چتیشور پجارا کی شاندار سنچری کی بدولت ہندوستان قلیل اسکور پر آؤٹ ہونے سے بچا

ایڈیلیڈ: مڈل آرڈر بلے باز چتیشور پجارا کی شاندار سنچری کی بدولت ہندوستان نے آسٹریلیا کے خلاف چار ٹیسٹ میچوں کی سریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز کا کھیل ختم ہونے تک 9وکٹ کے نقصان پر250رنز بنا لیے۔پجارا نے 310منٹ کی اپنی123رنز کی صبر آزما اننگز میں7چوکے اور دو چھکے لگائے۔

انہیں کمنز نے رن آؤٹ کیا۔ایڈیلیڈ میں کھیل جارہے اس پہے ٹیسٹ میں ہندوستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا ۔لیکن اس پانچ روزہ میچ کو بھی پہلے دن کے پہلے ہی سیشن سے جو کہ بہت نازک ہوتا ہے ٹونٹی ٹونٹی کے انداز میں کھیلنے کی کوشش کی اور نتیجہ میں ابھی اسکور50بھی نہیں ہوا تھا کہ ہندوستان کی نصف ٹیم ڈھیر ہو چکی تھی جس میں اس کے ٹاپ آرڈر کے پانچ بلے باز شامل تھے۔ ان پانچوں کے آؤٹ ہونے پر کرکٹ ماہرین نے اپنے اپنے انداز میں تبصرے کی کرتے ہوئے اس پر اتفاق کیا کہ پانچوں بلے باز آسٹریلیائی بولروں کی ، جو تعداد میں چار تھے،شاطرانہ بولنگ سے نہیں بلکہ اپنے احمقانہ شاٹ کے باعث آؤٹ ہوئے۔کمنٹری کرتے ہوئے مارک بوچر نے تو یہاںتک کہہ دیا کہ ہندوستان کا شاٹ سلیکشن آسٹریلیا کا پانچواں بولر بن گیا“ ۔

دوسرے اوور کی آخری گیند تھی کہ مسلسل آؤٹ آف فارم چلے آرہے کے ایل راہل نے پویلین کی راہ پکڑ لی۔راہل نے پیروں کو جنبش دیے بغیر کھڑے کھڑے ڈرائیو کرنے کی کوشش کی لیکن فاسٹ بولر ہیزل ووڈ کی تیزی سے آف اسٹمپ سے باہر جانے والی گیند ان کے بلے کا باہری کنارہ چومتے ہوئے تیسری سلپ پر تعینات اینڈریو فنچ کے محفوظ ہاتھوں میں چپک گئی۔ انہوں نے 8گیندوں کا سامنا کر کے صرف 2رنز بنائے۔ چھٹا اوور ہی تھا کہ مرلی وجے بھی22گیندوں پر ایک چوکے کی مدد سے11رنز بنا کر داغ مفارقت دے گئے ۔

فاسٹ بولر اسٹارک کی 145کلو میٹر کی رفتار سے آنے والی گیند کو مرلی نے ڈرائیو کرنے کی کوشش کی لیکن رفتار سے چکمہ کھا گئے اور جب تک سنبھلتے گیند ان کے بلے کو چھوتے ہوئے وکٹ کیپر پین کے دستانوں میں پہنچ چکی تھی۔چار اوور بعد ہی ہندوستان کو وہ زبردست جھٹکا لگا جس کی ہر حریف ٹیم تمنا رکھتی ہے۔11ویں اوور کی تیسری گیند تھی کہ کپتان وراٹ کوہلی نے تیسرے فاسٹ بولر کمنز کی تھوڑا اچھال لیتے ہوئے آنے والی گیند کو گلی کی جانب کھیلا ۔لیکن وہاں عثمان خواجہ تعینات تھے۔جو ذرا سے چوکتے تو گیند باؤنڈری کی طرف دوڑتی نظر آتی لیکن خواجہ نے بائیں جانب غوطہ لگا کر اس شاٹ کو کیچ میں بدل کر آسٹریلیائی کرکٹ شوقینوں کو پنجوں پرکھڑا کر دیا۔ کوہلی نے 16گیندوں پر صرف تین رنز بنائے۔ابھی لنچ میں دیر تھی کہ ہندوستان کے نائب کپتان اجنکیا رہانے بھی اپنے ساتھیوں کے ساتھ بیٹھنے کے لیے پویلین واپس چلے گئے۔21ویں اور کی دوسری گیند پر بالکل راہل کی طرح آؤٹ ہوئے ۔

انہوں نے بھی ہیزل ووڈ کی فل لینتھ گیند کو جو دیر سے سوئنگ ہوئی، ڈرائیو کرنے کی کوشش کی لیکن گیند بلے کا واضح کنارہ چھوتے ہوئے دوسری سلپ میںتعینات ہینڈز کومب کے سر سے گزرنے ہی والی تھی کہ ہینڈزکوب نے اپنے ہینڈز بلند کرکے اسے کیچ کی شکل میں بدل دیا۔اجنکیا نے 31بالوں کا سامنا کیا اور ایک چھکا لگا کر 13رنز بنائے۔ا سکے بعد وکٹیں لینے کی ذمہ داری آف اسپنر لیون نے سنبھال لی اور انہوں نے روہت شرما اور رشبھ پنت کو علی الترتیب ہیرس اور پین کے اہتھوں کیچ آؤٹ کرایا۔

روہت نے 61گیندوں پر 37رنز بنائے اور دو چوکے اور تن چھکے لگائے۔ پنت نے دو چوکوں اور یک چھکے کے ساتھ 38گیندوں پر 25رنز بنائے۔دوسرے اینڈ پر ساتھیوں کو آؤغٹ ہوتا دیکھ رہے چتیشور پجارا کو آخر کار اشون کی شکل مین ایسا پارٹنر مل گیا جس کی مدد سے وہ ٹیم کا اسکور200کے نزدیک پہنچانے میں کامیاب ہو گئے۔ انہوں نے اشون کے ساتھ ساتویں وکٹ کے لیے 62رنز کی پارٹنر شپ کر کے اسکور189تک پہنچایا۔ اس اسکور پر اشون بھی حوصلہ ہار بیٹھے اور 76گیندوں پر 25رنز بنا کر کمنز کی گیند پر ہینڈز کومب کے ہاتھوں کیچ آؤ ٹ ہوگئے۔ انہوں نے صرف ایک چوکا لگایا۔آسٹریلیا کی طرف سے چاروں بولروں مشل اسٹارک، ہیزل ووڈ ، کمنز اور لیون نے دو دووکٹ لیے۔

Read all Latest sports news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from sports and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Cheteshwar pujara defies australia with brilliant century in Urdu | In Category: کھیل Sports Urdu News
What do you think? Write Your Comment