ٹیم کے تمام کھلاڑی سریز کے باقی میچوں میں بھی عمدہ پرفارمنس دیں گے: مصباح الحق پر اعتماد

لندن :پاکستانی ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے ا نگلستان کے خلاف سیریز کے اگلے ٹیسٹ کے حوالے سے کہا کہ گو کہ ابھی سیریز مکمل نہیں ہوئی لیکن مزید پراعتماد ہوں کہ ہم اچھی کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھ سکتے ہیں۔
انہوں نے میزبان کو خطرناک ٹیم قرار دیتے ہوئے کہا کہ انگلینڈ کی ٹیم خصوصاً اپنی کنڈیشنز میں بہت اچھی ہے لہٰذا ہم جانتے ہیں کہ آگے واقعہ سخت ہے اور سیریز میں اب بھی کچھ بھی نتیجہ برآمد ہو سکتا ہے۔ اب ہمیں اپنی فیلڈنگ اور بیٹنگ پر مزید سخت محنت کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے انگلینڈ کے خلاف لارڈز میں پہلے ٹیسٹ میچ میں فتح کو خاص قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ ہمیشہ ہی کرکٹ کے مرکز (لارڈز) پر فتح پانے کا خواب دیکھا کرتے تھے۔ انہوں نے ایک انٹرویو میں کہا کہ یوں تو انگلستان کو لارڈز میں ہرانا ہی ایک خاص اہمیت کا حامل ہے لیکن بحیثیت کپتان میرے لیے لارڈز پر فتح کئی لحاظ سے خاص ہے کیونکہ لارڈز پر اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کے بعد مجھے قیادت سونپی گئی اور ہم نے ٹیم کو دوبارہ تیار کرنا شروع کیا۔
یاد رہے کہ چھ سال قبل لارڈز میں اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کے بعد مصباح الحق کو ٹیم کی قیادت سونپی گئی انہوں نے اسے تہہ دل سے قبول کرتے ہوئے پاکستان کو ٹیسٹ کرکٹ میں فتح کی پٹری پر ڈال دیا اور اس وقت سے اب تک 15 ٹیسٹ سیریز میں صرف دو میں شکست کا سامنا کیا ۔واضح رہے کہ ہری جرسی والے اپنے عارضی ہوم گراؤنڈ متحدہ عرب امارات میں مصباح الحق کی قیادت میں اب تک کوئی سیریز نہیں ہارے۔
لارڈز میں سنچری بنانے والے مصباح نے کہا کہ 2010 کا آسیب ایک عرصے تک ہمارا تعاقب کرتا رہا لیکن مجھے فخر ہے کہ کھلاڑی ایک دوسرے سے جڑے رہے اور انہوں نے ٹیم کی تیاری میں اہم کردار ادا کیا۔ 42سالہ بلے باز نے کہا کہ یہ فتح اس لحاظ سے بھی اہم تھی کہ آرمی کے ٹرینرز نے کاکول میں لگائے گئے کیمپ کے دوران ہم پر بہت محنت کی تھی۔
پاکستان کی ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کے سب سے کامیاب کپتان نے کہا کہ لارڈز کی فتح صرف میری نہیں بلکہ پوری ٹیم کی مشترکہ کوششوں کا نتیجہ تھی، مجھے اپنے کھلاڑیوں پر فخر ہے۔

Read all Latest sports news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from sports and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Misbah ul haq confident of pakistan putting up determined performance against england in Urdu | In Category: کھیل Sports Urdu News

Leave a Reply