وراٹ کوہلی کی رائل چیلنجرز بنگلور کی آئی پی ایل ٹورنامنٹ مین لگاتار تیسری شکست

بنگلور: شاردل ٹھاکر اور بین اسٹوکس کی تباہ کن بولنگ کی بدولت اسٹیون اسمتھ کی رائزنگ پونے سپرجائنٹس نے رائل چیلنجرز بنگلور کو 27 رن سے شکست دے دی۔وراٹ کوہلی کی ٹیم کی رواں آئی پی ایل ٹورنامنٹ میں یہ مسلسل تیسری شکست ہے اور وہ پانچ میچوں میں اب تک صرف ایک جیت ہی حاصل کر سکی ہے جبکہ ٹیبل میں آخری مقام پر چل رہی پونے کو اتنے ہی میچوں میں ملی یہ دوسری جیت ہے۔ اس سے قبل بنگلور نے ٹاس جیتنے کے بعد پونے کو بلے بازی کا موقع دیا جس کی شروعات تو اچھی رہی لیکن نچلے آرڈر کے بلے باز بہت زیادہ رن نہیں بناسکے اور ٹیم نے مقررہ 20 اووروں میں آٹھ وکٹ کے نقصان پر 161 رنز بنائے۔ اوپنر اجنکیا رہانے اور راہل ترپاٹھی نے پونے کے لئے اچھا آغاز کرتے ہوئے پہلے وکٹ کے لئے 63 رن کا اضافہ کیا لیکن رہانے بڑا اسکور نہیں بنا سکے اور سیموئیل بدری نے انہیں بولڈ کرکے بنگلور کے لیے پہلا وکٹ حاصل کیا۔
رہانے نے 25 گیندوں کی اننگز میں پانچ چوکے لگائے اور 30 رن بنائے جبکہ ترپاٹھی نے 23 گیندوں میں تین چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 31 رن بنائے۔ اس شراکت داری کے بعد ترپاٹھی نے صرف چھ رن کے بعد ہی پون نیگی کی گیند پر وراٹ کو کیچ دے کر پویلین کی راہ لی۔ میدان پر آئے کپتان اسمتھ نے 24 گیندوں میں تین چوکے لگا کر 27 رن بنائے اور مہندر سنگھ دھونی (28)کے ساتھ تیسرے وکٹ کے لئے 7.4 اوور میں 58 رن جوڑے۔ دھونی نے اپنی 25 گیندوں کی اننگز میں تین بہترین چوکے اور ایک بہت اونچاچھکا لگایا۔دھونی اورا سمتھ کی عمدہ شراکت داری سے پونے 15 ویں اوور تک اچھی پوزیشن میں تھی لیکن کرس گیل کی جگہ اس میچ میں اتارے گئے شین واٹسن نے وکٹ کیپر بلے باز کو بولڈ کرکے 127 کے اسکور پر پونے کا تیسرا اہم وکٹ گرا دیا۔ دھونی کا یہ وکٹ بنگلور کیلئے اہم ثابت ہوا جبکہ اس کے بعد پونے پھر سنبھل ہی نہ سکی اور اسمتھ ایک گیند بعد ہی سری ناتھ اروند کی گیند پر بولڈ ہو گئے اور پونے کا چوتھا وکٹ بھی گر گیا۔
اس کے بعدپونے نے اپنے آخری چھ وکٹ 35 رنوں کے فرق پر گنوا دیئے جس میں چار بلے بازوں کو بنگلور کے گیند بازوں نے بولڈ کر کے پویلین کا راستہ دکھایا۔ ڈینیل کرسٹین ایک رن، بین اسٹوکس دو رن اور شاردل ٹھاکر صفر پر آؤٹ ہوئے۔ ایڈم ملنے نے اسٹوکس اور شاردل کو ایک کے بعد ایک آؤٹ کیا لیکن منوج تیواری نے ان کے ہیٹ ٹرک کے موقع کو پورا نہیں ہونے دیا۔ تیواری آخری بلے باز کے طور پر رناٹ رہے۔ آخری وقت میں ساتویں نمبر کے بلے باز منوج نے 11 گیندوں میں تین چوکے اور دو چھکے لگا کر27 رن کا اضافہ کیا جس کی بدولت پونے کی ٹیم 161 کے اسکور تک پہنچ سکی۔ جے دیو انادکٹ دو رن پر ناٹ آؤٹ رہے۔ بنگلور کے لیے ملنے نے 27 رن پر دو وکٹ اور اروند نے 29 رن پر دو وکٹ لے کر اچھی گیند بازی کی۔ بدری کو 32 رن، واٹسن کو مہنگی بولنگ کرتے ہوئے 44 رن اور نیگی کو 12 رن دے کر پونے کا ایک ایک وکٹ ہاتھ لگا۔

Read all Latest sports news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from sports and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Pune defend 161 against rcb in Urdu | In Category: کھیل Sports Urdu News
Tags: ,

Leave a Reply