آسٹریلیا کو 492رنز سے ہرا کر جنوبی افریقہ نے48سال بعدکنگاروؤں سے کوئی ٹیسٹ سریزجیتی

جوہنسبرگ: فاسٹ بولر ورنن فلانڈر کی تباہ کن بولنگ کی مدد سے جنوبی افریقہ نے آسٹریلیا کو چوتھے ٹیسٹ میچ میں492رنز سے شکست دے کر چار ٹیسٹ میچوں کی سریز 3-1سے جیت لی۔
جنوبی افریقہ نے اپنی پہلی اننگز کے اسکور 488کے جواب میں آسٹریلیا کو 221پر آؤٹ کونے کے باوجود فالوآن نہیں کرایا اور دوسری اننگز میںکپتان ڈوپلیسس کی شاندار سنچری اور ڈین ایلگر کی 81رنز کی صبر آزما اننگز کی مدد سے6وکٹ پر344رنز بنا کر آسٹریلیا کو میچ جیتنے کے لیے612رنز کا ہدف دیا۔
ڈپلیسس نے 178گیندوں پر 18چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 120اور ایلگر نے 250گیندوں پر 10چوکوں اور ایک چھکے کے ساتھ81رنز بنا ئے۔ 612رنز ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیافلانڈر اور مورنے مورکلکے طوفان کا سامنا نہ کر سکا اور ابھی ٹیم نے100کا ہندسہ بھی نہیں چھوا تھا کہ اس کے ساتھ بلے باز آؤٹ ہو چکے تھے۔
پہلی اننگز میں ہاف سنچری بنانے والے کمنز بھی ٹیم کی اننگز نہ سنبھال سکے اور پوری ٹیم 119رنز پر سمٹ گئی۔ برنز 80گیندوں پر 5چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 42رنز بنا کر نمایاں رہے۔
فلانڈر، رباڈا اور مورکل کی طوفانی بولنگ کا یہ عالم تھاکہ آسٹریلیائی بلےبازوں کے لیے رن بنانا جوئے شیر لانے سے کم نہیں لگ رہا تھا ۔یہی وجہ ہے کہ اس کے 9بلے باز دہائی کے ہندسہ میں بھی نہیں پہنچ سکے۔ فلانڈر نے 6اور مورکل نے 2وکٹ لیے۔ فلانڈر کو مین آف دی میچ اور رباڈا کو مین آف دی سریز قرار دیا گیا۔واضح رہے کہ جنوبی افریقہ نے آسٹریلیا کے خلاف آخری ٹیسٹ سریز 1970میںجیتی تھی۔

Title: philander six for completes historic series win for south africa in Urdu | In Category: کھیل  ( sports ) Urdu News

Leave a Reply