بنگلہ دیش پر ہندوستان کی جیت میں دھونی اور راہل کی طوفانی سنچریاں اور کلدیپ کی سحر انگیز بولنگ

کارڈیف:کے ایل راہل اور وکٹ کیپر مہندر سنگھ دھونی کی طوفانی سنچریوں اور ان دونون کے درمیان 5ویں وکٹ کے لیے 128گیندوں پر 164رنز کی پارٹنر شپ اور لیگ اسپنر کلدیپ یادو کی سحر انگیز بولنگ کی مدد سے ہندوستان نے اپنے آخری وارم اپ میچ میں بنگلہ دیش کو 95رنز سے شکست دے دی۔360ہدف کے تعاقب میں افتتاحی بلے باز لنٹن داس اور وکٹ کیپر بلے باز مشفق رحیم کی ہاف سنچریوں کے باوجود میچ کے کسی موڑ پر بنگلہ دیش ہدف کے آس پاس بھی پہنچتا یا منڈلاتا نظر نہیں آیا ۔

بلکہ فاسٹ بولر جسپریت بومرا اور اسپنرز کلدیپ یادو اور یجوندر چاہل کی تباہ کن بولنگ کے باعث بنگلہ دیش پر ہمہ وقت شکست کے بادل ہی منڈلاتے نظر آئے۔جو آخرکار 50ویں اوور کی تیسری گیند پر شکست کی شکل میںبرس ہی پڑے۔اور بنگلہ دیش کی پوری ٹیم ہدف سے95رنز دور ہی ڈھیر ہو گئی۔ بنگلادیش کی طرف سے مشفق نے94گیندوں پر 8چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے90اور لنٹن داس نے90گیندوں پر 10چوکوں کی مدد سے 73رنز بنائے۔ڈبل فیگر میں پہنچنے والے تیسرے بلے باز سومیہ سرکار رہے۔ سومیہ نے 25رنز بنائے اور اس کے لیے29گیندوں کا سمنا کر کے3چوکے اور ایک چھکا لگایا۔

ہندستان کی طرف سے کلدیپ اور چاہل نے تین تین وکٹ لیے جبکہ بومرا کو دو وکٹ ملے۔قبل ازیںبنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر ہندوستان کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔ اور ابھی22اوور بھی پورے نہیں ہوئے تھے کہ اس کے بولروں نے102رنز پر ہندوستان کے4 چوٹی کے بلے بازوں کو آؤٹ کر کے اپنے کپتان کے فیصلہ کو درست ثابت کر دیا ۔لیکن راہل اور دھونی کچھ اور ہی سوچ کر میدان میں اترے تھے۔اور دونوں نے آؤ دیکھا نہ تاؤبنگلہ دیشی بولروں کی گیندوں کو سہواگ اسٹائل میں پیٹنا اور فیلڈروں کو اپنی بلے بازی کی دھن پر رقص کرانا شروع کر دیا ۔

اور دیکھتے ہی دیکھتے اسکور 250پار کر دیا۔ آخرکار 21اووروں تک کوئی وکٹ نہ لے سکنے کے بعد 266کے مجموعے پر بنگلہ دیش کے لیگ بریک بولر صابر رحمٰن نے راہل کو کلین بولڈ کر کے یہ پارٹنر شپ توڑنے میں کامیابی حاصل کر ہی لی۔راہل نے 99گیندوں پر 108رنز نائے اور درجن بھر چوکے اور 4چھکے لگائے۔دھونی کو ہاردیک پانڈیا کی شکل میں اپنے جیسا ہی ایک جارح ساتھی مل گیا۔ اور ان دونوں نے رنز بنانے کی رفتار مزید تیز کر دی ۔اور صرف 25گیندوں پر 59رنز کی پارٹنر شپ کر کے ٹیم کو ایک ایسے اسکور کی جانب گامزن کردیا جس تک بنگلہ دیشیوں کی رسائی ممکن نہ ہو سکے۔

پانڈیا 2چوکوں اور یک چھکے کی مدد سے 11گیندوں پر21رنز بنا کر شکیب الحسن کی گیند پر لمبی ہٹ لگانے کی کوشش میں چوک گئے اور لانگ آن باؤنڈری پارشاٹ صابر رحمٰن کے ہاتھوں میں کیچ کی شکل میں جا کر رکا۔ دھونی نے 78بالوں کی اپنی طوفانی اننگز میں اپنے تمام شاٹوں کو آزمایا اور ان کا ہر شاٹ بشمول ہیلی کاپٹر شاٹ خوب کامیاب رہا ۔ انہوں نے 8چوکوں اور7چھکوںکی مدد سے 113رنز بنائے۔کپتان وراٹ کوہلی نے 46گیندوں کی اپنی اننگز میں5چوکوں کے ساتھ47رنز بنائے۔

رویندر جڈیجہ ایک چوکے اور ایک چھکے کے ساتھ11اور دنیش کارتک 5گیندوں پر ایک چوکے کے ساتھ7رنز بنا کر غیر مفتوح رہے۔ ہندوستان نے مقررہ50اووروں میں 7وکٹ پر359رنز بنائے۔بنگلا دیش کی طرف سے روبیل حسین اور شکیب الحسن نے دو دو اور محمد سیف الدین ،مستفیض الرحمٰن اور صابر رحمٰن نے ایک ایک وکٹ لی۔

Read all Latest sports news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from sports and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Rahul dhoni tons kuldeeps return to form headline indias win in Urdu | In Category: کھیل Sports Urdu News
What do you think? Write Your Comment

Leave a Reply

Your email address will not be published.