ہندوستانی خواتین ہاکی ٹیم بیلاروس کو 0-1 سے ہرا کر سیمی فائنل میں داخل

ویسٹ وینکوور: ہندوستان کی سینئر خواتین ہاکی ٹیم نے یوروگوئے کے خلاف شاندار کارکردگی کے بعد یہاں خواتین ہاکی ورلڈ لیگ راؤنڈ ٹو میں بیلاروس کو ایک۔صفر سے ہرا کر سیمی فائنل میں اپنی جگہ یقینی کرلی۔ ہندوستانی ہاکی ٹیم نے ورلڈ لیگ کے اپنے دوسرے پول اے میچ میں وندنا کٹاریا کے 26 ویں منٹ میں واحد گول کی بدولت بیلاروس کو شکست دے کر مسلسل دوسری جیت درج کی جس کی بدولت وہ پول اے میں چوٹی پر ہے اور سیمی فائنل میں پہنچ گئی ہے۔ یوروگوئے کے خلاف پنالٹی شوٹ آوٹ میں4-2 کی دلچسپ جیت درج کرنے کے بعد بلند حوصلے کے ساتھ ہندوستانی خواتین ٹیم نے بیلاروس کے خلاف بھی مہم کا آغاز جارحیت کے ساتھ کیا۔
پہلے کوارٹر میں دونوں ہی ٹیموں نے پنالٹی کارنر حاصل کیا لیکن اس پر گول نہیں کر سکیں۔ میچ کے دوسرے کوارٹر میں ہندوستان نے 21 ویں منٹ میں ہی اپنا دوسرا پنالٹی کارنر حاصل کیا۔ ہندوستانی ہاکی ٹیم اگرچہ اس بار بھی موقع کا فائدہ نہیں اٹھا سکی لیکن گزشتہ میچ کی اسٹار ہندوستانی گول کیپر سویتا نے بیلاروس کے 22 ویں منٹ میں پنالٹی کارنر پر ایک یقینی گول بچا کر حریف ٹیم کو سبقت لینے سے روک دیا۔لیکن پھر 26 ویں منٹ میں وندنا نے خوبصورت میدانی گول کرتے ہوئے ہندوستان کو ایک۔صفر کی برتری دلا ئی۔ یہ وندنا کا ٹورنامنٹ میں دوسرا گول بھی ہے۔ ہندوستانی ٹیم نے ہاف ٹائم میں ملی اس برتری کو دوبارہ برقرار رکھا۔
ہندوستان نے ساتھ ہی بیلاروس کے سرکل میں بھی گھسنے کی کوشش کی۔ تیسرے کوارٹر میں ہندوستانی ٹیم نے ایک اور پنالٹی کارنر حاصل کیا لیکن اسے وہ گول میں تبدیل نہیں کرسکی۔ وہیں بیلاروس نے برابری کی کوشش تیز کرتے ہوئے 58 ویں منٹ میں پنالٹی کارنر حاصل کیا لیکن اس بار بھی سویتا نے کمال کی ڈاﺅ کے ساتھ حریف ٹیم کو برابری سے روکا اور ہندوستان نے واحد گول کے فرق سے مقابلہ جیت لیا۔ ہندوستانی ٹیم کا اب سیمی فائنل میں آٹھ اپریل کو اگلا مقابلہ ہوگا۔ حریف ٹیم کا فی الحال فیصلہ نہیں ہوا ہے۔

Read all Latest sports news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from sports and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Indian womens hockey team beat uruguay 4 2 in shootout in Urdu | In Category: کھیل Sports Urdu News
Tags: , ,

Leave a Reply