بیرسٹو کی سنچری نے ویسٹ انڈیز کو2019کے ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائنگ ٹورنامنٹ کھیلنے پر مجبور کر دیا

اولڈ ٹریفورڈ: (یو این آئی) مین آف دی میچ جان بیرسٹو کی شاندار سنچری اور جو روٹ کی ہاف سنچری اور ان دونوں کے درمیان دوسری وکٹ کے لیے125 رنوں کی شراکت کی بدولت انگلینڈ نے ویسٹ انڈیز کو سات وکٹ سے ہراکر پانچ ا یک روز ہ میچوں کی سیریز میں 1۔0 کی سبقت حاصل کرلی ہے۔ منگل کے روز کھیلے گیے اس میچ کو بارش کی وجہ سے 42۔42 اووروں کا کردیا گیا جس میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا۔ اس نے 42 اووروں میں نو وکٹ کھوکر 204 رن بنائے جسے انگلینڈ نے بیرسٹو کی ناٹ آؤٹ سنچری کی بدولت 30.5 اووروں میں تین وکٹ کے نقصان پر 210 رن بناکر سات وکٹ سے یہ میچ جیت لیا۔ اس شکست سے ویسٹ انڈیز کو زبردست جھٹکا لگا اب اسے عالمی کپ 2019 کا کوالیفائنگ ٹورنامنٹ کھیلنا پڑے گا۔ جیسن رائے کی جگہ اوپننگ کرنے والے بیرسٹو نے موقع کا شاندار فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنے ا یک روزہ میچوں کے کیرئیر کی پہلی سنچری بنائی۔ انہوں نے 97 گیندوں پر 11 چوکوں کی مدد سے 100 رن بنائے۔
بیئرسٹو کی اس شاندار کارکردگی کی وجہ سے انہیں مین آف دی میچ قرار دیاگیا۔ 27 سالہ بیرسٹو نے الیکس ہیلس (19) کے ساتھ پہلے وکٹ کے لئے 31، جو روٹ (54) کے ساتھ دوسرے وکٹ کے لئے 125رن، کپتان مورگن (10) کے ساتھ تیسرے وکٹ کے لئے 19 اور بین اسٹوکس (23) کے چوتھے وکٹ کے ساتھ 35 رنوں کی ناقابل شکست شراکت کی۔ ہیلس نے 14 گیندوں میں چار چوکوں کی مدد سے 19رن ، روٹ نے 53 گیندو ں میں چار چوکوں کی مدد سے 54 اورا سٹوکس نے 10 گیندوں میں ایک چوکے اور دو چھکوں کی بدولت 23 رنوں کی غیر مفتوح اننگز کھیلی۔ اسٹوکس نے چھکا لگاکر اپنی ٹیم کو سات وکٹ کی شاندار فتح دلائی۔ .قبل ازیں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرتے ہوئے کپتان جیسن ہولڈر (ناٹ آوٹ 42)،افتتاحی بلے باز کرس گیل (37) اور وکٹ کیپر بلے بازشائی ہوپ (35) کی شاندار اننگز کی بدولت 42 اووروں میں نو وکٹ پر 204 رن بنائے۔ 2015 کے ورلڈ کپ کے بعد سے اپنا پہلا یک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچ کھیل رہے گیل نے ایون لوئس (11) کے ساتھ 5.3 اووروں میں 45 رنوں کی شراکت کر کے ویسٹ انڈیز کو مضبوط شروعات دی۔
حالانکہ انگلینڈ نے ویسٹ انڈیز کو اس موقع کا فائدہ اٹھانے نہیں دیا اور میزبان ٹیم دو وکٹ کے نقصان پر 103 رنوں پر ہی لڑکھڑا گئی۔ ویسٹ انڈیا کے کپتان جیسن ہولڈر نے 41 رنوں کی تیز اننگز کھیل کر ٹیم کا اسکور42 اووروں میں 204 پر پہنچایا۔ گیل اور ہولڈر کے علاوہ شائی ہوپ نے 35 رنوں کا اپنا اہم تعاون دیا۔ گیل نے 27 گیندوں میں 37 رنوں کی زبردست باری کھیلتے ہوئے دو چوکے اور تین چھکے لگائے۔ ہوپ نے 57 گیندوں میں 4 چوکوں کی مدد سے 35 اور ہولڈر نے 33 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 41 رنوں میں پانچ چوکے لگائے۔ علاوہ ازیں پاویل نے 28 گیندوں میں دو چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 23 اور جیسن محمد نے 18 رن جوڑے۔ انگلینڈ کی جانب سے آل راؤنڈر بین اسٹوکس نے 43 رن دے کر تین وکٹ حاصل کیے جبکہ لیگ اسپنر عادل راشد اور تیز گیند باز کرس ووکس نے دو دو وکٹ لئے۔ ڈیوڈ ویلی اور معین علی نے ایک ایک وکٹ حاصل کیا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ون ڈے میچ 21 ستمبر کو ٹرینٹ برج میں کھیلا جائے گا۔

Read all Latest sports news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from sports and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Bairstows maiden century sends wi into world cup qualifiers in Urdu | In Category: کھیل Sports Urdu News

Leave a Reply