ہندوستان کو سریز میں سبقت لینے اور ویسٹ انڈیز کو برابری پر آنے کا موقع

گراس آئی لینڈ : (یو این آئی) وراٹ کوہلی کے زیر قیادت ہندوستانی کرکٹ ٹیم ویسٹ انڈیز کے خلاف منگل سے شروع ہونے جا رہے تیسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں جیت درج کر کے سیریز نہ ہارنے کو یقینی بنانے کے ارادے سے اترے گی۔ ہندستان نے ویسٹ انڈیز کی زمین پر اب تک ہوئے دونوں ٹسٹ میچوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔اس نے پہلا ٹیسٹ اننگز اور 92 رنز سے جیتا تھا لیکن دوسرا ٹیسٹ جیت کے قریب پہنچنے کے باوجود میزبان ٹیم نے ڈرا کرا دیا۔
ہندستان چار ٹسٹ میچوں کی سیریز میں اب بھی 1۔0 سے آگے ہے اور اس کی کوشش رہے گی کہ وہ تیسرے ٹیسٹ میں گزشتہ غلطیوں سے سبق لیتے ہوئے سیریز میں ناقابل تسخیر برتری حاصل کر لے۔ ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے، جو اپنے گھریلو میدان پر کچھ خاص نہیں کر پا رہی ہے۔ کنگسٹن میں پہلی اننگز میں خراب بلے بازی کی تھی اور ہندستانی گیند بازوں نے اسے 196 رنز پر ہی ڈھیر کر دیا تھا۔اس کے بعد ہندستان نے اپنی پہلی اننگز کو لوکیش راہل اور اجنکیا رہانے کی دو سنچریوں کی بدولت نو وکٹ پر 500 رن کا مضبوط اسکور بنا کر اننگز ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔
ایک وقت لگ رہا تھا کہ ہندستان یہ میچ بھی پہلے ٹیسٹ کی طرح تین چار دنوں میں ہی نمٹا دے گا۔لیکن ویسٹ انڈیز کے بلے بازوں نے دوسری اننگز میں حیرت انگیز کھیل دکھایا اور ہار ٹالتے ہوئے میچ ڈرا کرا دیا۔یقینا وراٹ کوہلی کی قیادت والی اس نوجوان ٹیم کے لیے یہ بڑا سبق رہا ہوگا اور وہ تیسرے ٹیسٹ میں ان غلطیوں سے بچنا چا ہیں گے۔ ہندوستان کے پاس تیسرے ٹیسٹ میں فتح کے ساتھ 2۔0 کی ناقابل تسخیر برتری بنا کر چار ٹسٹ میچوں کی سیریز جیتنے کا موقع رہے گا تو وہیں گزشتہ میچ کے بعد اس بات کا امکان ہے کہ میزبان ٹیم بھی اس ٹیسٹ کو جیت کر سیریز میں 1۔1 سے برابری کرنے کی کوشش کرے گی۔ویسٹ انڈیز کی ٹیم میں جو ٹیلنٹ ہے اسے صرف تجربہ کی ضرورت ہے اور ویسے بھی وہ بڑے الٹ پھیر کرنے میں مہارت رکھتا ہے۔
گزشتہ میچ کو ڈرا کرانے کیلئے نچلے آرڈر میں چھٹے نمبر پر بلے بازی کرنے اترے روسٹن چیس نے ناٹ آؤٹ 137 رنز کی اننگز سے میچ کا رخ ہی بدل دیا تھا۔چیس کے علاوہ پانچویں نمبر پر آئے جرمین بلیک وڈ نے 63، ساتویں نمبر پر آئے شین ڈارچ نے 74 اور آٹھویں نمبر پر آئے کپتان جیسن ہولڈر نے 64 رنز کی بہترین نصف سنچری اننگز سے ہندستانی گیند بازوں پر سکتہ طاری ہو گیا تھا۔ویسٹ انڈیز نے سیریز میں ابھی تک سنجیدگی سے کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کیا ہے لیکن پچھلا میچ ڈرا کرانے سے اس کی امید بندھی ہے اور ایسے میں ہندستانی ٹیم کو زیادہ محتاط رہنا ہوگا۔ٹیم انڈیا نے اب تک کمال کی گیند بازی اور بلے بازی دکھائی ہے اور ٹیم کے تقریبا ہر کھلاڑی نے ذاتی طور پر اچھی کارکردگی کی ہے۔
ٹیم کے کپتان اور اسٹار بلے باز وراٹ گزشتہ دونوں میچوں میں 244 رنز بنا کر بہترین اسکورر ہیں تو لوکیش، رہانے، روی چندرن اشون تمام سنچری میکر ہیں۔وہیں ردھمان ساہا، چتیشور پجارا اور شکھر دھون نے بھی بلے سے مکمل تعاون دیا ہے۔بلے بازی کے لحاظ سے ہندستان نے ناقابل یقین کھیل دکھایا ہے اور دونوں ہی ٹسٹ میچوں میں 500 سے زائد کا اسکور بنا کر اننگز ڈکلیئر کردی اور میزبان ٹیم سے فالوآن کرایا۔
ٹیم کے گیند بازوں نے بھی ویسٹ انڈیز کی مشکل اور سست پچوں پر کافی محنت سے بولنگ کی ہے۔بولنگ شعبہ کی قیادت کر رہے آف اسپنر اشون نے گزشتہ دونوں میچوں میں ایک اننگز میں سات وکٹ سمیت اب تک 13 وکٹ حاصل کئے ہیں اور وہ سب سے زیادہ کامیاب بولر ہیں۔لیگ اسپنر امت مشرا نے بھی اسپن شعبے میں کافی بہترین کھیل کا مظاہرہ کیاہے اور وہ چھ وکٹ لے چکے ہیں۔کپتان وراٹ کے کا اپنے اوپر اعتماد برقرار رکھتے ہوئے انجیوری سے ابھرنے کے بعد واپسی کر رہے تیز گیند باز محمد سمیع نے اب تک آٹھ وکٹ لئے ہیں اور وہ دوسرے کامیاب بولر رہے ہیں جبکہ ایشانت شرما دو میچوں میں چار وکٹ ہی لے سکے ہیں۔تاہم ڈرا رہے گزشتہ میچ میں اشون نے ہی ویسٹ انڈیز کی دوسری اننگز میں کافی رنز دیے تھے۔اشون نے 117 رنز دے کر ایک وکٹ اور سمیع نے 19 اوور میں 82 رنز دیے تھے اور دو وکٹ لئے تھے۔مشرا نے بھی 90 رنز دیے تھے۔لیکن امید کی جا سکتی ہے کہ ٹیم ان غلطیوں کو پیچھے چھوڑکر واپسی کر سکے گی۔ ویسٹ انڈیز کی بات کریں تو بلے بازوں کے ساتھ اس کے پاس بہترین بولر بھی ہیں اور اس کے لیے اس آر پار کے مقابلے میں ہندستانی بلے بازوں کو ہمالیائی اسکور بنانے سے روکنے میں ان کی اہم ذمہ داری رہے گی۔دوسرے میچ کے سنچری میکر روسٹن چیس میزبان ٹیم کے اس وقت سب سے زیادہ خطرناک کھلاڑی ہیں جنہوں نے اسی میچ میں ہندستان کے پانچ وکٹ بھی لئے تھے۔وہیں گیبریل، کارلوس بریتھویٹ اور دیویندر بشو بھی ہندستان کیلئے چیلنج پیش کر سکتے ہیں۔ ویسٹ انڈیز کے افتتاحیبلے بازوں کو بھی بہتر کارکردگی دکھانا ہوگی۔ ٹیم نے تیسرے ٹیسٹ کے لئے ایک اہم تبدیلی کرتے ہوئے 22 سال کے اوپننگ بیٹسمین شائی ہوپ کو 14 رکنی ٹیم میں جگہ دی ہے۔وہ راجندر چندریکا کی جگہ لے رہے ہیں جنہوں نے 16، 31، 05 اور ایک رن کی اننگز ہی کھیلی ہیں۔

Read all Latest sports news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from sports and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: India look to seal series against west indies in third test in Urdu | In Category: کھیل Sports Urdu News

Leave a Reply