روہت کی شاندار سنچری کی مدد سے ہندوستان بنگلہ دیش کو ہرا کر فائنل میں پہنچا

برمنگھم:جارح افتتاحی بلے باز روہت شرما نے ویسٹ انڈیز کے خلاف سریز کے لئے ٹیم سے ڈراپ کئے جانے کا قومی سلیکٹروں کو کرارا جواب دیتے ہوئے 123 رنز کی غیر مفتوح اننگز اور کپتان وراٹ کوہلی کے ساتھ 178 رن کی ناقابل شکست رفاقت نبھاتے ہوئے دفاعی چیمپئن ہندستان کو بنگلہ دیش کے خلاف جمعرات کو9وکٹ سے جیت دلا کر چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں پہنچا دیا۔ 18 جون کو ہونے والا فائنل ہندستان اور اس کے روایتی حریف پاکستان کے مابین ہوگا جس نے کل میزبان انگلینڈ کو پہلے سیمی فائنل میں شکست دی تھی۔ہندستان نے بنگلہ دیش کو 50 اوور میں سات وکٹ پر 264 رن پر روکنے کے بعد روہت کے سنچری، وراٹ کی نصف سنچری اور شکھر دھون کی 46 رن کی اننگز کی بدولت 40.1 اوور میں ہی ایک وکٹ پر 265 رنز کا ہدف پورا کر لیا۔روہت نے 129 گیندوں پر 15 چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 123 رن بنا ئے۔ روہت کے لئے سلیکٹروں کے فیصلے سے زیادہ خوشی کی بات یہ رہی کہ انہوں نے اپنی ناٹ آوٹ سنچری سے ہندوستان کو مسلسل دوسری بار فائنل میں پہنچا دیا۔ روہت نے شاندار بلے بازی کرتے ہوئے اپنے قابل اعتماد جوڑی دار شکھر کے ساتھ پہلے وکٹ کے لئے 14.4 اوور میں 87 رن بناکر ہندستان کو مضبوط بنیاد فراہم کی۔ شکھر نے 34 گیندوں پر 46 رن میں سات چوکے اور ایک چھکا لگایا۔
شکھر اس کے ساتھ ہی چیمپئنز ٹرافی میں سورو گنگولی (665) کو پیچھے چھوڑ کر سب سے زیادہ رن بنانے والے ہندوستانی بلے باز بن گئے۔ شکھر کے 680 رن ہو گئے ہیں۔ روہت اور وراٹ نے دوسرے وکٹ کے لئے 25.3 اوور میں 178 رن کی ناٹ آوٹ شراکت داری کی۔ ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے ماسٹر چیزر کا خطاب اپنے نام رکھنے والے وراٹ نے 78 گیندوں پر ناٹ آوٹ 96 رن کی اننگز میں 13 چوکے لگائے اور اس کے ساتھ ہی ون ڈے میں 8000 رن بھی پورے کر لئے۔وہ سب سے تیز 8000 رن پورے کرنے والے بلے باز بھی بن گئے۔ ہندستان نے پہلی بار چیمپئنز ٹرافی کے سیمی فائنل میں کھیل رہے بنگلہ دیش کافائنل کھیلنے کا خواب چکنا چور کردیا۔ اب ہندستان کے سامنے فائنل میں پاکستان کا چیلنج ہوگا۔ آئی سی سی ٹورنامنٹوں کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہوگا جب ہندستان اور پاکستان کی ٹیمیں فائنل میں آمنے سامنے ہوں گی۔ روہت کو ان کی شاندار اننگز کے لئے مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ .اس سے قبل سلامی بلے باز تمیم اقبال (70) اور مشفق الرحیم (61) کی شاندار نصف سنچریوں سے بنگلہ دیش نے گزشتہ چمپئن ہندوستان کے خلاف آئی سی سی چمپئنز ٹرافی کے دوسرے سیمی فائنل میں جمعرات کو سات وکٹ پر 264 رن کا مشکل اسکور کھڑا کیا۔ ہندوستانی کپتان وراٹ کوہلی نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔بنگلہ دیش نے خراب شروعات کرتے ہوئے 36 رن تک سومیہ سرکار (صفر) اور شبیر رحمان (19) کے وکٹ گنوا دیئے۔تیز گیند باز بھونیشور کمار نے ان دونوں بلے بازوں کو آؤٹ کیا لیکن تمیم اور مشفق نے تیسرے وکٹ کے لئے 21.1 اوور میں 123 رن کی مضبوط شراکت کر ڈالی۔
اس شراکت کے وقت لگ رہا تھا کہ بنگلہ دیش کا اسکور 300 کے ارد گرد پہنچے گا لیکن ہندوستانی گیند بازوں نے درمیانی اووروں میں شاندار واپسی کرتے ہوئے بنگلہ دیش کی پیش قدمی روک دی۔ جز وقتی آف اسپنر کیدار جادھو نے کپتان وراٹ کے فیصلے کو صحیح ثابت کرتے ہوئے تمیم اور مشفق دونوں کے وکٹ لئے۔ جادھو نے پہلے تمیم کو بولڈ کیا اور پھر مشفق کو وراٹ کے ہاتھوں کیچ کرایا۔تمیم نے 82 گیندوں پر 70 رن میں سات چوکے اور ایک چھکا لگایا جبکہ مشفق نے 85 گیندوں پر 61 رن میں چار چوکے لگائے۔تمیم اور مشفق کے وکٹ کے درمیان لیفٹ آرم اسپنر رویندر جڈیجہ نے شکیب الحسن (15) کو وکٹ کیپر مہندر سنگھ دھونی کے ہاتھوں کیچ کرا دیا۔ تیز گیند باز جسپریت بمراہ نے مصدق حسین (15) کو اپنی ہی گیند پر کیچ کیا اور پھر محمود اللہ (21) کو بولڈ کر بنگلہ دیش کا اسکور 45 اوور میں سات وکٹ پر 229 رن کر دیا۔کپتان مشرف مرتضیٰ نے ناٹ آوٹ 30 اور تسکین احمد نے ناٹ آؤٹ 11 رن بنا کر بنگلہ دیش کو 50 اوور ختم ہونے تک 264 رنز کا ایک معقول اسکوردیا۔ مرتضیٰ نے 25 گیندوں کی اپنی اننگز میں پانچ چوکے لگائے۔انہوں نے تسکین کے ساتھ آٹھویں وکٹ کی ناٹ آوٹ شراکت میں پانچ اوور میں 35 رن جوڑے۔بنگلہ دیش کے اسکور میں 22 اضافی رن کا بھی بڑا اہم کردار رہا۔ بھونیشور نے 10 اوور میں 53 رن پر دو وکٹ، بمراہ نے 10 اوور میں 40 رن پر دو وکٹ، جادھو نے چھ اوور میں 22 رن پر دو وکٹ اور جڈیجہ نے 10 اوور میں 48 رن پر ایک وکٹ لیا۔

Read all Latest sports news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from sports and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Powerful india set up pakistan final in Urdu | In Category: کھیل Sports Urdu News

Leave a Reply