سکسر کنگ بوم بوم آفریدی نے انٹرنیشنل کرکٹ کو خیر باد کہہ دیا

شارجہ: پاکستان کے آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے آخر کار بین الاقوامی کرکٹ کو الوداع کہہ دیا ہے۔ 36 سالہ آفریدی نے اتوار کو پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں پشاور ذلمی کیلئے 28 گیندوں میں 54 رن بنانے کے بعد بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ”میں نے بین الاقوامی کرکٹ کو الوداع کہہ دیا ہے۔ میں اس گھریلو لیگ میں اپنے مداحوں کے لئے کھیل رہا ہوں اور مزید دو سال اپنا کھیل جاری رکھوں گا۔ لیکن بین الاقوامی کرکٹ سے اب میں ریٹائرمنٹ لیتا ہوں“۔ 21 سال تک بین الاقوامی کرکٹ کھیلنے والے آفریدی نے 2010 میں ٹیسٹ سے اور 2015 میں ہوئے عالمی کپ کے بعد ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی تھی۔
اس کے بعد وہ وہ صرف گھریلو اور بین الاقوامی ٹی۔20 میچ ہی کھیل رہے تھے۔ گزشتہ برس 2016 میں ہندوستان کی میزبانی میں ہوئے ٹی۔ 20 ورلڈ کپ میں آفریدی پاکستان ٹوئنٹی۔20 ٹیم کے کپتان تھے۔ لیکن عالمی کپ کے بعد انہوں نے کپتانی سے استعفیٰ دے دیا تھا اور ایک کھلاڑی کے طور پر کھیل کے چھوٹے فارمیٹ میں اپنا کیریئر جاری رکھا تھا۔.آفریدی نے 1996 میں کینیا کے خلاف ون ڈے میچ سے اپنی بین الاقوامی کرکٹ کا آغاز کیا تھا لیکن وہ اس وقت سرخیوں میں آئے جب انہوں نے اپنے دوسرے ہی میچ میں سری لنکا کے خلاف کھیلتے ہوئے صرف 37 گیندوں پر سنچری بنا ڈالی تھی۔ ان کے اس ریکارڈ کو 17 سال تک کوئی نہیں توڑ پایا ہے۔ آفریدی نے 1998 میں کراچی میں آسٹریلیا کے خلاف بین الاقوامی ٹیسٹ کرکٹ کا آغاز کیا تھا۔ بوم بوم کے نام سے مشہور آل راؤنڈر آفریدی نے 2006 میں انگلینڈ کے خلاف ٹی۔20 بین الاقوامی میچ میں قدم جمائے تھے۔ بعد میں وہ بولنگ میں آل راؤنڈر بن گئے۔
ٹوئنٹی۔20 کرکٹ میں پاکستان کی ابتدائی کامیابیوں کا دار و مدار آفریدی پر ہی رہا۔ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں وہ دکن چارجر کی طرف سے بھی کھیل چکے ہیں۔ آفریدی نے 1998 سے 2010 تک 27 ٹیسٹ میچوں کی 48 اننگز میں 1716 رن بنائے جس میں ان کا سب سے زیادہ اسکور 156 کا رہا۔ ٹیسٹ کرکٹ میں انہوں نے پانچ سنچریاں اور آٹھ نصف سنچری لگائیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے 48 وکٹ بھی لئے۔ آفریدی اپنا ’شاہد آفریدی فاؤنڈیشن‘ بھی چلاتے ہیں۔ انہوں نے کہا ”اب میرے لیے میرا فاؤنڈیشن اہم ہے۔ میں نے اپنے ملک کے لیے پوری سنجیدگی سے کرکٹ کھیلی“۔ آفریدی نے سال 1996 سے 2015 تک 398 ون ڈے انٹرنیشنل میچ کھیلے جس میں انہوں نے 369 اننگز کھیلی اور 8064 رن بنائے۔ ون ڈے میں ان کاسب سے زیادہ اسکور 124 رہا۔ اس کے علاوہ انہوں نے چھ سنچریاں اور 39 نصف سنچری بنائیں۔
آفریدی نے اپنے 398 ون ڈے میں 395 وکٹ لئے ۔ وہ واحد ایسے کھلاڑی ہیں جنہوں نے ون ڈے میں 8000 رن اور 350 سے زیادہ وکٹ لئے ہیں۔ ون ڈے میں آفریدی کے نام 351 چھکے لگانے کا عالمی ریکارڈ ہے۔ ان کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی 300 کے عدد تک نہیں پہنچ سکا۔ سکسر کنگ آفریدی نے کرکٹ کے سب سے چھوٹے فارمیٹ میں ٹوئنٹی۔20 کے 98 میچوں کی 90 اننگز میں 1405 رن بنائے۔ اس میں ان کا بہترین ا سکور ناٹ آؤٹ 54 رہا۔ ٹوئنٹی۔20 میں ان کے نام چار نصف سنچریاں ہیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے 97 وکٹ بھی لئے۔

Title: pakistan all rounder shahid afridi quits international cricket | In Category: کھیل  ( sports )

Leave a Reply