ایسٹ لندن: پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں جنوبی افریقہ نے انگلستان کے جبڑوں سے اس وقت جیت چھین لی جب اس کے فاسٹ بولر اینگیڈی اور اننگز کے آخری اوور میں صرف پانچ رنز کے عوض اس کے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کر کے سنسنی پھیلا دی۔

انگلستان کو میچ جیتنے کے لیے صرف سات رنز کی ضرورت تھی اور اس کی چار وکٹ باقی تھیں ۔جس وقت آخری اوور شروع ہوا تو دو بہترین آل راؤنڈر معین علی اور ٹام کورین کریز پر تھے اور جیت نوشتہ دیوار نظر آرہی تھی۔لیکن اینگیڈی نے اپنے اوسان خطا نہیں ہونے دیے اور پہلی ہی گیند کو جب کورین نے اسکوائر لیگ کی جانب فلک کر کے دو رنز بنائے تب بھی اینگیڈی نہیں بوکھلائے اور انہوں نے اپنے اعصاب برقرار رکھتے ہوئے اگلی ہی گیند پر کورین کو مڈ وکٹ پر ملر کےہاتھوں کیچ آؤٹ کرا کے میچ کا پانسہ پلٹنا شروع کر دیا۔لیکن اس وقت تک معین علی اسٹرائیکنگ اینڈ پر پہنچ چکے تھے اور معین کی موجودگی سے باقی پانچ رنز آسان نظر آنے لگے اور معین نے بھی اگلی ہی گیند کو لیگ سائڈ کی جانب فلک کر کے تیزی سے دو رنز بٹور کر منزل اور آسان کر دی۔

اب جنوبی افیقہ کے خیمہ میں کھلبلی مچ گئی ۔اب صرف تین رنز کی ضرورت تھی اور دو گیندیں باقی تھیں۔ لیکن پھر وہی ہوا جو کورین کے ساتھ ہوا تھا۔ اگلی ہی گیند پر معین علی صاف بولڈ ہو گئے۔آخر گیند پر عادل رشید نے دوسرا رن لے کر میچ کو سوپر اوور میںلے جانے کی کوشش کی لیکن ایک ہی رن بن سکا اور دوسرا رن لینے کی کوشش میں رشید رن آؤٹ ہو گئے۔ اور ڈے نائٹ کا یہ میچ جو رات کی تاریکی میں کریز پر معین علی کی موجودگی تک روز روشن کی طرح انگلستان کے حق میں ہوتا نظر آرہا تھا انگلستان کے لیے تاریکی ہی لے کر آیا اور جنوبی افریقہ ایک رن سے جیت گیا۔

لونگی اینگیڈی کو میں آف دی میچ قرار دیا گیا۔پہلے بلے بازی کی دعوت دیے جانے پر جنوبی افریقہ نے مقررہ20اووروں میں 8وکٹ پر177رنز بنائے۔ جنوبی افریقہ کی طعرف سے ٹمبا بوما نے 27گیندوں پر 5چوکوں کی مدد سے43،کپتان ڈی کوک نے 15بالوں پر3چوکوں اور دو چھکوں کے ساتھ31، وان ڈر دوسین نے 26گیندوںپر تین چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے31جے جے اسموٹس نے 20گیندوں پر دو چوکوں کی مدد سے20اور پھیلو کوایو نے 15گیندوں پر دو چھکوں کی مدد سے18رنز بنائے۔

انگلینڈ کی طرف سے کرس جارڈن نے دو وکٹ لیے جبکہ معین علی، کورین، عادل رشید ،بین اسٹوکس اور مارک ووڈ نے ایک ایک وکٹ لی۔178کے تعاقب میں انگلستان جیسن رائے اور کپتان ایوائن مورگن کی ہاف سنچریوں کی مدد سے 19ویں اوور میں ہی ہدف کے نہایت قریب پہنچ چکا تھا لیکن 19ویں اوور کی آخری گیند پر مورگن 171مجموعے پر 34بالوں کی اننگز میں7چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 52رنز بنا کر جیسے ہی آؤٹ ہوئے 20ویں اوو رمیں ٹیم کا ایسا حشر ہو ا کہ ہر گیند پر پلڑا دونوں ٹیموں کے حق میں جھول کر دھوکا دیتا رہا اور آخری گیند پر میزبان کے حق میں ایسا جھکا کہ ڈی کوک کے لڑکے فاتح بن کر میدان سے باہر نکلے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *