اشون کی تباہ کن بولنگ کی بدولت ہندوستان نے500واں ٹسٹ میچ197رنز سے جیت لیا

کانپور: کرکٹ کی دنیا میں ہندوستان کا سر ایک بار پھر اس وقت فخر سے بلند ہو گیاجب آف اسپنر روی چندر اشون نے اپنے ٹیسٹ کیریر میں19ویں بار پانچ یا اس سے زائد وکٹ لینے کا کارنامہ انجام دے کر وراٹ کوہلی کی قیادت میں ٹیم انڈیا کو500ویں ٹیسٹ میچ میں شاندار فتح سے ہمکنار کر دیا۔ اشون نے جیسے ہی اپنی چھٹی اور نیوزی لینڈکی دسویں وکٹ لی یہاں کا گرین پارک اسٹیڈیم تالیوں کی گڑگڑاہٹ سے گونج اٹھا ۔
یوں تو کیوی ٹیم 434کے ہدف کے تعاقب میں چوتھے روزہی محض97رنز پر صف اول کے چار بلے بازوں سے ہاتھ دھولینے کے باعث شکست کے دہانے پر پہنچ چکی تھی لیکن دیکھنا یہ تھا کہ پانچویں روز کیوی بلے باز کتنی دیر ہندوستانی اسپن اٹیک کے خلاف مزاحمت کر سکتے ہیں اور ٹیم انڈیا کو اس تاریخی ٹیسٹ میچ میں کتنے رنز کے فرق سے کامیابی ملتی ہے۔ٹیم انڈیا کی فتح کی جانب پیش قدمی کیوی ٹیم کے158رنز کے اسکور سے اس وقت شروع ہوئی جب لیفٹ آرم اسپنر رویندر جڈیجہ نے رونکی کو پوائنٹ پر اشون کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا۔رونکی نے 120گیندوں پر 9چوکوںاور ایک چھکے کی مدد سے80رنز بنائے۔ اس کے بعد فاسٹ بولر محمد شامی نے لگاتار اووروں میں والٹنگ اور کریگ کو پویلین کی راہ دکھا کر ٹیم انڈیا کو فتح کے کچھ اور قریب پہنچا دیا۔
رہی سہی کسر اشون نے اپنا اسپن جال بچھا کر پوری کر دی۔محمد شامی نے جیسے ہی والٹنگ اور کریگ کو آؤٹ کیا دوسرے اینڈ پر ہندوستانی بولروں کا ساڑھے تین گھنٹے تک ڈٹ کر مقابلہ کرنے والے سینٹنر بھی حوصلہ ہار گئے اور اشون کے چوتھے شکار بن گئے۔ انہون نے 208منٹ کی بلے بازی میں 179گیندوں کا سامنا کر کے سات چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے71رنز بنائے۔
انہوں نے رونکی کے ساتھ پانچویں وکٹ کے لیے 102رنز کی رفاقت بھی نبھائی تھی جس کے باعث نیو زی لینڈ کی ٹیم 200کا ہندسہ پار کرنے میں کامیاب ہو سکی۔ سینٹنر کے آؤٹ ہوتے ہی محض13رنز کے اضافہ کے بعد باقی بلے باز بھی اشون کے جال میں پھنس گئے اور نیو زی لینڈ کی پوری ٹیم 236رنز پر آؤٹ ہو گئی۔رویندر جڈیجہ کو ان کی شاندار آل راؤنڈکارکردگی کے باعث مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔واضح رہے کہ جڈیجہ نے ٹیم انڈیا کی پہلی اننگز میں42رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلنے کے بعد دوسری اننگز میں شاندار ہاف سنچری بنائی تھی اورمیچ میں 6وکٹ لیے تھے۔

Read all Latest sports news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from sports and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Ashwin six for wraps up 197 run win in Urdu | In Category: کھیل Sports Urdu News

Leave a Reply