ہندوستان سریز اور بارڈر ۔گواسکر ٹرافی جیتنے سے صرف87رنز دور

دھرم شالہ: ہندوستان نے بولروں کے عمدہ مظاہرے کی مدد سے آسٹریلیا کو تیسرے روز 53اووروں میں محض137رنز پر آؤٹ کر کے جیت کا 106رنز کے مطلوبہ ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے تیسرے روز کا ہی کھیل کا وقت ختم ہونے تک بغیر کسی نقصان کے 19رنز بنا لیے۔ کریز پر راہل تین چوکوں کی مدد سے13اور مرلی وجے6رنز بنا کر کھیل رہے تھے۔ اب وہ جیت سے صرف87رنز دور ہے۔اس سے قبل آسٹریلیا نے 32رنز کے خسارے سے دوسری اننگز شروع کی لیکن ابھی وہ خسارہ بھی پورا نہیں کر سکی تھی کہ امیش یادو اور بھونیشور کمار ا س کے ٹاپ آرڈر کے تین بلے باز بشمول کپتان اسمتھ کو پویلین بھیج چکے تھے۔
ابھی آسٹریلیا نے 60رنز کی ہی سبقت حاصل کی تھی کہ ہینڈز کوب اور شان مارش کی شکل میں اس کے مزید دو وکٹ گر گئے ۔اس کے بعد تو اشون اور جڈیجہ کی اسپن جوڑی ایسی حاوی ہوئی کہ باقی نصف ٹیم بھی محض45رنز کا اضافہ کر کے آؤٹ ہو گئی۔ میکسویل 60گیندوں پر چھ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے45رنز بنا کر نمایاں رہے۔جبکہ ویڈ نے 25، ہینڈز کوب نے18، اسمتھ نے17اور کمنز نے12رنز بنائے۔ہندوستان کی طرف سے جڈیجہ، اشون اور امیش نے تین تین اور بھونیشور نے ایک وکٹ لیا۔
اس میچ میں دوسرے روز کے کھیل کا وقت ختم ہونے پر جب ہندوستان آسٹریلیا کی پہلی اننگز کے 300 رنز کے جواب میں 6وکٹ پر صرف248رنز ہی بنا سکا تھا تو ایسا محسوس ہو رہا تھا کہ ٹیم انڈیا کو پہلی اننگز میں خسارہ اٹھانا پڑے گا۔لیکن رویندر جڈیجہ اور وکٹ کیپر ردھیمان ساہا نے آسٹریلیا کے فاسٹ اور اسپن کے ملے جلے اٹیک ایسا ڈٹ کر مقابلہ کیا کہ نہ صرف ہندوستان نے300کا ہندسہ چھو لیا بلکہ 31رنز کی سبقت بھی حاصل کر لی۔ جڈیجہ نے چار چوکوں اور اتنے ہی چھکوں کی مدد سے95گیندوں پر63 اورساہا نے 101گیندوں پر دو چوکوں کے ساتھ31 رنز بنائے۔ آسٹریلیا کی طرف سے آف اسپنر لیون نے پانچ اور کمنز نے تین وکٹ لیے جبکہ اوکیف اور ہیزل ووڈ کو ایک وکٹ ملی۔

Read all Latest sports news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from sports and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Dominant india need 87 more to win series in Urdu | In Category: کھیل Sports Urdu News
Tags: , ,

Leave a Reply