ٹیم انڈیاکا سری لنکا کے خلاف 150واں میچ جمعرات کو ،جیتتے ہی چمپینز ٹرافی کا سیمی فائنل کھیلے گی

لندن: جارحانہ کپتان وراٹ کوہلی کی ٹیم پاکستان کو فتح کرنے کے بعد اب آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے سیمی فائنل میں جگہ بنانے کے لئے سری لنکا کے ساتھ کھیلے گی۔ ہندوستان اور سری لنکا کاگروپ بی مقابلہ جمعرات کو اوول میدان پر کھیلا جائے گا۔ گزشتہ چمپئن ہندوستان نے اپنے گروپ کے پہلے میچ میں پاکستان کو 124 رنوں سے شکست دی تھی۔ اس کا مقابلہ اب سری لنکا کے ساتھ ہے جسے اپنے پہلے میچ میں اوول میں ہی جنوبی افریقہ کے ہاتھوں 96 رنوں سے شکست کھانی پڑی تھی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان یہ 150 واں یک روزہ میچ ہوگا۔ ون ڈے سیریز کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہوگا جب دو ٹیمیں اپنے اپنے 150 میچ پورے کریں گی۔ اس لحاظ سے اس مقابلے کی اہمیت اور بھی زیادہ بڑھ جاتی ہے۔ ٹیم انڈیا نے پاکستان کے خلاف زبردست کھیل کا مظاہرہ کیا تھا۔ ہندوستان نے بارش کے باوجود میچ میں تین وکٹ پر 319 رن کا بڑا اسکور بنانے کے بعد پاکستان کو محض 33.4 اوور میں 164 رن پر ہی آل آوٹ کردیا تھا۔ ہندوستان نے ڈک ورتھ لوئیس قانون کے تحت یہ میچ 124 رنوں سے جیتا تھا۔ ہندوستان کو اس گروپ میں ایک اور فتح سیدھا سیمی فائنل میں پہنچا دے گی۔
کپتان وراٹ کی یہی کوشش رہے گی کہ سیمی فائنل کو دوسرے میچ میں ہی نمٹادیا جائے تاکہ جنوبی افریقہ کے خلاف 11 جون کو آخری گروپ میچ میں کسی طرح کی کوئی گنجائش نہ رہے۔ پاکستان کے خلاف ٹیم انڈیا کے افتتاحی بلے باز روہت شرما (91) اور شکھر دھون (68) نے پہلے وکٹ کے لئے 136 رنوں کی شراکت داری کی تھی جبکہ وراٹ نے ناٹ آوٹ 81 اور یوراج سنگھ نے 53 رن بنائے تھے۔ دوسری جانب سری لنکا کی ٹیم جنوبی افریقہ کے 299 رنوں کے جواب میں 203 رنوں پر ہی سمٹ گئی تھی۔سری لنکا کے نگراں کپتان اپل ترنگا نے سب سے زیادہ 57 رن بنائے تھے لیکن وہ سست اوورریٹ کی وجہ دو میچوں کیلئے معطل ہوگئے۔ وہ اب ہندوستان کے خلاف نہیں کھیل پائیں گے جس کا یقینی طور پر سری لنکا کی بلے بازی پر اثر پڑے گا۔ سری لنکا کے لئے سب سے بڑی راحت کی بات یہ ہے کہ ٹیم کے باقاعدہ کپتان اور سٹار آل راؤنڈر اینجلو میتھیوز اب فٹ ہیں اور ان کا ہندوستان کے خلاف میچ میں کھیلنے کا امکان ہے۔ میتھیوز پہلے میچ میں نہیں کھیل پائے تھے۔ سری لنکا کو ٹیم انڈیا کے تیز گیند بازوں کا سامنا کرنے کے لیے اپنے ٹاپ آرڈر میں استحکام لانا ہوگا۔ .بھونیشور کمار، امیش یادو اور ہاردک پانڈیا جیسے گیندبازوں نے پاکستان کو بری طرح ہلادیا تھا۔ حالانکہ جسپریت بمراہ کوئی وکٹ حاصل نہیں کر پائے تھے بمراہ کے آئیڈیل لست ملنگا سری لنکا کی ٹیم میں موجود ہیں اور وہ آئی پی ایل 10 کا خطاب جیتنے والی ممبئی انڈینس میں بھی شامل تھے۔
ملنگا سری لنکا کے سب سے تجربہ کار گیندباز ہیں لیکن انہیں جنوبی افریقہ کے خلاف کوئی وکٹ نہیں ملا تھا۔ٹیم انڈیا کی بلے بازی کو روکنے کے لئے ملنگا، سرنگا لکمل اور نوان پردیپ کوخاص مظاہرہ کرناہوگا۔ میتھیوز کے آنے سے سری لنکا کی گیندبازی میں بہتری آسکتی ہے۔ اوول میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقہ کے لیگ اسپنر عمران طاہر نے چار وکٹ حاصل کئے تھے جبکہ ٹیم انڈیا کے لیفٹ آرم اسپنر رویندر جڈیجہ نے پاکستان کے خلاف دو وکٹ لینے کے علاوہ بہترین رن آؤٹ بھی کیا تھا۔ ہندستان کی شاندار گیندبازی کو دیکھتے ہوئے یہ کہہ پانا مشکل ہے کہ پہلے میچ میں باہر رہے اسٹار آف اسپنر روی چندرن اشون اس میچ میں کھیل پائیں گے۔ ہندستان اور سری لنکا کے درمیان اب تک 149 میچ کھیلے گئے ہیں جس میں انڈیانے 83 جیتے، 54 ہارے، ایک ڈرا رہا ہے اور گیارہ میچوں کا کوئی نتیجہ نہیں نکلا ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان یہ 150 واں میچ ہوگا۔

Read all Latest sports news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from sports and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: India vs sl champions trophy 2017 in Urdu | In Category: کھیل Sports Urdu News

Leave a Reply