پی سی بی نے اسپاٹ فکسنگ کے الزام میں ناصر جمشید کو کھیل کے تمام فارمیٹس سے معطل کر دیا

کراچی:(یو این آئی) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کرکٹر ناصر جمشید کو بدعنوانی مخالف ضابطہ کی خلاف ورزی کا قصوروار قرار دیتے ہوئے کرکٹ کے تمام فارمیٹس سے معطل کر دیا ہے۔ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کو میچ فکسنگ کا یہ کیس اور بڑا ہوتا نظر آ رہا ہے اور اب قومی ٹسٹ ٹیم سے باہر جمشید کو مبینہ طور پر اس تنازعہ میں ملوث ہونے کی وجہ سے کرکٹ کے تمام طرز سے معطل کر دیا گیا۔ پی سی بی نے بیان میں کہا کہ جمشید کی معطلی کا فیصلہ کھیل کے تمام فارمیٹس میں رہے گا۔ بائیں ہاتھ کے 27 سالہ بلے باز جمشید نے 2 ٹسٹ، 48 ایک روزہ اور 18 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں پاکستانی ٹیم کی نمائندگی کی اور ایک روزہ کرکٹ میں 8 نصف سنچریاں اور 3 سنچریاں بھی بنائی ہیں۔ وہ آخری بار 2015 میں عالمی کپ کے دوران قومی ٹیم کا حصہ تھے۔
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں انسداد کرپشن قواعد کی خلاف ورزی پر شرجیل خان اور خالد لطیف کو عبوری طورپر معطل کرکے پاکستان واپس بھیج دیا گیا تھا اور چند مزید کھلاڑیوں سے تفتیش کا عندیہ دیا گیا تھا۔ پی سی بی کی ایگزیکٹیوکمیٹی کے چیئرمین اور پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) کے سربراہ نجم سیٹھی نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ ’پی سی بی نے ناصر جمشید کو انسداد کرپشن کے قواعد کو توڑنے پر کرکٹ کے تمام طرز سے عبوری طورپر معطل کردیا ہے‘۔
پی ایس ایل میں سامنے آنے والے اسکینڈل کے بعد ناصر جمشید کے ملوث ہونے کی اطلاعات گردش کررہی تھیں تاہم وہ لیگ کا حصہ نہیں ہیں۔ دوسری جانب ناصر جمشید کی اہلیہ ڈاکٹرسمارا افضل نے دوروز قبل اپنے ٹویٹ میں ان الزامات کو رد کرتے ہوئے تحریر کیا تھا کہ ’ناصر، پی ایس ایل میں نہیں ہیں وہ برطانیہ میں ہیں اور کلب کے لیے ٹریننگ اور جنوری سے کوچنگ کورس کررہے ہیں‘۔ ان کا کہنا تھا کہ ’اتفاقی طورپر کسی درخواست کے علاوہ کسی کھلاڑی سے کوئی رابطہ نہیں ہوا اور ہم نیوز چینل کی رپورٹ پر خوف ذدہ ہیں‘۔
ناصر جمشید کی اہلیہ نے اس رپورٹ کے خلاف قانونی کارروائی کا عندیہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ ’مکمل طورپر جھوٹی اور من گھڑت خبرنگاری پر اس چینل کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جائے گی‘۔ خیال رہے کہ نجم سیٹھی نے دوروز قبل اپنے بیان میں کہا تھا کہ خالد لطیف اور شرجیل خان کے علاوہ پی ایس ایل میں شامل کسی کھلاڑی کو معطل نہیں کیا جارہا ہے اس لیے انھیں بلاخوف کھیلنا چاہیے۔ پی سی بی کے چیئرمین شہریار خان نے اپنے بیان میں انکشاف کیا تھا کہ پی ایس ایل میں کرپشن اسکینڈل کے حوالے سے فاسٹ باو¿لر محمد عرفان سے اب بھی تحقیقات جاری ہیں اور انھیں بھی شو کازنوٹس دیا جاسکتا ہے۔

Title: nasir jamshed suspended from all formats after spot fixing allegations in Urdu | In Category: کھیل  ( sports ) Urdu News

Leave a Reply