جب تک سرحد پار سے دہشت گردی جاری رہے گی ہند پاکستان دو طرفہ کرکٹ سریز معطل رہے گی:وجے گوئل

نئی دہلی: وزیر کھیل وجے گوئل نے ہند پاکستان دو طرفہ کرکٹ سریز کے حوالے سے حکومت کے موقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب تک پاکستان اپنی سرحد سے دہشت گردی نہیں بند کردیتا اس وقت تک دونوں ملکوں کے درمیان کرکٹ تعلقات بحال نہیں ہو سکتے۔واضح رہے کہ2007سے ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کوئی کرکٹ سریز نہیں ہوئی۔
تاہم 2012میں پاکستان نے ہندوستان کا ایک خیر سگالی دورہ کیا تھا جس میں اس نے تین ایک روزہ اور دو ٹونٹی ٹونٹی میچز کھیلے تھے۔گوئل کا یہ تبصرہ ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈکے نگراں سکریٹری امیتابھ چودھری کے اس بیان پر ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ہندوستان پاکستان کے خلاف کرکٹ سریز کھیلنے کامخالف نہیں ہے۔
مسٹر گوئل نے مزید کہا کہ ہندوستانی کرکٹ بورڈ کو ہند پاک سریز کے حوالے سے کوئی بھی تجویز پیش کرنے سے پہلے حکومت ہند سے بات کرنی چاہئے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان سرحد پار سے دہشت گردانہ حملے کرانے کے ساتھ ساتھ کشمیر میں دہشت گردی پھیلا رہا ہے۔ان حالات میں ہندوستان پاکستان کے ساتھ کوئی دو طرفہ کرکٹ تعلقات نہیں رکھ سکتا۔جہاں تک آئی سی سی کے زیر اہتمام ہونے والے کثیر ملکی کرکٹ مقابلے ہیں تو ہم اس میں کچھ نہیں کر سکتے۔ اس لیے دونوں ممالک ایسے ٹورنامنٹوںمیں ایک دوسرے کے خلاف کھیل سکتی ہیں۔

Title: bilateral series with pakistan difficult says vijay goel | In Category: کھیل  ( sports )

Leave a Reply