وراٹ کوہلی کی شاندار سنچری کی بدولت ہندوستان نے موہالی میں نیوزی لینڈ کو سات وکٹ سے ہرایا

موہالی :وراٹ کوہلی کی شاندار سنچری اور کپتان مہندر سنگھ دھونی کی شاندار ہاف سنچری اور ان دونوں کے درمیان تیسرے وکٹ کی رفاقت میں 152رنز کی بدولت ہندوستان نے نیوزی لینڈ کو تیسرے ون ڈے میچ میں سات وکٹ سے شکست دے دی ۔ اس جیت کے ساتھ ہی ٹیم انڈیا نے پانچ ون ڈے میچوں کی سریز میں2-1کی سبقت حاصل کر لی۔ چنڈی گڑھ کے موہالی میں پنجاب کرکٹ ایسوسی ایشن اسٹیڈیم میں کھیل گئے اس میچ میں ہندوستان نے 286رنز کا ہدف 48.2اووروں میں ہی تین وکٹ کے نقصان پر289رنز بنا کر پورا کر لیا۔وراٹ کوہلی 134گیندوں پر 16چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے154اور منیش پانڈے 34گیندوں پر تین چوکوں کے ساتھ28رنز بنا کر غیر مفتوح رہے۔دھونی نے اپنی80رنز کی اننگز میں91گیندیں کھیلیں اور چھ چوکے اور تین چھکے لگائے۔وراٹ کوہلی کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔
روہت شرما نے 13اور اجنکیا رہانے نے پانچ رنز بنائے۔پانچویں اوور میں ہی راس ٹیلر کے ہاتھوںسلپ میں ڈراپ کیے جانے کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے وراٹ کوہلی نے کپتان مہندرسنگھ دھونی کے ساتھ دوسرے وکٹ کی رفاقت میں152 رنز بنا کر میچ کا رخ ہی پلٹ دیا ۔جس وقت ٹیلر نے کوہلی کا کیچ ڈراپ کیا تو کوہلی نے صرف2رنز بنائے تھے اور اسکور بورڈ پر بھی مجموعی اسکور24رنزتھا۔اس کے بعد پھر کوہلی نے پیچھے مڑم کر نہیں دیکھا اور 41کے مجموعی اسکور پر دوسرے افتتاحی بلے باز روہت شرما کے آؤٹ ہونے کے باوجود حوصلہ نہیں ہارا اور حالات کے پیش نظر بلے بازی کے لیے اوپر آنے والے کپتان کا بھرپور ساتھ دیتے ہوئے ٹیم انڈیا کی نیا پار لگا دی۔
کیوی ٹیم کی طرف سے ہنری دو وکٹ لے کر کامیاب باؤلر رہے جبکہ ساتھی نے ایک وکٹ لی۔اس سے قبل افتتاحی بلے باز ٹام لاتھم اور جیمز نیشام کی شاندار ہاف سنچریوں سے نیوزی لینڈ نے ہندستان کے خلاف تیسرے ون ڈے میں اتوار کو 49.4 اوور میں 285 رنز بنائے۔ایک موقع پر کیوی ٹیم کے 8وکٹ محض199رنز پر گر گئے تھے اور ایسا محسوس ہو رہا تھا کہ کیوی ٹیم225 سے زیادہ رنز نہیں بنا سکے گی لیکن دہلی میں دوسرا ون ڈے جیتنے کے بعد بلند مورال کے ساتھ کھیل رہی کیوی ٹیم نے شاندار واپسی کرتے ہوئے نیشام اور میٹ ہنری درمیان نویں وکٹ کے لیے 11.1 اوور میں 84 رن کی شراکت کی بدولت مضبوط اسکور بنا لیا۔نیشام نے محض 47 گیندوں پر 7چوکوں کی مدد سے57 رنز بنائے جبکہ ہنری نے 37 گیندوں پر نا قابل شکست 39 رنز میں چار چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ اوپنر لاتھم نے اپنی بہترین فارم جاری رکھتے ہوئے 72 گیندوں پر تین چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 61 رنز بنائے۔
راس ٹیلر نے بھی فارم میں واپسی کرتے ہوئے 57 گیندوں پر 44 رنز میں چار چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ اوپنر مارٹن گپٹل نے تابڑ توڑ انداز میں محض 21 گیندوں پر 27 رنز میں دو چوکے اور دو چھکے لگائے۔ دہلی میں سنچری بنانے والے کپتان کین ولیمسن نے 27 گیندوں پر 22 رن پر تین چوکے لگائے۔ٹم ساؤتھی نے 13 رنز بنائے۔گپٹل اور لاتھم نے پہلے وکٹ کے لئے 46 رن، لاتھم اور ولیمسن نے دوسرے وکٹ کے لئے 34 رن اور لاتھم اور ٹیلر نے تیسرے وکٹ کے لئے 73 رن جوڑے۔نیوزی لینڈ کی ٹیم ایک وقت دو وکٹ پر 152 رنز بنا چکی تھی لیکن لیگ اسپنر امت مشرا نے دو، پارٹ ٹائم اسپنر کیدار جادھو نے تین اور تیز گیند باز امیش یادو نے تین وکٹ لے کر نیوزی لینڈ کی پیشقدمی روک تو دی تھی لیکن نیشام اور ہنری کی شراکت نے کیوی اننگز کا نقشہ ہی بدل دیا۔ہندوستان کی جانب سے امیش یادو اور جادھو نے تین وکٹ لئے جبکہ امیت مشرا اور بمراہ نے دودو وکٹ لئے۔

Read all Latest sports news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from sports and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Kohli dhoni join forces to demolish nz in Urdu | In Category: کھیل Sports Urdu News

Leave a Reply