ہندوستانی کرکٹ بورڈ نے مہندر سنگھ دھونی کو پدم بھوشن کے لیے نامزد کیا

نئی دہلی: ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ نے سابق کرکٹ کپتان مہندر سنگھ دھونی کو کرکٹ کے تئیں بیش بہا خدمات کے اعتراف میں ملک کے اعلیٰ ترین غیر فوجی ایوارڈ ’پدم بھوشن ‘ سے سرفراز کرنے کی حکومت سے سفارش کی ہے۔بورڈ کے ایک سینیئر اہلکار نے اس بات کی تصدیق کی کہ بورڈ نے اس سال پدم بھوشن کے لیے صرف ایک ہی نام کی سفارش کی ہے اور ہندوستان کے سب سے کامیاب کپتان کو اس ایوارڈ کے لیے اتفاق رائے سے نامزد کیا گیا۔
36سالہ دھونی نے302ون ڈے میچز میں9737اور90ٹیسٹ میچز میں4876رنز بنائے ہیں۔ انہوں نے اس دوران ٹیسٹ میچوں میں 6اور ون ڈے میچز میں10سنچریاں بنائی ہیں۔بطور وکٹ کیپر دھونی نے ٹسیٹ میچز میں 256، ون ڈے میچوں میں285اور ٹی 20-میں 43کھلاڑیوں کو کیچ یا اسٹمپ کی شکل میں آؤٹ کیا ہے۔ دھونی ارجن ایوارڈ، راجیو گاندھی کھیل رتن ایوارڈ اور پدم شری ایوارڈ پا چکے ہیں۔اگر دھونی کو پدم بھوشن سے سرفراز کیا جاتا ہے تو وہ یہ ایوارڈ پانے والے 11ویں کرکٹر ہوں گے۔
دیگر کھلاڑیوں میں سچن ٹنڈولکر، کپل دیو، سنیل گواسکر، راہل دراوڑ، چندو بورڈے، ڈی بی ڈیوڈھر، سی کے نائیڈو، لالہ امرناتھ، راجہ بھلندر سنگھ آف پٹیالہ، اور 1936میں دورہ انگلستان میں ہندوستان کی قیادت کرنے والے مہاراجہ آف ویزیان گرام وجے آنند ہیں۔

Title: bcci nominates ms dhoni for padma bhushan award | In Category: کھیل  ( sports )

Leave a Reply