پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 56رنز سے ہرایا، براؤ کی سنچری بھی کام نہ آئی

دوبئی: قومی ٹیم کے400ویں اور اپنے50ویں ٹیسٹ کو ٹریپل سنچری اور 56رنز کی شاندار جیت سے یادگار بناتے ہوئے مین آف دی میچ اظہر علی نے اپنے کپتان مصباح الحق کو ویسٹ انڈیز کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں کی سریز میں 1-0کی سبقت کا شاندار تحفہ دیا۔جس وقت اظہر کی302 رنز کی اننگز کی بدولت پاکستان نے تینوکٹ پر 579رنز بنا کر اننگز ڈکلیئر کی تو کسی کے وہم و گمان میں نہیں رہا ہوگا کہ پاکستان کے مضبوط باؤلنگ اٹیک کے خلاف ویسٹ انڈیز کے بلے باز زبردست مظاہرہ کرتے ہوئے میچ کو نہ صرف آخری دن کے آخری سیشن تک لے جائیںگے بلکہ ایک وقت میچ کو ایسادلچسپ موڑ دے دیں گے کہ ہار جیت کا فیصلہ دونوں ٹیموں کے حق میں ففٹی ففٹی نظر آنے لگے گا۔
چوتھی اننگز میں346رنز کے ٹارگٹ کا تعاقب کرتے ہوئے جس وقت 194پر ویسٹ انڈیز کے 6بلے باز آؤٹ ہو گئے تو میچ پر پاکستان کی مکمل گرفت نظر آرہی تھی ۔ لیکن جیسن ہولڈر اور ڈیرن براؤ کے ارادے کچھ دوسرے ہی نظر آرہے تھے۔ ان دونوں نے بڑی محتاط بلے بازی کرتے ہوئے پاکستان کے فاسٹ و اسپن بولروں کو حاوی نہ ہونے دیا اور ٹیم کو منزل کے اتنا قریب پہنچا دیا کہ پاکستانی خیمے میں کھلبلی مچ گئی اور کپتان مصباح الحق نے دستیاب اپنے تمام ہتھیار استعمال کرنا شروع کر دیے۔ لیکن کوئی خاطر خواہ کامیابی نہیں مل رہی تھی۔
لیکن 263کے اسکور پر یاسر شاہ نے ایک بار پھر اپنی انگلیوںکا کمال دکھایا اور پاکستان اور جیت کے درمیان سب سے بڑی رکاوٹ براؤکو اپنی ہی گیند پر بائیں جانب غوطہ لگا کر لپک کر پوری ٹیم کو خوشی سے بے قابو کر دیا۔ براؤ نے249بالوں کی اپنی اننگز میں10چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے116رنز بنائے۔اس کے بعد تو بلے باز کاغذی خانہ پری کرنے ہی آتے رہے۔اور 289کے اسکور پر بابر اعظم نے وکٹ کیپر سرفراز کے ہاتھوں گیبریل کو رن آؤٹ کراکے ویسٹ انڈیز کی اننگز تمام کر دی۔جیسن ہولڈر 127گیندوں پر تین چوکوں کے ساتھ40رنز بنا کر ناٹ آوؤٹ رہے۔پاکستان کی طرف سے محمد عامر 3وکٹ لے کر نمایاں رہے جبکہ یاسر شاہ اور وہاب ریاض کو دو دو اور نواز کو ایک وکٹ ملی۔اظہر علی کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

Read all Latest sports news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from sports and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Bravo makes pakistan toil for late victory in Urdu | In Category: کھیل Sports Urdu News

Leave a Reply