پاکستان نے پہلے ہی میچ میں بنگلہ دیش کو کراری شکست دی

کولکاتہ: پاکستان نے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ سوپر 10کے گروپ بی کے دوسرے میچ میںبنگلہ دیش کو 55 رنز سے ہرا کر عالمی چمپین شپ جیتنے کی اپنی مہم کا بڑے شاندارانداز میں آغاز کیا۔ کولکاتا کے ایڈن گارڈن میں202رنز کے ہدف کے تعاقب میں فاسٹ بولر محمد عامر نے افتتاحی بلے باز سومیہ سرکارکو کلین بولڈ کر کے بنگلہ دیش کو پہلا جھٹکا دیا۔
ابھی اسکور 71ہی تھا کہ بنگلہ دیش محمود اللہ کی وکٹ سے بھی ہاتھ دھو بیٹھا اور یہی میچ کا ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہوا کیونکہ اس کے بعد بنگلہ دیشی بلے بازوں نے ہدف کا تعاقب ترک کر کے کم سے کم فرق سے ہارنے کی کوشش میں بہت سنبھل کر کھیلنا شروع کر دیا۔یوں تو پاکستان نے201رنز بنا کر پہلے ہی بنگلہ دیش کی شکست نوشتہ دیوار کر دی تھی لیکن جس طرح پاکستان کے فاسٹ اور اسپن کے ملے جلے اٹیک نے بنگلہ دیشی بلے بازوں کو کھل کر کھیلنے کا موقع نہیں دیا اس نے 10ویں اوور میں ہی بنگلہ دیش کو شکست کی راہ پر ڈال دیا تھا۔
کیونکہ اسکور صرف71رنز تھا اور چار کھلاڑی آو¿ٹ ہو چکے تھے۔بنگلہ دیش کی اننگز کی خاص بات شکیب الحسن کی شاندار غیر مفتوح ہاف سنچری رہی۔ انہوں نے بنگلہ دیش کی اننگز 6وکٹ پر 146رنز میں 50رنز کا تعاون دیا۔ جو انہوں نے پانچ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے40گیندوں پر بنائے۔صابر رحمٰن نے 5چوکوں کے ساتھ19بال پر25، تمیم اقبال نے 20گیندوں پر دو چھکوں کی مدد سے24،مشفق رحیم نے 3چوکوں کے ساتھ21بالوں پر 18اور مشرف مرتضیٰ نے 9گیندوں پر 15رنز بنائے ۔ انہوں نے دو چوکے اور ایک چھکا لگایا۔
پاکستان کی جانب سے محمد عامر اور شاہد آفریدی نے2اور محمد عرفان اور عماد وسیم نے ایک وکٹ لی۔شاہد آفریدی کو ان کی شاندار اور میچ وننگ آل راو¿نڈ کارکردگی کے باعث مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔اس سے قبل پاکستانی کپتان شاہد آفریدی نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیااور ان کے بلے بازوں نے بھی انہیں مایوس نہیںکیا اور دو ہاف سنچری اور خود شاہد آفریدی کی49رنز کی طوفانی اننگز کی بدولت پاکستان مقررہ20اووروں میں5وکٹ کے نقصان پر201رنز بنانے میں کامیاب ہو گیا۔افتتاحی بلے بازوں شرجیل خان اور احمد شہزاد نے طوفانی آغاز کرتے ہوئے ڈھائی اووروں میں ہی اسکور26تک پہنچا دیالیکن اس سکور پر شرجیل خان بائیں ہاتھ کے اسپنر عرفات سنی کی گیند پر 10گیندوں پر ایک چوکے اور دو چھکوں کی مدد سے 18رنز بنا کر کلین بولڈ ہو گئے۔
لیکن نئے بلے باز محمد حفیظ نے کریز پر آتے ہی اننگز وہیں سے شروع کی جہاں شرجیل خان چھوڑ گئے تھے۔ انہوں نے احمد شہزاد کے ساتھ دوسری وکٹ کے لیے 68گیندوں پر 95رنز کی پارٹنر شپ کی ۔ 121کے مجموعی اسکور پر شہزاد 39گیندوں پر8چوکوں کی مدد سے52رنز بنا کر صابر رحمٰن کی گیند پر محمود اللہ کے ہاتھوں کیچ آو¿ٹ ہو گئے۔لیکن کپتان شاہد آفریدی نے آتے ہی وہ قہر ڈھایا کہ بنگلہ دیشی فیلڈرز اور بولرز حواس باختہ ہو گئے۔ آفریدی نے محمد حفیظ کے ساتھ مل کر تیسرے وکٹ کے لیے محض 19گیندوں پر 42رنز کی شراکت کر کے ٹیم کے اسکور کو اور مضبوط کر دیا۔لیکن 163کے مجوعی اسکور پر عرفات کی گیند پر چھکے کے لیے کھیلے شاٹ کو مڈ وکٹ پر زبردست کیچ لے کر خطرناک موڈ میں نظر آنے والے محمد حفیظ کی اننگز ختم کر دی۔ محمد حفیظ نے 42گیندوں پر سات چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے64رنز بنائے۔
شاہد آفریدی ایک رن کے فرق سے پاکستان کی طرف سے ٹی ٹونٹی میں بھی تیز ترین ہاف سنچری بنانے والے بلے باز ہونے کا اعزاز پانے سے چوک گئے۔ اور اننگز کے آخری اوور کی چوتھی گیند پر 19گیندوں پر چار چوکوں اور اتنے ہی چھکوں کی مدد سے49رنز بنا کراسکوائر لیگ باو¿نڈری پار کرنے کی کوشش میں ڈیپ اسکوائر لیگ پر لپک لیے گئے۔

Read all Latest sports news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from sports and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Pakistan crush bangladesh by 55 runs in Urdu | In Category: کھیل Sports Urdu News

Leave a Reply