میں یوراج سنگھ کے سامنے خود کوکلب کرکٹر محسوس کر رہا تھا:وراٹ کوہلی

برمنگھم: آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے اپنے پہلے مقابلے میں دیرینہ حریف پاکستان کو شرمناک شکست دینے کے بعد ہندوستانی کپتان وراٹ کوہلی نے اپنے بلے بازوں اور گیند بازوں کی زبردست تعریف کی لیکن ساتھ ہی انہوں نے فیلڈنگ کے شعبہ میں سدھار لانے پر بھی زور دیا۔ ہندوستان نے 48 اوور میں تین وکٹ پر 319 رن کا بڑا اسکور بنانے کے بعد بارش سے متاثرہ مقابلے میں پاکستان کو 33.4 اوور میں 164 رن پر ڈھیر کر 124 رن سے میچ اپنے نام کر لیا۔ وراٹ نے میچ ختم ہونے کے بعد کہا کہہم نے گیند اور بلے سے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ اس کے لئے میں ٹیم کو 10 میں سے 9 پوائنٹس دوں گا، لیکن فیلڈنگ میں ہم آج چھ پوائنٹس کے برابر ہی تھے۔
ٹورنامنٹ میں مضبوط ٹیموں کے خلاف ہونے والے مقابلے کے لئے ہمیں اپنی فیلڈنگ کو بہتر کرنا ہوگا ۔ ہندوستانی فیلڈروں نے اس بڑے مقابلے میں کم از کم تین آسان کیچ چھوڑے“۔ میچ میں ہندوستان کے چار بلے بازوں نے نصف سنچریاں بنائیں۔ روہت شرما (91)، کپتان وراٹ کوہلی (ناٹ آؤٹ 81)، شکھر دھون (68) اور مین آف دی میچ یوراج سنگھ (53) نے بہترین اننگز کھیلی جس کی بدولت ہندوستان تین وکٹ پر 319 رن کا بڑا اسکور بنانے میں کامیاب رہا۔ وراٹ نے اپنے بلے بازوں کی جم کر تعریف کرتے ہوئے کہا ”شکھر اور روہت نے ٹیم کو مضبوط آغازدلایا۔ پچھلی بار ہم جب یہاں خطاب جیتے تھے تو ہمارے اوپنروں نے اہم کردار ادا کیا تھا۔ روہت نے کچھ وقت لیا لیکن وہ چوٹ کے بعد واپسی کر رہے ہیں اور بین الاقوامی کرکٹ آئی پی ایل سے مختلف ہے“۔
ہندوستانی کپتان نے کہا ”شکھر کے علاوہ یوراج بھی کافی اچھی فارم میں تھے اور ان کے سامنے میں کلب کرکٹر لگ رہا تھا۔ آخری اوور میں ہاردک کی کارکردگی بھی بہترین تھی۔ اس جیت سے یقینی طور پر ٹیم کے حوصلے کافی بلند ہوئے ہیں اور کھلاڑیوں کا اعتماد بھی بڑھا ہے“۔ وہیں دوسری طرف پاکستانی کپتان سرفراز احمد نے شکست پر مایوسی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ آخری آٹھ اووروں نے ہمیں میچ سے دور کر دیا۔ سرفراز نے کہا ”40 اوور کے بعد بھی ہم میچ میں تھے لیکن آخری آٹھ اوور میں ہم نے موقع گنوا دیا۔ اس کا کریڈٹ ہندوستانی بلے بازوں کو جاتا ہے جنہوں نے آخری آٹھ اوور میں 124 رن بنائے اور جیت ہندوستان کی جھولی میں چلی گئی“۔

Read all Latest sports news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from sports and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Felt like a club batter in front of yuvraj singh virat kohli in Urdu | In Category: کھیل Sports Urdu News

Leave a Reply