ساؤتھی اور نیشم کی عمدہ بولنگ کی بدولت نیوزی لینڈ نے ٹیم انڈیا کو 19رنز سے ہرایا

رانچی:ٹم ساوتھی اور جیمز نیشم کی تباہ کن باؤلنگ کی بدولت نیوزی لینڈ نے ٹیم انڈیا کو19 رنز سے شکست دے دی۔جھارکھنڈ کرکٹ ایسوسی ایشن گراؤنڈ پر کھیلے گئے اس چوتھے ون ڈے میچ میں اس شاندار جیت کے ساتھ ہی نیوزی لینڈ پانچ ون ڈے میچوں کی سریز میں 2-2کی برابری پر آگیا۔ 261کے ہدف کے تعاقب میںٹم ساؤتھی نے اننگز کے پانچویں اوور میں ہی روہت شرما کو وکٹ کیپر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرا کر ٹیم انڈیا کوپہلا جھٹکا دیا۔ لیکن نائب کپتان وراٹ کوہلی نے اجنکیا رہانے کے ساتھ اننگز سنبھالتے ہوئے اسکور میں تیزی سے اضافہ شروع کیا ۔مگر ابھی ان دونوں نے79رنز کا ہی اضافہ کیا تھا کہ وراٹ کوہلی لیگ اسپنر کی گیند پر وکٹ کیپر کو کیچ دے بیٹھے۔
کوہلی نے 51گیندوں پر دو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے45رنز بنائے۔کپتان مہندر نسگھ دھونی نے پھر نمبر چار پر آکر ٹیم کو بہت جلد ہدف تک پہنچانے کا بیڑہ اٹھایا لیکن ابھی نصف منزل ہی طے ہوئی تھی کہ 128کے اسکور پر رہانے بھی 70گیندوں پر پانچ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے57رنز بناکر نیشم کا شکار ہو گئے۔135پر دھونی کیا آؤٹ ہوئے اننگز ہی لڑکھڑا گئی ۔اور پھر ٹیم انڈیا میچ میں واپس نہیں آسکی۔ دھونی 31گیندوں پر صرف11رنز ہی بنا سکے۔ اکشر پٹیل نے ،جنہیں منیش پانڈے سے اوپر بھیجا گیا تھا 40بالوں پر تین چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے38رنز بنائے۔
نیوزی لینڈ کی طرف سے ساؤتھی نے تین وکٹ لیے جبکہ بولٹ، نیشم کو دو دو اور سینٹنر و سوڈھی کو ایک ایک وکٹ ملی۔اس سے قبل افتتاحی بلے باز بلے باز مارٹن گپٹل (72) کی جارحانہ بلے بازی کی بدولت نیوزی لینڈ نے سات وکٹ پر 260 رنز بنا ئے۔ نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا۔ یہ فیصلہ اس وقت بہت صحیح نظر آ رہا تھا جب 36 ویں اوور تک نیوزی لینڈ نے دو وکٹ پر 184 رن بنا لئے تھے۔ تب ایسا لگ رہا تھا کہ نیوزی لینڈ 300 سے زیادہ رن بنا لے گی لیکن ولیمسن کے اسی اسکور پر آؤٹ ہونے کے بعد نیوزی لینڈ کی اننگز کی رفتار پر ہندوستانی گیند بازوں نے بریک لگا دیا۔ گپٹل نے 84 گیندوں پر 72 رن میں 12 چوکے لگائے۔
ان کے ساتھی افتتاحی بلے بازٹام لاتھم نے 40 گیندوں پر 39 رن میں چار چوکے لگائے جبکہ ولیمسن نے 59 گیندوں پر41 رن میں چار چوکے لگائے۔ جارح بلے باز راس ٹیلر نے سست بلے بازی کرتے ہوئے 34 رن کے لئے 58 گیندیں کھیلی اور صرف ایک چوکا لگایا۔جیمز نیشم نے چھ، بی جے واٹلنگ نے 14، اینٹن ڈیوسچ نے 11، مشل سینٹنر نے ناٹ آؤٹ 17 اور ٹم ساؤتھی نے ناٹ آؤٹ پانچ رنز بنائے۔ ہندوستانی گیند بازوں نے 13 وائڈ سمیت ایکسٹرا 17 رن دیے۔لیگ اسپنر امت مشرا 41 رنز پر دو وکٹ لے کر سب سے کامیاب بولر رہے۔ امیش یادو، دھول کلکرنی، ہاردک پانڈیا اور اکشر پٹیل کو ایک ایک وکٹ ملا۔گزشتہ تین میچوں میں چھ وکٹ لینے والے پارٹ ٹائم اسپنر کیدار جادھو نے آٹھ اوور میں محض 27 رن دیے لیکن اس بار ان کو وکٹ نہیں ملی۔ ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے اترے گپٹل اور لاتھم نے نیوزی لینڈ کو 15.3 اوور میں 96 رن جوڑ کر شاندار شروعات دی۔
لیفٹ آرم اسپنر پٹیل نے لاتھم کو اجنکیا رہانے کے ہاتھوں کیچ کراکر اس شراکت کو توڑا۔ تیز بلے بازی کر رہے گپٹل اپنی 31 ویں نصف سنچری بنانے کے بعد ٹیم کے 138 کے اسکور پر آؤٹ ہوئے۔ گپٹل کو تیز گیند باز پانڈیا نے وکٹ کیپر مہندر سنگھ دھونی کے ہاتھوں کیچ کرایا۔ دوسرے وکٹ کے لئے 42 رن کی شراکت ہوئی۔ ولیمسن اور ٹیلر نے تیسرے وکٹ کے لئے 46 رنجوڑے۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم دو وکٹ پر 184 کے اسکور کے ساتھ کافی مضبوط دکھائی دے رہی تھی لیکن مشرا، جادھو اور پٹیل نے ذمہ دارانہ گیندبازی کرتے ہوئے کیوی بلے بازوں کو کنٹرول میں کرلیا۔

Read all Latest sports news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from sports and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: New zealand beat india by 19 runs in ranchi to level series 2 2 in Urdu | In Category: کھیل Sports Urdu News

Leave a Reply