انگلینڈ کو موہالی میں بھی 8وکٹ سے شکست دے کر ہندوستان نے 2-0کی سبقت حاصل کر لی

موہالی: ہندوستان نے موہالی میں کھیلے گئے تیسرے ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز انگلستان کو 8وکٹ سے شکست دے کر پانچ ٹیسٹ میچوں کی سریز میں2-0کی سبقت حاصل کر لی۔اس کی اس جیت سے یہ بات یقینی ہو گئی کہ ٹیم انڈیا یہ گھریلو سریز بھی نہیں ہارے گی۔ حسیب حمید نے59رنز کی اننگز کھیل کر ٹارگٹ اگرچہ104تک پہنچا دیا تھا۔لیکن چوتھی اننگز ہونے اور ساتھی بلے بازوں مرلی وجے اور پھر چتیشور پجارا کے آؤٹ ہوجانے کے باوجود 8سال بعد ٹیم میں واپسی کرنے والے وکٹ کیپر پارتھیو پٹیل نے 54گیندوں پر11چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے67رنز کی ناٹ آوٹ اننگز سے ٹارگٹ تک رسائی نہایت آسان کر دی۔ مرلی کوئی رن کیے بغیر اور پجارا25رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ کپتان وراٹ کوہلی 6رنز بنا کر غیر مفتوح رہے۔ انگلستان کی طرف سے ووکس اور عادل نے ایک ایک وکٹ لی۔
اس سے قبل جو روٹ نے شاندار ہاف سنچری اننگز کھیل کر انگلستان کے134رنز کے خسارے کو پورا کرکے اسے اننگز کی شکست کے خطرے سے بچا لیا ۔لیکن ابھی انگلستان کو18رنز کی ہی سبقت حاصل ہوئی تھی کہ روٹ 78رنز بنا کر جڈیجہ کا شکار ہو گئے، روٹ نے 179گیندوں پر 6چوکوں کی مدد سے یہ رنز بنائے۔اور جب فاسٹ بولر محمد شامی نے 30رنز پر کھیل رہے ووکس اور پھر عادل رشید کو آوٹ کیا تو ایسا لگ رہا تھا کہ انگلستان کی ٹیم 200رنز بھی نہیں بنا سکے گی لیکن چھنگلیا میں فریکچر کے باوجود حسیب حمید نے ہار ماننے سے انکار کر دیا اور اینڈرسن کے ساتھ آخری وکٹ کے لیے رنز بناتے رہے ۔
اسی اثنا میں حمید نے سریز میں اپنی دوسری ہاف سنچری پوری کر لی۔لیکن دوسرے اینڈ پر اینڈرسن زیادہ دیر تک ساتھ نہ دے سکے اور پانچ رنز بنا کر جڈیجہ و اشون کے اشتراک سے رن آؤٹ ہوگئے۔حمید نے 154گیندوں پر 6چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ناقابل شکست 59رنز بنا ئے۔ آخری وکٹ کی شکل میں اینڈرسن کے آوٹ ہونے کے بعد ٹیم انڈیا کے تمام کھلاڑیوں نے حسیب حمید کو ان کی شاندار اننگز پر ان کی پیٹھ تھپتھپاکر حوصلہ افزائی کی۔ ہندوستان کی جانب سے اشون نے تین وکٹ لیے جبکہ جڈیجہ، جینت یادو اور محمد شامی کو دو دو وکٹ ملے۔ جڈیجہ کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

Read all Latest sports news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from sports and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Indias all round show earns 2 0 lead in Urdu | In Category: کھیل Sports Urdu News

Leave a Reply