کلدیپ کی تباہ کن بولنگ اور راہل کی طوفانی سنچری کی بدولت ہندوستان نے انگلستان کو 8وکٹ سے ہرایا

مانچسٹر: چائنا مین اسپنر کلدیپ یادو کی تباہ کن بولنگ اور لوکیش راہل کی شاندار سنچری کی مدد سے ٹیم انڈیا نے انگلستان کو 8وکٹ سے شکست دے تین ٹونٹی ٹونٹی میچوں کی سریز میں1-0کی برتری حاصل کر لی۔

160کے تعاقب میں اگرچہ ہندوستان پہلے ہی اوور میں جارحانہ اندا ز میں بلے بازی کرنے والے افتتاحی بلے باز شکھر دھون کی وکٹ سے محروم ہو گیا تھا لیکن ساتھی افتتاحی بلے بازروہت شرما کو نوجوان بلے باز لوکیش راہل کی شکل میں ایک ایسا پارٹنر مل گیا جس نے انگلستان کے بولروں کی ایسی خبر لینا شروع کی کہ دوسرے اینڈ پر بیٹنگ کر رہے روہت کافی دیر تک محض تماشائی بنے رہے اور راہل حریف بولروں کی درگت بناتے ہوئے ان کی گیندوں کو کبھی فیلڈروں کے دائیں بائیں سے اور کبھی سر کے اوپر سے میدان کے چاروں طرف پہنچاتے رہے اور ٹیم کو تیزی کے ساتھ ہدف کے قریب تر کرتے رہے۔

راہل نے 54گیندوں پر10چوکوں اور5چھوں کی مدد سے101رنز بنائے ۔ انہوں نے روہت شرما کے ساتھ دوسرے وکٹ کے لیے 123رنز بنائے۔ 130کے مجموعے پر روہت لیگ اسپنر عادل رشید کی گیند پر ایکسٹرا کورمیں کپتان مورگن کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے ۔ انہوں نے 30گیندوں پر تین چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے32رنز بنائے۔روہت کے آؤٹ ہونے کے بعد کمان کپتان وراٹ کوہلی نے سنبھالی اور راہل کا برابر کا ساتھ دیتے ہوئے 22گیندوں پر 20رنز بنائے اوراپنی اس مختصر اننگز میں واحد چھکا لگا کر فتح کا بگل بجایا۔راہل اور کوہلی دونوں ہی غیر مفتوح رہے۔اس سے قبل چائنا مین بولر کلدیپ یادو کی تباہ کن بولنگ کے آگے انگلستان کے بلے بازوں کی ایک نہ چلی اور وہ ان کے آگے گھٹنے ٹیکتے چلے گئے حتیٰ کہ کلدیپ نے حال ہی میں خود کو دنیا کے بہترین ٹیسٹ بلے باز کے طور پر منوانے والے جان بیرسٹو اورجو روٹ کو لگاتا رگیندوں پر آؤٹ کر کے انہیں کلب کلاس بلے باز بنا دیا۔

دونوں بلے باز اپنا کھاتہ تک نہ کھول سکے۔ایک وقت جب پاور پلے کے5 اووروں میںہی بٹلر اور جیسن رائے نے اسکور 50تک پہنچا دیا تو ایسا محسوس ہو رہا تھا کہ میزبان ٹیم ایک بڑا اسکور بنانے میں کامیاب ہو جائے گی۔لیکن کلدیپ نے اٹیک پر آتے ہی نقشہ بدل دیا۔پہلے اوور میں انہوں نے صرف پانچ رنز دے کر پہلے تو انگلستان کے بلے بازوں کو آنکا اور اس کے بعد ہر اوور میں ایک دو دو وکٹ لے کر انگلستان کو راہ سے ایسا بھٹکایا کہ پھر رن اوسط8سے آگے نہ بڑھ سکا۔اور انگلستان8وکٹ کے نقصان پر صرف159رنز ہی بنا سکا۔ بٹلر 46گینوںپر 8چوکوں اور دو چھکوں کے ساتھ69رنز بنا کر نمایاں رہے۔جیسن رائے نے 20گیندوں پر 30رنز بنائے اور5چوکے لگائے۔ولی 15گیندوں پر دو چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے29رنز بنا کر ڈبل فیگر میں پہنچنے والے تیسرے بلے با زبنے۔ ہندوستانی بولنگ کا یہ کمال ہی تھا کہ انگلستان کے سات بلے باز دو عددی ہندسہ میں نہیں پہنچ سکے۔ کلدیپ یادو کو مین آ دی میچ قرار دیا گیا۔ انہوں نے 4اووروں میں25رنز کے عوض5اکٹ لیے۔امیش یادو نے دو اور ہاردیک پانڈیا نے ایک وکٹ لی۔

Read all Latest sports news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from sports and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Brilliant kuldeep yadav kl rahul give india winning start in Urdu | In Category: کھیل Sports Urdu News

Leave a Reply