اولمپکس ہاکی :ہندوستان میچ کے آخری تین سکنڈ میں تین قیمتی پوائنٹس سے ہاتھ دھو بیٹھا

ریو دی جینرو: ریو اولمپکس میں جیت کے ساتھ شروعات کے بعد ہندوستانی ہاکی ٹیم کے پرستاروں کو اس وقت زبردست جھٹکا لگا جب جرمنی کے خلاف اہم میچ کے آخری تین سکنڈ میں گول کھا کر ہندوستان تین قیمتی پوائنٹس سے محروم ہو گیا ۔
اور پول- بی کے اپنے دوسرے میچ میں اسے1-2 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ہندوستانی ٹیم کی جانب سے روپندر پال نے 23 ویں منٹ میں ایک گول کیا جبکہ نکولس ویلن نے 18 ویں منٹ اور اور کرسٹوفر روہر نے 60 ویں منٹ میں جرمنی کے لیے گول کیا۔ مقابلہ انتہائی دلچسپ اور سخت تھا اور دونوں ہی ٹیموں نے کمال کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے اپنے گول کا دفاع کیا لیکن آخری سیکنڈوں میں کرسٹوفر کے میدانی گول نے ہندوستان کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔ جیسے ہی کرسٹوفر کا شاٹ گول میں گھسا، ہندوستانی کھلاڑیوں اور مداحوں کے چہرے پر مایوسی جھلکنے لگی۔
مقابلے کے پہلے کوارٹر میں اسکور 0-0 سے بغیر گول کے رہنے کے بعد 2012 لندن اولمپکس کی گول میڈل یافتہ ٹیم جرمنی کے نکولس نے 18 ویں منٹ میں گول درج کرتے ہوئے 1-0 کی برتری بنائی لیکن روپندر نے 23 ویں منٹ میں پینالٹی کارنر پر درست شاٹ لگاتے ہوئے اسکور 1-1 سے برابر کر دیا۔ اس کے بعد دونوں ہی ٹیموں نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے اپنے گول کا دفاع کیا۔ نصف وقفہ تک مقابلہ 1-1 سے برابر رہا جس کے بعد تیسرے کوارٹر میں کسی بھی ٹیم کو گول کرنے میں کامیابی نہیں ملی۔
ہندوستان کو 40 ویں منٹ میں پینالٹی کارنر کا موقع ملا لیکن اس کو گول میں تبدیل کرنے میں اسے کامیابی نہیں مل سکی۔ آخری منٹ سے چندسکنڈ پہلے تک ایسا لگ رہا تھا کہ ہندوستان یہ میچ ڈرا کرانے میں کامیاب رہے گا لیکن کرسٹوفر نے 60 ویں منٹ میں گول کر کے اس کی امیدوں پر پانی پھیرنے کا کام کیا اور جرمنی نے یہ مقابلہ 2-1 سے اپنے نام کر لیا۔ اولمپکس میں یہ جرمنی کی دوسری جیت ہے اور اس کے چھ پوائنٹس ہو گئے ہیں۔ اس نے اپنے پہلے اولمپک مقابلے میں کینیڈا کو 6-2 سے شکست دی تھی جبکہ ہندوستان کی یہ دو مقابلوں میں پہلی شکست ہے۔ ہندوستان نے اپنے پہلے میچ میں آئرلینڈ کو 3-2 سے شکست دی تھی۔

Read all Latest sports news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from sports and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Germany defeats india in a closely fought encounter in Urdu | In Category: کھیل Sports Urdu News

Leave a Reply