پاکستان سوپر لیگ کا فائنل لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ہی کریا جائے گا:نجم سیٹھی

دبئی: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ملک میں ہو رہے مسلسل دہشت گرد حملوں کے درمیان پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) ٹوئنٹی۔20 ٹورنامنٹ کا فائنل لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ہی کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ پی ایس ایل کے چیئرمین نجم سیٹھی نے یہاں فرنچائزی مالکان کے ساتھ ملاقات کے بعد اس بات کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم مالکان نے لاہور میں فائنل کروانے پر اپنی رضامندی دے دی ہے۔ فرنچائزی مالکان کو اب اپنے غیر ملکی کھلاڑیوں سے بات کرنی ہوگی کہ اگر ان کی ٹیم فائنل کے لیے کوالیفائی کرتی ہے تو کیا وہ لاہور جانے کے لیے تیار ہیں؟ سیٹھی نے میٹنگ کے بعد کہا ”یہ بہت ہی خوش آئند بات ہے کہ ٹیم مالکان نے فائنل میچ لاہور میں کرانے پر رضامندی دی ہے۔
میرا خیال ہے کہ ایک بار لیگ کا فائنل لاہور میں ہونے سے بین الاقوامی کرکٹ ٹیموں کے لیے دوبارہ سے پاکستان کا دورہ کرنے کا راستہ کھل جائے گا۔ ہم سب اس مشن کے سلسلے میں مصروف عمل ہیں اور ہماری خواہش ہے کہ لیگ کا فائنل لاہور میں ہی منعقد ہو“۔ اگر کوئی غیر ملکی کھلاڑی لاہور آنے کے لیے تیار نہیں ہوتا ہے تو پھر پی سی بی 25 فروری کو ڈرا کا انعقاد کرے گی جس میں فرنچائزی ٹیموں کو ریزرو کھلاڑیوں کو منتخب کرنے کا موقع ملے گا۔واضح رہے کہ حال ہی میں لاہور میں ہوئے بم دھماکے کے بعد پی ایس ایل کا فائنل یہاں قذافی اسٹیڈیم میں منعقد کرنے پر خطرے کے بادل منڈلانے لگے تھے۔ دبئی میں کھیلے جا رہے اس ٹورنامنٹ کا فائنل پانچ مارچ کو ہونا ہے۔

Title: franchises agree to play psl final in lahore | In Category: کھیل  ( sports )

Leave a Reply