ایران نے ازبکستان کو 2-0سے شکست دے کر فیفا ورلڈ کپ2018کے لیے کوالیفائی کر لیا

تہران:ایران نے یہاں آزادی اسٹیڈیم میں پیر کو ہوئے فٹ بال ورلڈ کپ کوالیفائر میچ میں ازبکستان کو 2-0 سے شکست دے کر اگلے سال روس میں ہونے والے فیفا ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔ ایران کی جانب سردار ازمون نے 23 ویں اور مہدی تاریمی نے 88 ویں منٹ میں گول کیا۔ اس جیت کے ساتھ یہ بات یقینی ہو گئی ہے کہ ایران ایشیا کے کوالیفائنگ ٹورنامنٹ کے گروپ اے میں ٹاپ کے دو مقامات پر رہے گا اور عالمی کپ کے لیے اس کی شرکت یقینی ہو گئی ہے۔ ایران عالمی کپ کے لیے کوالیفائی کرنے والی دوسری ٹیم ہے۔ اس سے قبل پانچ بار کی چمپئن برازیل نے 32 ٹیموں والے اس عالمی کپ کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔
ایران کے فٹ بال ورلڈ کپ میں کوالیفائی کرنے کے بعد سے تہران کی سڑکوں پر جشن کا ماحول ہے۔ ہزاروں کی تعداد میں لوگ سڑکوں اور گھروں میں اس کا جشن منا رہے ہیں۔ جشن منانے والوں میں زیادہ تر نوجوان شامل ہیں جو اپنی ٹیم کے عالمی کپ کے لیے کوالیفائی کرنے پر کافی پرجوش ہیں۔ایران کے صدر حسن روحانی بھی ٹویٹر کے ذریعے جشن میں شامل ہوئے۔ انہوں نے ملک اور ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اہل وطن اور ٹیم کو بہت بہت مبارک ہو۔ کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرکے ہمیں فخر کرنے کا موقع فراہم کیا ۔ ایران کی یہ کامیابی اس لئے بھی خاص ہے کہ ملک مسلسل دہشت گردانہ حملوں کی زد میں ہے اور خوفناک تشدد کا ماحول ہے۔
سوشل میڈیا پر دکھائے جارہے ویڈیو میں لوگ خوشی میں جھوم رہے ہیں، رقص کر رہے ہیں، قومی پرچم ہاتھ میں لئے نعرے لگا رہے ہیں۔ اس کے علاوہ گروپ کی صورت میں اپنے ملک اور قومی ٹیم کے نام کے نعرے لگا رہے ہیں۔ خوشی میں جھومتے ایک 19 سالہ نوجوان محمد رضا سلامی نے کہا کہکون پرواہ کرتا ہے دہشت گردوں کی یا ان کی دھمکیوں کی۔ ہم ایرانی ہیں، ہمیں کوئی نہیں ہرا سکتا۔ ایران، ایران، ہم اپنے ملک سے بہت پیار کرتے ہیں۔ یہ میری زندگی کا سب سے خاص دن ہے کہ ہم عالمی کپ کے لیے جا رہے ہیں۔ آپ کا بہت بہت شکریہ میرے ہیرو (ٹیم)“۔

Read all Latest sports news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from sports and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Iran secure world cup ticket in Urdu | In Category: کھیل Sports Urdu News

Leave a Reply