اشون کے آل راؤنڈ کھیل سے ٹیم انڈیا کی ویسٹ انڈیز پر شاندار فتح

اینٹی گوا: اسٹار آف اسپنر اور مین آف دی میچ قرار دیے جانے والے روی چندرن اشون نے ٹیم انڈیا کی پہلی اور واحد اننگز میں سننچری بنانے کے بعد ویسٹ انڈیز کی دوسری اننگز میں 83رنز کے عوض 7وکٹ لے کرٹیم انڈیا کو میزبان ملک پر شاندار فتح دلادی ۔ویسٹ انڈیز کے خلافپہلے کرکٹ ٹیسٹ کے چوتھے ہی دن اننگز اور 92 رنز سےملنے والی اس فتح سے ٹیم انڈیا نے چار میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی سبقت حاصل کرلی۔ ہندستان کے آٹھ وکٹ پر 566 رنز پر اننگز کے خاتمے کے اعلان کے جواب میں ویسٹ انڈیز کی پہلی اننگز 243 رنز پر سمٹ گئی تھی اور اسے فالوآن کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
ویسٹ انڈیز کی دوسری اننگز بھی 231 رن سے آگے نہیں بڑھ سکی۔ ویسٹ انڈیز کو اننگز سے شکست دینے میں اشون کا بڑا کردار رہا جنہوں نے 83 رنز دے کر سات وکٹیں حاصل کیں۔ اشون کو پہلی اننگز میں 43 رنز دے کر کوئی وکٹ نہیں ملا تھا لیکن دوسری اننگز میں انہوں نے لنچ تک پانچ وکٹ اور چائے کے وقفہ کے بعد دو وکٹ لے کر کیریبیائی اننگز سمیٹ تمام کر دی۔ اشون نے پہلی اننگز میں شاندار سنچری جڑتے ہوئے 113 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی تھی۔ویسٹ انڈیز نے صبح ایک وکٹ پر 21 رن سے آگے کھیلنا شروع کیا اور لنچ تک ایک اور وکٹ گنوایا لیکن میزبان ٹیم نے لنچ کے بعد چھ وکٹ اور چائے کے وقفہ کے بعد دو وکٹ گنوا دیے۔
اشون نے لنچ کے بعد گرے چھ وکٹ میں پانچ وکٹ نکالے اور پھر چائے کے وقفہ کے بعد باقی دو وکٹ لے کر ہندستان کو ویسٹ انڈیز میں پہلی بار اننگز سے جیت دلا دی۔ ویسٹ انڈیز کی دوسری اننگز میں مارلین سیموئلز نے 50، کارلوس بریتھویٹ نے ناٹ آؤٹ 51 اور دویندر بشو نے 45 رنز بنائے۔ اشون کے سات وکٹ کے علاوہ فاسٹ بولر ایشانت شرما، امیش یادو اور امت مشرا نے ایک ایک وکٹ لیا۔ اس سے پہلے ہندستان کی پہلی اننگز کے آٹھ وکٹ پر 566 رن کے جواب میں ویسٹ انڈیز کی پہلی اننگز کل 243 رنز پر سمٹ گئی تھیں اور اسے فالوآن کھیلنے پر مجبور ہونا پڑا۔
پہلی اننگز میں ویسٹ انڈیز کی جانب سے کریگ بریتھویٹ نے سب سے زیادہ 74 رنز بنائے جبکہ شین ڈارچ نے اہم لمحات میں ناٹ آؤٹ 57 اور کپتان جیسن ہولڈر نے 36 رنز کی اننگز کھیلی لیکن اپنی ٹیم کو فالو آن سے بچانے میں کوئی بھی کھلاڑی کامیاب نہیں ہو سکا۔ بریتھویٹ نے 218 گیندوں میں سات چوکے، ڈارچ نے 79 گیندوں میں دس چوکے اور ہولڈر نے 52 گیندوں میں پانچ چوکے اور ایک چھکا اڑایا۔
میچ میں ڈبل سنچری بنانے والے ہندستانی ٹیسٹ کپتان وراٹ کوہلی (200) اور روی چندرن اشون کے 113 رنز کی مدد سے آٹھ وکٹ پر 566 رنز بنا کر پہلی اننگز کا اعلان کرنے کے بعد ٹیم انڈیا نے بولنگ میں بھی کمال کا مظاہرہ کیا اپنی ٹیم کو فتح دلائی۔ہندستان نے 10 سال بعد ویسٹ انڈیز کو اسی کے گھر میں فالوآن پر مجبور کیا ہے۔ اس سے پہلے 2006 میں گراس آئلیٹ میں کیریبیائی ٹیم فالوآن کھیلنے پرمجبور ہوئی تھی۔ ویسے اب تک یہ ٹیم تمام ٹیموں کے خلاف گھر میں آٹھ بار فالوآن کر چکی ہے۔ فالوآن کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز کی جانب سے دوسری اننگز میں کارلوس بریتھویٹ نے سب سے زیادہ ناقابل تسخیر51 رنز بنائے۔
انہوں نے 82 گیندوں میں تین چوکے اور دو چھکے لگائے۔ مارلین سیموئلز نے بھی نصف سنچری بنائی اور 85 گیندوں میں 11 چوکوں کی مدد سے 50 رنز بنائے۔ دویندر بشو نے 74 گیندوں میں چھ چوکے اور ایک چھکا اڑاتے ہوئے 45 رن اور اوپنر راجندر چندریکا نے 108 گیندوں میں پانچ چوکوں کے سہارے 31 رن بنائے۔ میزبان ٹیم کے پانچ کھلاڑی دہائی کے ہندسے تک بھی نہیں پہنچ سکے۔بشو اور کارلوس نے نویں وکٹ کے لیے 24.1 اوور میں 95 رنز جوڑے جو مہمان ٹیم کی دوسری اننگز میں سب سے بڑی شراکت رہی۔ اس سے پہلے چندریکا اور سیموئلز نے تیسرے وکٹ کے لئے 22 اوور میں 67 رن کی شراکت کی تھی۔(یواین آئی)

Read all Latest sports news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from sports and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Ashwin seals indias first innings win in wi in Urdu | In Category: کھیل Sports Urdu News

Leave a Reply