چنئی سوپر کنگز حیدر آباد کو ہرا کر آئی پی ایل کے فائنل میں داخل

ممبئی: بولنگ کا عمدہ مظاہرہ کرنے کے بعد اپنے افتتاحی بلے باز فاف ڈو پلیسس کی 67رنز کی غیر مفتوح اننگز کی بدولت چنئی سوپر کنگز نے کانٹے کے مقابلہ میں سن رائزرسحیدر آباد کو 2وکٹ سے شکست دے کر آئی پی ایل 2018کے فائنل میں داخلہ حاصل کر لیا۔

چنئی نے ٹاس جیت کر حیدر آباد کو پہلے بلے بازی کرنے مدعو کیا۔اور چاہر نے پہلے اوور کی پہلی ہی گیند پر شکھر دھون کا کلین بولڈ کر کے کپتان مہندرسنگھ دھونی کا فیصلہ درست ثابت کر دیا۔جسے جو بھی بولر اٹیک پر آتا گیا وکٹ لے کر کپتان کا فیصلہ درست ہونے کا ثبو ت دیتا رہا۔ابھی اسکور69ہی تھا کہ حیدرآباد کی نصف ٹیم، جس میں ولیمسن ،منیش پانڈے اور شکیب الحسن بھی شامل تھے، پویلین جا چکی تھی۔15ویں اوور میں جب یوسف پٹھان بھی محض88کے مجموعی اسکورپر آؤٹ ہو گئے تو ایسا محسوس ہونے لگا تھا کہ شاید حیدر آباد کی ٹیم 100کا ہندسہ بھی پار نہیں کر سکے گی لیکن ویسٹ ا نڈین در آمدکارل براتھویٹ نے مرتا کیا نہ کرتا کے مصداق خطرہ مول لے کر لمبی ہٹیں لگانا شروع کر دیں اور چار چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے29گیندوں پر45رنز بنا کر 139رنز کا قابل دفاع اسکور دیا۔

چنئی کی طرف سے افغان درآمد راشد خان اور آل راؤنڈر رویندر جڈیجہ واین کیڈی نے وکٹ تو ایک ایک ہی لی لیکن ٹیسٹ انداز کی بولنگ کر کے بہت کم رنز دیے۔ چنئی کا ہر بولر ایسی کمال کی بولنگ کررہاتھا کہ کپتان دھونی کو ہربھجن سنگھ جیسے معروف آف اسپنر کو زحمت نہیں دینا پڑی۔ لیکن140کے ہدف کو پار کرنے میں بھی چنئی کے کھلاڑیوں کو لوہے کے چنے چبانےپڑے۔اس کے افتتاحی بلے باز شین واٹسن اننگز کے پہلے ہی اوور کی پانچویں گیند پر بھونیشور کمار کا شکار بن گئے۔اور دیکھتے ہی دیکھتے چنئی کی نصف ٹیم بھی اس وقت آؤٹ ہوگئی جب وہ منزل سے کوسوں دور تھی ۔اور ابھی 100رنز بھی نہیں بنے تھے کہ اس کا ساتواں وکٹ بھی آؤٹ ہو گیا جس سے چنئی کے سر پر شکست کے بادل اور گھنیرے ہوگئے۔

لیکن دوسرے اینڈ پر افتتاحی بلے باز فاف ڈی پلیسسس نے اپنےحواس مجتمع رکھے اور بیٹنگ کا نہایت خوبصورت مظاہرہ کرتے ہوئے شردل کے ساتھ مل کر ٹیم کو منزل تک لے جانے میں کامیاب ہو گئے۔ابھی اننگز کی پانچ گیندیں باقی تھیں کہ ڈوپلیسس نے بھونیشور کمار کے چوتھے اور اننگز کے 20ویں اوور کی پہلی ہی گیند سیدھی لمبی ہٹ لگا کر گیند کو بولر کے سر کے اوپر سے اتارتے ہوئے ہوا میں باؤنڈی پار کرادی۔ اس اننگز میں ان کا یہ چوتھا چھکا تھا۔ ان کی اس عمدہ اور میچ وننگ اننگز کے باعث انہیں مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ شردل ٹھاکر محض5گیندوں پر 3چوکوں کی مدد سے15رنز اور فاف ڈی پلیسس 42گیندوں پر پانچ چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے67رنز بنا کر غیر مفتوح رہے۔ سریش رینا نے 22،دھونی نے 18گیندوں پر 9براو نے 7اور جڈیجہ نے 30رنز بنائے۔

Read all Latest sports news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from sports and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Faf du plessis pulls off great escape to lead csk into ipl final in Urdu | In Category: کھیل Sports Urdu News

Leave a Reply