ارجنٹائن سنسنی خیز میچ میں نائجیریا کو ہرا کر ورلڈ کپ فٹبال کے پری کوارٹڑ فائنل میں داخل

ماسکو: ورلڈ کپ فٹبال ٹورنامنٹ2018 کے آخری 5منٹ اگر ارجنٹائن کے لیے کسی خوشگوار یاد سے کم نہیں تو سوپر ایگل سے معروف نائجیریاکے لیے وہ کسی ڈراؤنے خواب سے کم نہیں ہوگا کیونکہ یہ میچ کے آخری پانچ منٹ کا وہ پہلا منٹ تھا جس میں دفاعی کھلاڑی مارکوس روجو نے، جن پر نائجیریا کے کسی کھلاڑی نے نظر نہیں رکھی ہوئی تھی، دائیں جانب سے مرکاڈو کے نپے تلے کراس پر ڈی کے اندر سے ہی زناٹے دارشاٹ لگا کر نائجیریا پر پری کوارٹر فائنل میں پہنچنے کے دروازے بند کر کے اپنی ٹیم کو شاہانہ انداز میں آخری16میں پہنچا دیا۔

جہاں ارجنٹائن کا مقابلہ فرانس سے ہوگا۔2-1کے فرق سے اس جیت کے ساتھ ارجنٹائن4پوائنٹس لے کر گروپ ڈی میں دوسری پوزیشن پر آگیا جبکہ کروشیا اپنے تینوں میچ جیت کر9پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پر ہے۔اس نے اپنے آخری میچ میں آئس لینڈ کو2-1سے ہرایا۔ارجنٹائن نے 14ویں منٹ میں ہی لیونل میسی کے گول سے برتری حاصل کر لی تھی۔ میسی کا یہ گول اس ورلڈ کپ میں ان کا پہلا اور کیریرکا 100واں گول تھا۔اور کسی ورلڈ کپ میں ان کا آخری گول بھی نائجیریا کے ہی خلاف تھا جو انہوں نے2014کے ورلڈ کپ میں کیا تھا۔

14ویں منٹ میں میسی کے اس گول سے ہی ارجنٹائن میں زندگی کی رو دوڑ گئی۔اور نائیجیریائی سوپر ایگلز کچھ مایوس اورپست حوصلہ سے نظر آئے ۔لیکن دوسرے ہاف میں ارجنٹائن کا دفاعی کھلاڑی جیوئیر میسکرانو ڈی کے اندر غلطی کر بیٹھا اور پیروں کے بجائے ہاتھوں کے فن کا مظاہرہ کرتے ہوئےبڑی خوبصورتی سے نائیجیریائی اسٹرائیکر کو ہاتھ سے کھینچ کر گیند پر قبضہ نہیں کرنے دیا جس پر ریفری نے پنالٹی دینے میں کوئی تاخیر نہیںکی۔ پنالٹی پر وکٹر موسس نے یہ خوبصورت گول کر کے نائیجیریا میں جان ڈال دی اور انہوں نے پے درپے حملے شروع کر دیے۔

ارجنٹائن نے برابری کا گول کھاتے ہی فیصلہ کن گول کرکے پری کوارٹر فائنل میں جگہ پکی کرنے کے لیے سر دھڑ کی بازی لگا دی۔کیونکہ اسکور برابر ہوجانے کے باعث نائیجیریا کے آخری 16کی صف میں شامل ہونے کے آثار روشن ہو چلے تھے۔ لیکن ارجنٹائن نے بھی حوصلہ نہیں ہارا اور نائجیریائی ایگلوں کو اپنے ہاف میں پھٹکنے تک نہیں دیا اور انہی کے ہاف میںانہیں مصروف رکھا۔ یہاں تک کہ87ویں منٹ میں آخر کار ارجنٹائن اپنی حکمت عملی میں کامیاب ہو گیا۔ دوسری جانب اسی گروپ کے جس میچ پر ارجنٹائن کے پری کوارٹر فائنل میں پہنچنے کا دارو مدار تھا اس میں بھی قسمت نے ارجنٹائن کا ساتھ دیا اور کروشیا نے آئس لینڈ کو 2-1سے ہرا کر ارجنٹائن کو پری کوارٹر فائنل میں پہنچانے میں معاونت کی۔

Read all Latest sports news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from sports and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Fifa world cup 2018 rojos last gasp rescue act takes argentina to last 16 in Urdu | In Category: کھیل Sports Urdu News

Leave a Reply