سنسنی خیز میچ میں افغانستان صرف2رنز سے ہار گیا

ابو ظبی: ایک سنسنی خیز میچ میں بنگلہ دیش نے افغانستان کو دو رنز سے شکست دے کر سوپر فور میں تیسری پوزیشن حاصل کر لی اور ایشیا کپ کا فائنل کھیلنے کے اپنے امکانات روشن رکھے ۔لیکن رن اوسط پاکستان سے کم ہونے کے باعث وہ فی الحال پاکستان سے پیچھے ہے اور اسے فائنل میں پہنچنا یقینی بنانے کے لیے سوپر فور کے اپنے آخری میچ میں پاکستان کو ہرانا ہوگا۔

250کے ٹارگٹ کا تعاقب کرتے ہوئے افغانستان ”کچھ دور اپنے ہاتھ سے جب بام رہ گیا“ کی مثال بن کر اس وقت جنگ ہار گیا جب وہ منزل سے محض3رنز دور تھا۔ اگرچہ 40اووروں میں صرف167رنز بننے اور ٹاپ آرڈر کے4بلے بازوں بشمول کپتان اصغر افغان کے آؤٹ ہوجانے کے باعث افغانستان منزل سے کوسوں دور ہی تھک ہار کر بیٹھ جانے والا لگ رہا تھا لیکن اس کے بلے بازوں نے حوصلہ نہیں ہارا اور تیزی سے ٹیم کو منزل کے قریب پہنچانا شروع کر دیا۔مگر آخری اوور میں جب جیت کے لیے 8رنز کی ضرورت تھی فاسٹ بولر مستفیض الرحمٰن نے جارح بلے باز راشد خان کو آخری اور کی دوسری گیند پر ہی آؤٹ کر کے افغانستان کو زبردست جھٹکا دیا۔

اور اس کے بعد مستفیض نے بلے باز وں کو بلے سے رن نہیں بنانے دیے البتہ لیگ بائی کے رنز ملتے رہے لیکن وہ بھی کچھ کام نہ آئے اور افغانستان پر2رنز سے شکست کی مہر ثبت ہو گئی۔ حشمت اللہ شہیدی 99بالوں پر 71رنز بنا کر نمایاں رہے۔ انہوں نے پانچ چوکے لگائے۔ اوپنر محمد شہزاد ہاف سنچری بنانے والے دوسرے بلے باز تھے انہوں نے 81گیندوں پر8چوکوں کی مدد سے53رنز بنائے۔کپتان اصغر افغان نے47گیندوں پر دو چوکوں کی مدد سے39اور محمد نبی نے 28گیندوں پر 2چوکوں اور 2چھکوں کے ساتھ 38رنز بنائے۔سمیع اللہ شنواری نے 19گیندوں پر ایک چوکے اور ایک چھکے کے ساتھ ناقابل شکست 23رنز بنا ئے۔

بنگلہ دیش کی طرف سے مشرف مرتضیٰ اور مستفیض نے دو دو وکٹ لیے جبکہ شکیب الحسن اور محمود اللہ کو ایک ایک وکٹ ملی۔اس سے قبل ٹاس جیت کے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بنگلہ دیش نے 7وکٹ پر 250رنز بنائے۔ امر القیس 89بالوں پر 6چوکوں کے ساتھ72رنز بنا کر غیر مفتوح رہے۔ محمود اللہ نے 81گیندوںپر 3چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے74 اور قیس کے ساتھ چھٹے وکٹ کے لیے 128رنز بنا کر بنگلہ دیش کی اننگز کو سنبھال لیا ورنہ ایک موقع پر محض87رنز پر اس کے ٹاپ آرڈر کے5بلے باز آؤٹ ہو کر ٹیم کو سخت پریشانی میں ڈال چکے تھے۔افغانستان کی طرف سے آفتاب عالم نے 3کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ مجیب الرحمٰن اور راشد خان کو ایک ایک وکٹ ملی۔محمود اللہ کو مین آف دی میچ ایوارڈ سے سرفراز کیا گیا۔

Read all Latest sports news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from sports and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Mustafizur defends seven in last over to knock out afghanistan in Urdu | In Category: کھیل Sports Urdu News
What do you think? Write Your Comment