آکلینڈ: لگاتار میچوںمیں دوسری ہاف سنچری بناتے ہوئے افتتاحی بلے باز لوکیش راہل نے ہندوستان کو نیوزی لینڈ کے خلاف نہ صرف دوسری جیت دلائی بلکہ تین ٹونٹی ٹونٹی میچوں کی سریز میں دوسرے میچ میں ہی 2-0کی سبقت دلا کر کےہندوستان کو سریزکے اختتام سے پہلے ہی سریز جتوادی۔133رنز ہدف کے تعاقب میں پہلے میچ کی طرح اس میچ میں بھی اگرچہ روہت شرما ٹیم کو اچھا اسٹارٹ دینے میں ناکام رہے اور پاور پلے میں ہی روہت کے ساتھ ساتھ کپتان ورٹ کوہلی کے بھی آؤٹ ہوجانے سے ہندوستانی کرکٹ شوقینوں کا دل دھک دھک کرنے لگا۔

لیکن راہل اور سریاش ایر نے پہلے میچ میں اپنی منفعت بخش رفاقت کا چربہ پیش کرتے ہوئے نہ صرف اننگز سنبھالی بلکہ کیوی بولروں کی ایسی خبر لی کہ ان کی سمجھ میں نہیں آرہا تھا کہ اس جوڑی کو توڑنے کے لیے کون سا حربہ استعمال کیا جائے۔ کیونکہ راہل اور ایر کو ایک دورے سے جدا کرنے کے لیے نیوزی لینڈ کے بولرز اور کپتان ولیمسن اپنے ترکش کے تمام تیر استعمال کر چکے تھے لیکن ہدف کی جانب بڑھتے رہنے والی اس جوڑی کو توڑنا تو دور کی بات رنز بنانے کی رفتار تک پر انکش تک نہیں لگ سکا۔اور جب لیگ اسپنر ایش سوڈھی نے سریاش ایر کو پویلین کی راہ دکھائی تو اس وقت تک ایر راہل کے ساتھ مل کر ٹیم کو فتح کے دروازے تک پہنچا چکے تھے۔

جس وقت ایر 44انفرادی اسکور پر آؤٹ ہوئے تو ٹیم ہدف سے محض10رنز دور تھی اور 21گیندیں باقی تھیں۔10رنز کا یہ فاصلہ بھی شیوم دوبے نے چار گیندوں پر ہی ایک چھکے کی مدد سے8رنز کا تعاون دے کر طے کر کے ٹیم انڈیا کی سریز جیت پر مہر ثبت کر دی۔ ایر نے 33گیندوںپر ایک چوکے اور تین چھکے کی مدد سے44رنز بنائے۔ جبکہ راہل 50گیندوں پر تین چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے57رنز بنا کر غیر مفتوح رہے۔ روہت نے6گیندوں پر دو چوکوں کے ساتھ8اور کوہلی نے 12گیندوں پر ایک چو کے کے ساتھ 11رنز بنائے۔ نیوزی لینڈ کی طرف سے ساؤدی اور سوڈھی نے دو دو وکٹ لیے۔

اس سے قبل نیوزی لینڈ نے مقررہ 20اووروں میں پانچ وکٹ پر132رنز بنائے۔ مارٹن گپتل اور وکٹ کیپر ٹم سیفرٹ 33،33رنز بنا کر نمایاں رہے۔ ان دونوں نے بالترتیب 20اور26گیندوں کا سامنا کیا اجس میں گپتل نے چار چوکے اور دو چھکے اور سیفرٹ نے ایک چوکا اور دو چھکے لگائے۔کولن منرو نے 25گیندوں پر دو چوکوں اور ایک چھکے کے ساتھ26، روز ٹیلر نے 24گیندوںپر کوئی باؤنڈر لگائے بغیر18اور ولیمسن نے بھی 20گیندوںپر کوئی باؤنڈر لگائے بغیر14رنز بنائے۔رویندر جڈیجہ نے دو وکٹ لیے جبکہ شردل ٹھاکر، جسپریت بومرا اور شیوم دوبے نے ایک ایک وکٹ لی۔ راہل کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *