پاکستانی فیلڈروں نے امام الحق کی 151رنز کی اننگز پر پانی پھیر دیا،سریز میں2-0سے پیچھے

برسٹل: افتتاحی بلے باز امام الحق کی 151رنز کی طوفانی اننگز اور مڈل آرڈر بلے باز کے ساتھ پانچویں وکٹ کے لیے سواسو رنز کی پارٹنر شپ کی مدد سے9وکٹ پر 358کا ہمالیائی اسکور بنا لینے کے باوجود پاکستان انگلستان کے خلاف تیسرا ون ڈے انٹرنیشنل 6وکٹ سے ہار گیا۔

حالانکہ امام الحق کی سنچری کے علاوہ آصف علی کی ہاف سنچری اور حارث سہیل کی 41رنز کی عمدہ اننگز سے ایک بڑا اسکور بن جانے کے باعث ایسا محسوس ہو رہا تھا کہ پاکستان یہ میچ جیت کر پانچ میچوں کی سریز میں1-1کی برابری حاصل کر لے گا۔

لیکن پاکستانی فیلڈروں کی غفلت نے ان تینوں بلے بازوں کی محنت پر پانی پھیر دیا۔ اگر سنچری بنانے والے وکٹ کیپر بیرسٹو کو فہیم اشرف نے ریٹرن کیچ لے لیا ہوتا تو انگلستان کے لیے پریشانیاں کھڑی ہو سکتی تھیں ۔لیکن معاملہ بیرسٹو کا کیچ ڈراپ ہونے تک ہی نہیں رہا بلکہ پاکستان اور جیت کی راہ میں حائل آل راؤنڈر معین علی کے بھی دو کیچ ڈراپ ہوئے جس کے باعث وہ نہ صرف46رنز کی میچ وننگ اننگز کھیلنے میں کامیاب رہے بلکہ دوسرے آل راؤنڈر بین اسٹوکس کے ساتھ چوتھے وکٹ کے لیے 46رنز کی ہی پارٹنر شپ کر کے انگلستان کوجیت کی پٹری سے اترنے نہیں دیا۔ورنہ جس وقت جو روٹ آؤٹ ہوئے تو انگلستان کو میچ جیتنے کے لیے93گیندوں پر 82رنز درکار تھے اور اس کے تمام تسلیم شدہ بلے باز آؤٹ ہو چکے تھے۔

360رنز کے تعاقب میں انگلستان کے افتتاحی بلے بازوں جیسن رائے اور جان بیرسٹو نے پہلے وکٹ کے لیے 159رنز بنا کر انگلستان کی فتح کی جو بنیاد رکھی تھی اس پر جو روٹ نے بیرسٹو کے ساتھ مل کر دسوری وکٹ کے لیے 75رنز کی اور پھر اسٹوکس کے ساتھ تیسرے وکٹ کے لیے44رنز کی پارٹنر شپ کر کے انگلستان کی جیت کی امیدیں برقرار رکھیں۔

بیرسٹو نے 93گیندوں پر 15چوکوں اور 5چھکوں کی مدد سے128، جیسن رائے نے 55بالوں پر 8چوکوں اور 4چھکوں کے ساتھ 76،جو روت نے 36گیندوں پر 4چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 43اور بین اسٹوکس نے 38گیندوں رپ دو چوکوں اور اتنے ہی چھکوں کے ساتھ37رنز بنائے جبکہ معین علی نے36گیندوں پر46رنز بنائے اور 4چوکے اور 3چھکے لگائے۔

اس سے قبل بیٹنگ کے لیے مدعو کیے جانے پر پاکستان نے مقررہ50اووروں میں9وکٹ پر 358رنز بنائے، جس میں امام الحق نے 131گیندوں پر 16چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے151، آصف علی نے 43گیندوں پر دو چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے52اور حارث سہیل کے 41گیندون پر 7چوکوں کی مدد سے41ہی رنز بنائے۔ انگلستان کی طرف سے فاسٹ بولر ووکس نے چار وکٹ لیے جبکہ ٹی کورین کو دو اور پلینکٹ اور ولی کو ایک ایک وکٹ ملی۔ بیرسٹو کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

Read all Latest sports news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from sports and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Jonny bairstow fires england as imam ul haqs 151 goes in vain for pakistan in Urdu | In Category: کھیل Sports Urdu News
What do you think? Write Your Comment

Leave a Reply

Your email address will not be published.