انگلستان نے رنز بنانے کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کرنے کے بعد پاکستان کو ہرا کر سریز بھی جیت لی

ٹرینٹ برج: الیکس ہیلز (171) کی شاندار اننگز، جوس بٹلر (ناٹ آؤٹ 90) اور جو روٹ (85) کی نصف سنچریوں کی بدولت انگلینڈ نے پانچ میچوں کی ون ڈے سیریز کے تیسرے میچ میں منگل کو مقررہ 50 اوورز میں تین وکٹ کے نقصان پر 444 رنز بنا کر ون ڈے کرکٹ میں نیا عالمی ریکارڈ قائم کر نے کے بعد پاکستان کی پوری ٹیم کو 42.4 اوور میں 275 رن پر آؤٹ کر کے پانچ ون ڈے میچوں کی سریز کا تیسرا میچ بھی جیت کر سریز 3-0سے جیت لی۔
سریز کے آخری دو میچوں کا اب کوئی بھی فیصلہ ہو یہ سریز انگلستان جیت چکا ہے۔ یوں تو پاکستان اسی وقت میچ ہا ر گیا تھا جب انگلستان نے مقررہ 50اووروں میں444رنز بناکر نیا عالمی ریکارڈ قائم کیا تھا۔ 445رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی ٹیم 100 رنز تک پہنچتے پہنچتے اپنے چار وکٹ گنوا چکی تھی۔ ٹیم کو پہلا جھٹکا 21 رن کے اسکور پر سمیع اسلم (8) کے طور پر لگا۔ اس کے بعد ٹیم مسلسل وقفے پر اپنا وکٹ کھوتی چلی گئی۔پاکستان کی جانب سے شرجیل خان (58) اور تیز گیند باز محمد عامر (58) ہی ہاف سنچریاں بنا کر نمایاں رہے۔۔ شرجیل نے 30 گیندوں میں 12 چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 58 اور عامر نے 28 گیندوں میں پانچ چوکے اور چار چھکے کی مدد سے 58 رنز بنائے۔ اس کے علاوہ سرفراز احمد نے 38، محمد نواز نے 34 اور یاسر شاہ نے ناٹ آؤٹ 26 رنز بنائے۔
انگلینڈ کی طرف سے مارک ووڈ نے 10 اوور میں 75 رن پر ایک وکٹ، کرس ووکس نے 5.4 اوور میں 41 رن پر چار وکٹ اور عادل رشید نے 10 اوور میں 73 رن پر دو وکٹ حاصل کئے۔ اس کے علاوہ پلیکیٹ، اسٹوکس اور معین علی کو ایک ایک وکٹ ملا۔ اس سے قبل ۔ ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے کیلئے اتری انگلینڈ ٹیم کا آغاز اچھا نہیں رہا اور جیسن رائے 19 گیندوں میں تین چوکوں کی مدد سے 15 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ اس کے بعد الیکس ہیلز (171) نے شاندار بلے بازی کی مثال پیش کرتے ہوئے 55 گیندوں میں 50، 83 گیندوں میں 100 اور 110 گیندوں میں 150 رنز بنائے۔ ہیلز نے 122 گیندوں میں 22 چوکے اور چار چھکوں کی مدد سے شاندار 171 رنز بنائے۔
اس جارحانہ اننگز کی بدولت ہیلز نے انگلینڈ کی جانب سے ایک اننگز میں سب سے زیادہ رن بنانے کا 23 سال پرانا ریکارڈ توڑا۔ ہیلز سے پہلے رابن ا سمتھ نے 21 مئی 1993 کو آسٹریلیا کے خلاف برمنگھم میں ناٹ آؤٹ 167 رنز بنائے تھے۔ہیلز کے علاوہ جوس بٹلر نے 51 گیندوں میں سات چوکے اور سات چھکوں کی مدد سے ناٹ آوٹ 80 اور جو روٹ نے 86 گیندوں میں آٹھ چوکوں کی مدد سے 85 رنز بنائے۔ بٹلر نے اپنے ملک کے لئے سب سے تیز نصف سنچری لگانے کا نیا ریکارڈ بھی بنایا۔ اس کے علاوہ کپتان ایون مورگن (ناٹ آؤٹ 57) نے ذمہ داری سنبھالی اور چوتھے وکٹ کے لیے صرف 12 اووروں میں 161 رن کی شراکت داری کرکے پاکستانی حملے کو ناکام بناتے ہوئے اپنی ٹیم کا اسکور تین وکٹ پر 444 رنز تک پہنچا دیا۔ اس اسکور کے ساتھ ہی انگلینڈ نے ون ڈے میں ایک اننگز میں سب سے زیادہ اسکور کا نیا ریکارڈ بنایا۔
اس سے پہلے ون ڈے میں سب سے زیادہ اسکور کا ریکارڈ سری لنکا کے نام تھا جس نے 2006 میں ہالینڈ کے خلاف ایمسٹلوین میں نو وکٹ پر 443 رن بنائے تھے۔ انگلینڈ کا اس سے پہلے سب سے زیادہ اسکور نو وکٹ پر 408 رن تھا جو اس نے گزشتہ سال برمنگھم میں نیوزی لینڈ کے خلاف بنایا تھا۔ انگلینڈ نے آخری دس اوورز میں 135 رنز جوڑے اور یہ بھی نیا ریکارڈ ہے۔
پاکستان کی جانب سے حسن علی کو دو اور محمد نواز کو ایک وکٹ ملا۔ اس کے علاوہ کوئی بھی گیند باز انگلش بلے بازوں کو روک نہیں سکا۔ وہاب ریاض پاکستان کے سب سے مہنگے بولر ثابت ہوئے جنہوں نے 10 اوور میں 110 رن دئے جو ون ڈے کرکٹ کا دوسرا سب سے مہنگا اوور رہا۔445 رنز کے ہمالیائی اسکور کا تعاقب کرنے اتری پاکستان کی ٹیم پورے اوور بھی نہیں کھیل پائی اور رنز کے دباؤ میں 42.4 اوور میں 275 رن پر بکھر گئی اور انگلینڈ نے 169 رنز سے میچ جیتنے کے ساتھ ساتھ سیریز بھی0۔3سے اپنے نام کر لی۔ہیلز کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

Read all Latest sports news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from sports and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Hales 171 out of 444 for 3 as england seal series in Urdu | In Category: کھیل Sports Urdu News

Leave a Reply