ٹیم انڈیا راجکوٹ ٹیسٹ میچ ڈرا کرنے میں کامیاب

راجکوٹ:دنیا کی نمبر ون کی پوزیشن پر فائز ٹیم انڈیا انگلینڈ کے خلاف5ٹیسٹ میچوں کی سریز کے پہلے ٹیسٹ میں جو گجرات کے شہر راجکوٹ میں کھیلا گیاکسی طرح گرتے پڑتے ڈرا کرنے میں کامیاب ہو گئی۔ہند اسے انگلستان نے 310 رنز کا ہدف دیا تھا اور میچ کے آخری روز کا کھیل ختم ہونے تک وہ چھ وکٹ کے نقصان پر 172 رنز ہی بنا سکی۔ کپتان وراٹ کوہلی نے ایک طرف کا مورچہ سنبھالتے ہوئے 98 گیندوں پر چھ چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 49 رن بناکر میچ ڈرا کرانے میں اہم کردار ادا کیا۔ وراٹ نے آف اسپنر روی چندرن اشون کے ساتھ، جنہوں نے 32رنز بنائے پانچویں وکٹ کے لئے 47 رن کی قیمتی شراکت کی۔اس شراکت نے ہی ہندستان کو چار وکٹ پر 71 رنز کی نازک صورت حال سے نکالا۔ اور کسی طور لڑکھڑاتی اننگز کو سنبھالا۔
ورنہ افتتاحی بلے باز گوتم گمبھیر صفر، چتیشور پجارا 18، مرلی وجے 31 اور اجنکیا رہانے ایک رن بنا کر جس طرح آؤٹ ہوئے اس سے ٹیم انڈیا کے سر پر شکست کے بادل منڈلانا شروع ہو گئے تھے۔ لیکن پہلے اشون نے اور پھررویندر جڈیجہ نے 32 رنز کی اننگز کھیل کروراٹ کا بھرپور ساتھ دیتے ہوئے ٹیم انڈیا پر چھائے شکست کے بادل چھانٹ دیے۔ مقررہ اوور ختم ہو جانے کے بعد کھیل کا جو وقت بچا رہ گیا تھا اور اس کے لئے باقی چار اوور کرائے گئے۔لیکن وراٹ اور جڈیجہ نے اس کو بھی بہ دقت تمام مزید کسی نقصان کے گذار دیا۔ہندستان کے لئے ہدف مشکل تھا اور اسے صرف میچ بچانے کے لئے کھیلنا تھا۔اوپنر گمبھیر کھاتہ کھولے بغیر کرس ووکس کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
پہلی اننگز میں سنچری بنانے والے پجارا نے 36 گیندوں پر 18 رنز بنائے۔انہیں راشد نے ایل بی ڈبلیو کیا۔پجارا نے اس فیصلے پر ڈی آرایس کا سہارا نہیں لیا ورنہ وہ بچ سکتے تھے۔ وجے 71 گیندوں میں چھ چوکوں کی مدد سے 31 رنز بنانے کے بعد راشد کا دوسرا شکار بنے۔ رہانے کو آف اسپنر معین علی نے بولڈ کیا۔رہانے ایک رن ہی بنا سکے۔وراٹ اور اشون نے ہندوستانی اننگز کو سنبھالا۔دونوں مجموعی اسکور کو 118 تک لے گئے۔اس اسکور پراشون کو لیفٹ آرم اسپنر ظفر انصاری نے جو روٹ کے ہاتھوں کیچ کرایا۔ساہا کو راشد نے اپنی ہی گیند پر کیچ کر لیا۔
اس کے بعد وراٹ کا ساتھ دینے آنے والے جڈیجہ نے 33 گیندوں میں چھ چوکوں کے سہارے ناٹ آؤٹ 32 رنز بنائے اور دونوں بلے بازوں نے میچ کو ڈرا کرا دیا۔ لیگ اسپنر عادل راشد نے اس ننگز میں بجھی شاندار بؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے تین وکٹ لیے۔اس سے قبل ا نگلینڈ نے کپتان ایلیسٹیر کک ان کے ٹیسٹ کیریر کی 30 ویں سنچری اور پہلا ٹیسٹ کھیل رہے 19 سالہ حسیب حمید کی 82 رنز کی شاندار اننگز کی بدولت اپنی دوسری اننگز تین وکٹ پر 260 رنز پر ڈکلیئر کرکے ہندستان کو 49 اوور میں جیت کے لئے 310 رنز کا ہدف دیا۔ کک نے 243بالوں کی اننگز میں13چوکوں کی مدد سے130اور حمید نے 177گیندیں کھیل کر7چوکوں اور ایک چھکے کے ساتھ82رنز بنائے۔ معین علی کو ان کے شاندار آل راؤنڈ کھیل کے باعث مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

Read all Latest sports news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from sports and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: England end four short of unlikely win in Urdu | In Category: کھیل Sports Urdu News

Leave a Reply