ہندوستان محض9رنز کے فرق سے ویمن کرکٹ ورلڈ کپ میں تاریخ رقم کرنے سے چوک گیا

لندن:انگلستان نے ہندستانی خواتین کرکٹ ٹیم کو 9رنز سے شکست دے کر چوتھی بار ویمنز ورلڈ کپ پر قبضہ کر لیا۔ ایک موقع پر ہندوستان کی ٹیم محض تین وکٹ کے نقصان پر 191رنز بنا کر جیت کی دہلیز پر پہنچ چکی تھی۔لیکن انگلستان کی فاسٹ بولر شربسول نے یکے بعد دیگرے کئی جھٹکے دے کر ہندوستان کی پوری اننگز کو 219رنز پر ہی سمیٹ کر اس کے کے جبڑوں سے جیت چھین کر اسے لاڈز کے تاریخی میدان میں ایک نئی تاریخ رقم کرنے سے محروم کر دیا۔ اگر ہندوستان نے یہ فائنل جیت لیا ہوتا تو لارڈز کے میدان میں آئی سی سی کے پرچم تلے کسی بھی ٹورنامنٹ کا فائنل جیتنے کی یہ ہیٹ ٹرک ہو تی ۔ اس سے قبل1983میں کپل دیو کی قیادت میں مردوں کی ٹیم نے ورلڈ کپ اور پھر 2002میں سوربھ گنگولی کی قیادت مین ہندوستان نے نٹ ویسٹ ٹرافی کا فائنل جیتا تھا۔ علاوہ ازیں ہندوستان کی جیت کی شکل میں ہندوستان کوویمنز کرکٹ ورلڈ کپ جیتنے والی پہلی ایشیائی ٹیم ہونے کا بھی اعزاز حاصل ہو جاتا ۔
ہندستانی ٹیم کو 2005میں آسٹریلیا کے ہاتھوں فائنل میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا اور اس بار انگلینڈ نے اس کی امیدوں کو توڑ دیا۔ انگلینڈ نے 1973، 1993، 2009 اور 20017میں چار مرتبہ خطاب جیتا ہے۔ اس شکست کے لئے ہندستانی ٹیم خود ذمہ دار ہے جس نے تین وکٹ پر 191رن کی جیتنے والی پوزیشن سے خود کو 219پر سمٹ جانے دیا۔ ہندستان نے اپنے آخری سات وکٹ محض 28رن جوڑ کر گنوا دےئے۔ انیاشربسول نے 46رن پر چھ وکٹ لیکر ہندستانی خوابوں کو شرمندہ تعبیر نہیں ہونے دیا۔ ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے ہندستان نے افتتاحی بلے باز اسمرتی مندھانا کو دوسرے اوور میں ہی گنوا دیا۔ اسمرتی اپنا کھاتہ تک نہیں کھول سکیں۔ پونم راوت (86 ) نے کپتان متالی راج کے ساتھ دوسرے وکٹ کے لئے 38رن بنائے۔ متالی 31گیندوں میں تین چوکوں کی مدد سے 17رن بناکر رن آوٹ ہوگئیں۔ پونم نے پچھلے میچ میں ناٹ آوٹ 171رن بنانے والی ہرمن پریت کور کے ساتھ تیسرے وکٹ کے لئے 95رن کی اہم ساجھیداری کی۔ہرمنپریت نے جارحانہ انداز میں کھیلتے ہوئے 80گیندوں میں تین چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے شاندار 51رن بنائے۔ پونم نے پھر ویدا کرشنا مورتی کے ساتھ چوتھے وکٹ کے لئے 53رن جوڑے۔ ہندستانی ٹیم تین وکٹ پر 191رن بناکر نہایت مضبوط پوزیشن میں تھی لیکن میچ نے اچانک کروٹ لی اور اسی اسکور پر پونم کے ایل بی ڈبلیو ہوتے ہی ہندستانی ٹیم لڑکھڑا گئی اور اس نے 201رن تک پہنچتے پہنچتے اپنے سات وکٹ گنوا دےئے۔
سشما ورما (صفر) ، ویدا (35) اور جھولن گوسوامی صفر پر آوٹ ہوگئیں۔شکھا پانڈے چار رن بنانے کے بعد 218کے اسکور پر رنآوٹ ہوگئیں۔ ہندستان نے 27رن کے دوران پانچ وکٹ گنوا دےئے۔ میچ مسلسل دلچسپ ہوتا جارہا تھا اور ہندستانیوں کے دل کی دھڑکنیں نیچے اوپر ہونے لگی تھیں۔ ہندستان کی آخری امید دپتی شرما اونچا شاٹ کھیل کر اپنا وکٹ گنوا بیٹھیں اور اس کے ساتھ ہی ہندستانی امیدیں بھی ختم ہوگئیں۔ دپتی نے 14رن بنائے اور ہندستانی اننگز 219پر سمٹ گئی۔ شربسول کو ان کے چھ وکٹ کے لئے پلےئر آف دی میچ کا ایوارڈ ملا۔

Read all Latest sports news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from sports and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: England beat india by nine runs to win womens cricket world cup in Urdu | In Category: کھیل Sports Urdu News

Leave a Reply