ایشیا کپ:یکطرفہ میچ میں ہندوستان نے پاکستان کو 8وکٹ سے ہرادیا

دوبئی: کپتان روہت شرما کیشاندار ہاف سنچری اور ساتھی افتتاحی بلے باز شکھر دھون اور مڈل آرڈر بلے بازوں انباٹی رائیڈو اور دنیش کارتک کی محتاط مگر سودمند بلے بازی کی بدولت ہندوستان نے پاکستان کے خلاف میچ کو یکطرفہ بنا کر 8وکٹ سے فتح حاصل کر لی۔

پاکستان کو میچ کے ہر شعبہ میں بری طرح مات دیتے ہوئے یہ میچ جیت کر ہندوستان نے گروپ اے میں اول پوزیشن حاصل کر لی۔165رنز ٹارگٹ کے تعاقب میں پاکستانی فاسٹ اٹیک ہندوستانی بیٹنگ کی بنیاد کو ہلا تک نہیں سکا اور افتتاحی بلے بازوں روہت اور شکھر نے پہلی وکٹ کی رفاقت میں86رنز بنا کر 13.1اووروں میں ہی نصف منزل طے کر کے مڈل آرڈر کو ایسی بنیاد فراہم کی کہ دوسرا نصف بھی مڈل آرڈر نے بغیر کسی دقت کے پورا کر کے ہندوستان کو 29ویں اوور مین ہی جیت سے ہمکنار کر دیا۔

روہت نے 39گیندوں پر 6چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے52اور شکھر نے 54بالوں پر چھ چوکوں اور ایک چھکے کے ساتھ46رنز بنائے جبکہ رائیڈو اور کارتک 31-31رنز بنا کر غیر مفتوح رہے۔ رائیڈو نے تین چوکے اور کارتک نے بھی تین چوکے اور ایک چھکا بھی لگایا۔ اس سے قبل پہلے فیلڈنگ کرتے ہوئے سوئنگ باؤلر بھونیشور کمار کی قیادت والے ہندوستانی باؤلنگ اٹیک نے پاکستانی بیٹنگ صف میں پہلے 5اووروں میں ہی افتتاحی بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھا کر زبردست جھٹکا دیا ۔

پاکستان کے بیٹنگ سنسنی قرار دیے جانے والے دونوں افتتاحی بلے باز امام الحق اور فخر زماں کے پاس بھونیشور کی چھوٹی گیندوں پر جس مین سوئنگ بھی شامل تھی کوئی توڑ نہیں تھا جس کی وجہ سے وہ دونوں ہی مجموعی اسکور کو ڈبل فیگر میں پہنچانے سے پہلے ہی پویلین سدھار گئے۔ ان دونوں کے اتنی جلد آؤٹ ہوجانے سے پاکستانی بیٹنگ صف میں ایسی بے ترتیبی ہوئی کہ بلے بازوں کو اننگز کو رفتار دینے کے بجائے اننگز سنبھالنے کے لیے جدوجد کرنے پر مجبور ہونا پڑا ۔ اور بابر اعظم شعیب ملک کے ساتھ کسی طرح دورسرے وکٹ کے لیے82رنز بنا کر مڈل آرڈر کے لیے ایک مضبوط پلیٹ فارم بنا گئے لیکن اسی اثنا میں کپتان روہت نے اسپن اٹیک شروع کر دیا اور چائنا مین کلدیپ یادو نے بابر اعظم کو انفرادی اسکور 47رنز پر کلین بولڈ کر کے پاکستان کو مزید پریشانی میں ڈال دیا۔

ابھی بابر کے صدمہ سے پاکستانی ٹیم ابھری بھی نہیں تھی اور اسکور ابھی100تک ہی پہنچا تھا کہ کپتان سرفرا ز اور پھر شعیب ملک کے آؤٹ ہوجانے سے پاکستان کے رہے سہے حوصلے بھی پست ہو گئے ۔ اور پاکستانی اننگز نے لرکھڑانا شروع کردیا ۔رہی سہی کسر بومرا نے اٹیک پر آکر کردی اور پاکستان کی پوری ٹیم43.1اوور میں ہی162رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

بھونیشور کمار کو تین وکٹ لینے پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ جادوکو بھی تین وکٹ ملے جبکہ بومراکو 2 اور کلدیپ کو ایک وکٹ ملی۔ شعیب رن آؤٹ ہوئے۔بابر 62گیندوں پر 6چوکوں کی مدد سے47رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ شعیب ملک نے 67گیندوں پر ایک چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 43 ، ،فہیم اشرف نے 44گیندوں پر 2چوکوں کی مدد سے21اور محمد عامر نے 26بالوں پر ایک چوکالگا کر 18رنز بنائے۔

Read all Latest sports news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from sports and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Bhuvneshwar jadhavs three wicket hauls set up easy win for india in Urdu | In Category: کھیل Sports Urdu News
What do you think? Write Your Comment