آئی سی سی نے افغانستان اور آئر لینڈ کو ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے والے ملک کا درجہ دے دیا

لندن: ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے والے ممالک کی تعداد بڑھ کر اس وقت12ہو گئی جب انٹرنیشنل کونسل ( آئی سی سی)نے جمعرات کو افغانستان اور آئرلینڈ کو ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے والے ملک ہونے کا درجہ دے دیا۔ لندن میں آئی سی سی کی سالانہ جنرل باڈی میٹنگ میں ان دونوں ملکوں کو ٹیسٹ میچ کھیلنے والے ممالک کے کلب کی رکنیت نامہ پر مہر تصدیق ثبت کی گئی۔اس موقع پر آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹیو ڈیوڈ رچرڈسن نے کہا کہ ’میں افغانستان اور آئرلینڈ کو رکن ممالک کا درجہ حاصل کرنے پر مبارکباد دیتا ہوں۔
یہ ان ممالک کی کرکٹ کے لیے لگن اور اپنے ممالک کے لیے میدان پر ان کی کرکٹ میں بہتری کا نتیجہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ’دونوں ممالک نے دکھایا ہے کہ وہ نئے معیار پر پورا اترتے ہیں اسی لیے انھیں فل ممبر شپ حاصل ہوئی ہے۔افغانستان اور آئرلینڈ کے بورڈ نے آئی سی سی سے درخواست کی تھی کہ ان کے اسٹیٹس کو ایسوسی ایٹ سے ترقی دی جائے جس کی جمعرات کو اجلاس میں تمام اراکین نے منظوری دے دی۔ یہ 2000 کے بعد پہلا موقع ہے کہ کسی ٹیم کو ٹیسٹ اسٹیٹس دیا گیا ہو اور آخری مرتبہ بنگلہ دیش کی ٹیم کو ٹیسٹ ٹیم کا درجہ دیا گیا تھا۔
افغانستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ شفیق ستنکزئی نے اس موقع پر کہا کہ ’افغانستان جیسے ملک کے لیے یہ ایک بڑی اور زبردست کامیابی ہے۔ پوری قوم اس خبر پر ملک بھر میں جشن منائے گی۔ یہ عید کا بہترین تحفہ ہے۔‘افغانستان میں کرکٹ کی تاریخ بہت پرانی ہے اور فٹبال کے ساتھ ساتھ اس کھیل میں بھی افغان نوجوان انتہائی دلچسپی لیتے ہیں لیکن افغانستان کو اصل کامیابی اس وقت ملی جب 2011 میں انہیں ون ڈے انٹرنیشنل ٹیم کا درجہ ملا۔

Read all Latest sports news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from sports and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Ireland afghanistan awarded test status by international cricket council in Urdu | In Category: کھیل Sports Urdu News

Leave a Reply