پشاور زلمی نے ایک رن کے فرق سے کوئٹہ کو پی ایس ایل ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا

لاہور: پشاور زلمی نے گذشتہ دو سال کے دوران دو بار ایک رن سے ہارنے کا سلسلہ توڑتے ہوئے اس بار معاملہ اس کے برعکس رکھتے ہوئے حریف ٹیم کو ایک سنسنی خیز میچ میں ایک رن سے شکست دے کر کوئٹہ گلیڈیٹرز کو پاکستان سوپر لیگ اعزاز کی دوڑ سے ہی نہیں ٹورنامنٹ سے بھی خارج کر دیا۔کوئٹہ کی ٹیم کوجیت کے لیے آخری اوور میں25رنز درکار تھے۔
کیونکہ آخری دو اووروں میں جس وقت28رنز درکار تھے تو فاسٹ بولر وہاب ریاض نے 19ویں اوور میں صرف تین رنز دیے اور دو کھلاڑی بھی آؤٹ کر دیے جس کی وجہ سے کوئٹہ کے خیمے میں زبردست کھلبلی مچ گئی۔ اور بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر وہاب ریاض کو کامیاب دیکھ کر پشاور زلمی کے کپتان نے گیند آسٹریلیائی در آمد لیفٹ آرم اسپنر لیام ڈاسن کے ہاتھوں میں تھما دی۔کریز پر8گیندوں پر5رنز بنا کر انور علی تھے۔ڈاسن کی پہلی گیند کو انور نے تھرڈ مین باؤنڈری کی سیر کرائی ۔
اگلی ہی گیند کو آسمان سے باتیں کرتا شاٹ کھیل کر لانگ آن باؤنڈری کے باہر پہنچا کر دو گیندوں پر 10رنز بنا لیے اب چار گیندیں باقی تھیں اور جیت کے لیے 15رنز مطلوب تھے۔ڈاسن کی تیسری گیند پرکوئی رن نہ بن سکا اور زلمی کے کھلاڑیوں کے چہرے جو چوکا چھکا جھیل کر مرجھا سے گئے تھے کھل اٹھے۔لیکن اگلی ہی گیند کو انور علی نے پھر لانگ آن باؤنڈری کے اوپر سے نکال کر پھر چھ رنز بٹور لیے۔اب دو گیندیں باقی تھیں اور9رنز درکار تھے۔پانچویں گیند کو بھی جب انور نے چھکے کے لیے لانگ آف باؤنڈری پار کرائی تو پشاور زلمی کی شکست یقینی محسوس ہونے لگی۔
اب آخری گیند پر جیت کے رتین رنز اور سوپر اوور کے لیے دو رنز کی ضرورت تھی۔ انور علی نے ڈاسن کی آخری گیند کو جو مڈل اسٹمپ پر فل ٹاس تھی ڈاسن کے سرپرسے نکالنے کی کوشش کی اور لانگ آن پر یہ کیچ ڈراپ ہو گیا لیکن فیلڈر نے اوسان خطا نہ ہونے دیے اور حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فوراً ہی تھرو کیا ۔انور ایک رن دوڑنے کے بعد سوپر اوور کے لیے دوسرا رن دوڑ رہے تھے کہ ان کا نیا ساتھی میر حمزہ نان اسٹرائیکر اینڈ پر نہیں پہنچ سکااور رن آؤٹ ہو گیا۔
پشاور زلمی نے ایک رن سے میچ جیت کر کوئٹہ کو باہر کا راستہ دکھا دیا۔اور حفیظ، ڈاسن، کامران ، سیمی اور وہاب ریاض سمیت تمام پشاوری زبردست خوشی کا اظہار کر کے جیت کا جشن منانے لگے۔ جبکہ کوئٹہ کے کھلاڑیوں کی آنکھیں ڈبڈبا گئیں۔ کوئٹہ کی طرف سے کپتان سرفراز 21بالوں پر تین چوکوں اور دو چھکوں کے ساتھ35اور محمد نواز 32بالوں پر پانچ چوکوں اور ایک چھلکے کی مدد سے35ہی رنز بنا کر نمایاں رہے۔ انور علی28رنز بنا کر ناٹ آؤٹ واپس آئے۔
اس سے قبل ڈاسن کی شاندار ہاف سنچری کی بدولت،جس میںانہوں نے35گیندوں پر 6چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے62رنز بنائے ،پشاور زلمی مقررہ2اووروں میں157رنز بنانے میںکامیاب ہو گئی۔تمیم اقبال نے 29بالوں پر پانچ چوکوںکے ساتھ27اور محمد حفیظ نے 14بالوں پر 4چوکوں اور ایک چھکے کےساتھ 25رنز بنائے۔کوئٹہ کی طرف سے راحت علی 4وکٹ لےکر کامیاب بولر رہے۔پریرا کو دو اور محمد نواز،حمزہ، محمود اللہ اور حسن خان کو ایک ایک وکٹ ملی۔

Read all Latest sports news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from sports and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Peshawar zalmi beat quetta gladiators by 1 run keep psl final hopes alive in Urdu | In Category: کھیل Sports Urdu News
What do you think? Write Your Comment