مورگن کی سنچری اور معین کی آل راؤنڈ کارکردگی سے انگلینڈ نے جنوبی افریقہ کو72رنز سے ہرایا

لیڈس:کپتان ایون مورگن کی شاندار سنچری اور معین علی کی عمدہ آل راؤنڈ کارکردگی جس میں انہوں نے طوفانی انداز سے ہاف سنچری بنانے کے ساتھ ساتھ دو وکٹ بھی لیے، کی بدولت چیمپئنز ٹرافی کی میزبان انگلینڈ نے جنوبی افریقہ کے خلاف پہلاا یک روزہ میچ 72 رنوں کے بڑے فرق سے جیت لیا ۔ انگلینڈ اینڈ ویلس میں آئندہ ماہ شروع ہونے والی چیمپئنز ٹرافی سے پہلے میزبان انگلینڈ اور جنوبی افریقی ٹیم کے لئے یہ اہم پریکٹس سیریز ہے۔ انگلینڈ نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے کپتان مورگن کی107رنز کی شاندار اننگزکے علاوہ الیکس ہیلس (61) اور ساتویں نمبر کے بلے باز معین (ناٹ آوٹ 77 رن ) کی بدولت مقررہ 50 اووروں میں چھ وکٹ کے نقصان پر 339 رنوں کا ایک بڑا اسکور بنادیا ۔ مورگن نے 93 گیندیں کھیل کر سات چوکے اور پانچ چھکے لگاکر یک روزہ سیریز میں اپنی گیارہویں سنچری بنائی ہے۔
جنوبی افریقہ کے کرس مورس اور آندیلے فیلوکوایو نے دو دو وکٹ لئے۔ ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقہ کی ٹیم 45 اووروں میں محض 267 رن بناکر آؤٹ ہوگئی۔مہمان ٹیم کے افتتاحی بلے باز ہاشم آملہ نے 73 رن اور فاف ڈو پلیسس نے 67 رن بنائے ، کپتان اے بی ڈیویلیرس نے 45 رن بنائے۔ لیکن مڈل آرڈر پوری طرح ناکام رہا۔ انگلینڈ کے کرس ووکس آٹھ اووروں میں 38 رن دے کر چار وکٹ حاصل کرکے سب سے کامیاب گیند باز رہے۔ مارک ووڈ اور لیام پلینکیٹ نے ایک ایک وکٹ لیا۔ عادل رشید اور معین نے دو دو وکٹ حاصل کئے۔ نچلے آرڈر میں 51 گیندوں میں پانچ چوکوں اور پانچ چھکوں کی مدد سے نصف سنچری بنانے والے معین کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا ۔ انگلینڈ نے تین میچوں کی اس سیریز میں 0۔1 کی سبقت حاصل کرلی ہے۔

Title: morgan and moeen star in convincing victory | In Category: کھیل  ( sports )
Tags: ,

Leave a Reply