انگلستان نے سابق پاکستانی ٹیسٹ اسپنر ثقلین مشتاق کے معاہدے میں توسیع کی

لندن :(یو این آئی )انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے پاکستان کے سابق اسپنرثقلین مشتاق کے معاہدے میں ہندوستان کے خلاف تیسرے ٹیسٹ کے اختتام تک توسیع کردی ہے۔ کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق ثقلین مشتاق موہالی میں ہونے والے سیریز کے تیسرے ٹیسٹ تک انگلینڈ ٹیم کے اسپن بالنگ کنسلٹنٹ کی حیثیت سے کام کرتے رہیں گے۔ثقلین مشتاق کا انگلینڈ کے ساتھ معاہدے کا یہ دوسرا دور چل رہا ہے تاہم سیریز سے قبل انھیں صرف دو ہفتوں کے لیے ٹیم کا اسپن بالنگ کنسلٹنٹ مقرر کیا گیا تھا اور وہ پہلے ٹیسٹ کے اختتام پر وطن واپس لوٹنے والے تھے۔
انگلینڈ نے رواں سال پاکستان کے خلاف ہوم سیریز میں بھی ثقلین کی خدمات حاصل کی تھیں جس کے باعث ٹیم نے دوسرے اور تیسرے ٹیسٹ میں کامیابی حاصل کرکے سیریز میں برتری حاصل کی تھی۔ انگلینڈ ٹیم کے اسپنرز کو ثقلین کی معاونت کارآمد ثابت ہورہی ہے اور وہ ان کے ساتھ کام کرکے خوش ہیں جس کے باعث ان کی خدمات کو بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اس سے قبل پاکستان ٹیم کے ایک اور سابق اسپنر مشتاق احمد بھی انگلینڈ ٹیم کے اسپن بالنگ کوچ رہ چکے ہیں اور انھوں نے ٹیم کے کھلاڑیوں کی کارکردگی کو بہتر بنانے میں بہترین کردار ادا کیا تھا۔ ثقلین مشتاق کی موجودگی میں عادل راشد نے ہندوستان کے خلاف راج کوٹ ٹیسٹ میں بہتر بالنگ کا مظاہرہ کیا اور مجموعی طورپر 7 وکٹیں حاصل کیں تاہم ٹیم کو میچ میں کامیابی نہ دلاسکے۔انگلینڈ اور ہندوستان کی ٹیموں کے درمیان راج کوٹ میں کھیلا گیا پہلا ٹیسٹ برابری پر اختتام پذیر ہوا۔

Read all Latest sports news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from sports and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Ecb extends saqlain mushtaq coaching spell in Urdu | In Category: کھیل Sports Urdu News

Leave a Reply