبدین نائب کے ساتھ 8ویں وکٹ کے لیے 95رنز کی ناقابل شکست شراکت کی بدولت افغانستان مقررہ50اووروں میں7وکٹ پر255رنز تک پہنچنے میں کامیاب ہو گیا۔

ورنہ ایک موقع پر بنگلہ دیشی باؤلروں نے 160رنز پر اس کے ساتھ کھلاڑیوں کو آؤٹ کر کے افغانستان کے بڑے اسکور کے خواب کو پورا کرنا مشکل کر دیا تھا۔گلبدین38گیندوں پر پانچ چوکوں کی مدد سے42رنز بنائے۔ دونوں بلے باز غیر مفتوح رہے۔حشمت اللہ شہیدی نے بھی ہاف سنچری بنائی اور اپنی92گیندوں کی 58رنز کی اننگز میں تین چوکے لگائے۔افتتاحی بلے باز محمد شہزاد نے 47گیندوںپر چار چوکوں کی مدد سے37رنز بنائے۔بنگلہ دیش کی طرف سے شکیب ا لحسن نے چار اور ابو حیدر نے دو وکٹ لیے۔ راشد خان کو مین آف دی میچ قرار دے کر ٹرافی اور 5000امریکی ڈالر کا چیک دیا گیا۔ راشد خان کو چھکا لگانے والا 5000ڈالر کا انعامی چیک بھی دیا گیا۔جبکہ کپتان اصغر کو اس جیت پر ٹیم کے لیے10ہزار ڈالر کا چیک دیا گیا۔

Read all Latest sports news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from sports and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Rashid khans birthday special destroys bangladesh in Urdu | In Category: کھیل Sports Urdu News
What do you think? Write Your Comment